اسلام آباد (آن لائن) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ آئیندہ اجلاس تک موخر کردیا ہے جبکہ آئندہ اجلاس تک بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے نیپرا اور پاور ڈویڑن کو آئندہ 3سے 5سال کے لیے پالیسی بنانے کی ہدایت بھی کردی، پالیسی میں لائن لاسز اور بلوں کی وصولی کا لائحہ عمل بھی مرتب کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منگل کو ہوا، جس میں بجلی کے بلوں کی وصولی، بجلی لائن لاسز اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلا س میں وزراءاورواپڈا حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک ہفتے کیلئے مﺅخر کردیا،ای سی سی کے آئندہ اجلاس تک بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیرخزانہ اسد عمر نے نیپرا اور پاور ڈویژن کو آئندہ 3 یا 5 سال تک کیلئے پالیسی بنانے کی ہدایت کردی۔ اسد عمر نے کہا کہ پاور ڈویڑن اور نیپرا ایسی پالیسی بنائیں جس سے بجلی کے بلوں کی وصولی زیادہ سے زیادہ ہوسکے۔پالیسی میں لائن لاسز بھی کم سے کم کرنے کا لائحہ عمل بنایا جائے۔ واضح رہے بجلی کی قیمت میں 2 روپے سے زائد اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔تاہم حکومت نے فی الحال عوامی احتجاج کے پیش نظر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کوروک دیا ہے۔
