تازہ تر ین

وزیراعظم ، آرمی چیف ملاقات ، بھارتی دھمکیوں پر غور

اسلام آباد (صباح نیوز+ مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران خطہ کی مجموعی صورتحال، سلامتی صورتحال اور سکیورٹی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ترجمان وزیراعظم ہاوس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات کے دوران ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدوں کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں پیش رفت پر وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ ملاقات کے دوران نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ ملاقات میں بھارتی دھمکیوں کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں سیاسی اور عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطہ کی سلامتی کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق فاٹا ریفارمز کے حوالے سے حکومت نے جو حکمت عملی مرتب کی ہے کہ وہاں پر ترقیاتی کام فوری طور پر شروع ہو سکے۔ اس پر بھی میٹنگ میں تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم اورآرمی چیف نے بیرون ملک دوروں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔وزیر اعظم عمران خان آئندہ ماہ اکتوبر کے وسط میں چین کا دورہ کریں گے، دورہ کی حتمی تاریخ اور دوسری تفصیلات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔چین کا دورہ عمران خان کا وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد دوسرا غیر ملکی دورہ ہو گا۔حکومتی ذرائع کے مطابق عمران خان اکتوبر کے وسط میں چین کا دورہ کریں گے۔ دورہ میں وزیر اعظم کے ہمراہ اعلی سطحی وفد بھی چین جائے گا۔ تاحال یہ بات واضح نہیں کہ وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے وفد میں کون کون شامل ہو گا۔پاکستانی وفد چین میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں بھی شرکت کرے گا۔وزیراعظم اپنے دورہ کے دوران سی پیک کے منصوبوں میں تیزی لانے اور اور دو طرفہ معاشی تعاون پر بھی بات کریں گے۔دورہ چین میں چین کی قادت کے ساتھ اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان نے رواں ماہ کے وسط میں پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا۔ دو روزہ دورہ کے دوران عمران خان متحدہ عرب امارات بھی گئے تھے۔وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسد عمر اور وزیراطلاعات فواد چوہدری بھی عمران خان کے ہمراہ گئے تھے۔وزیراعظم کی سعودی عرب کے دورہ کے دوران سعودی قیادت سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات بہتر بنانے پر بات چیت ہوئی تھی۔ عمران خان نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔دورہ سے واپسی پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو سی پیک میں اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کی دعوت دی گئی ہے۔ جس کے تحت برادر اسلامی ملک مختلف منصوبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے بھی اپنے ایک بیان میں تصدیق کی تھیں کہ سعودی عرب مختلف منصوبوں پر سرمایہ کاری کرے گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی سرمایہ کاری کی مقدار کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain