ماڈل انعم تنولی کی موت سے متعلق حیرت انگیز انکشاف

کراچی (ویب ڈیسک )پاکستانی ماڈل انعم تنولی کی مرنے سے قبل کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ کہتی ہوئی نظرآرہی ہیں کہ وہ کس حد تک پریشانی اورڈپریشن میں مبتلا ہیں۔چند روز قبل 26 سالہ پاکستانی ماڈل انعم تنولی کی پھندا لگی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی تھی، خوبرو ماڈل کی اچانک موت پر شوبز فنکار حیران رہ گئے۔ انعم تنولی کی موت کی وجہ تو تاحال سامنے نہ آسکی تاہم ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ انہیں بہت زیادہ پریشان اورہراساں کیا جارہا ہے۔ویڈیو میں انعم تنولی کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ” ب±لی“ کرنا یعنی کسی کو اس حد تک پریشان کرنا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائے بہت بری چیز ہے۔ انہوں نے کہا لوگوں کی جانب سے پریشان کیا جانا اندر سے دکھی کردیتا ہے۔

 

نئے پاکستان کا نیا صدر عارف علوی

اسلام آباد، لاہور، پشاور (نیا اخبار رپورٹ) پاکستان کے 13 ویں صدر مملکت کا چناﺅ آج کیا جا رہا ہے۔ سینٹ، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان خفیہ رائے شماری سے نئے صدر مملکت کا انتخاب کریں گے، الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ ہاﺅس کا کنٹرول سنبھال لیا۔ حکومتی اتحاد کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کے مقابلے میں منقسم اپوزیشن کے دو امیدوار مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کے مولانا فضل الرحمان اور پیپلز پارٹ کے چودھری اعتزاز احسن صدارتی امیدوار ہیں۔ صدر مملکت کیلئے رائے شماری میں چاروں صوبائی اسمبلیاں اور قومی اسمبلی میں ہو گی، پولنگ کا عمل قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بیک وقت صبح 10 بجے شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک جاری رہے گا، انتخاب خفیہ رائے شماری کے تحت ہو گا اور ووٹ دکھا کر کاسٹ کرنا جرم قرار دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد اور دیگر چاروں ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان متعلقہ صوبائی اسمبلیوں میں بطور پریذائیڈنگ افسر ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن کا نام بیلٹ پیپر پر پہلے نمبر پر ہے۔ قومی اسمبلی، سینٹ اور بلوچستان اسمبلی کے ارکان کے ایک ایک ووٹ ہوں گے جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں ووٹوں کا تناسب بلوچستان اسمبلی کے ووٹوں سے نکالا جائیگا۔ اس فارمولے کے تحت پنجاب کے 5.7 ممبران کا ایک ووٹ تصویر ہو گا، سندھ اسمبلی 2.58 ممبران اور خیبرپختونخوا کے 1.9 ممبران اسمبلی کا ایک ووٹ شمار کیا جائے گا۔ اعداد و شمار کے مطابق صدر مملکت کیلئے حکومتی اتحاد کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ ایوانوں میں تحریک انصاف کے کل ارکان 448 ہیں اور اس کے پاس صدارتی انتخاب میں اپنے نامزد امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے 146 ووٹ ہیں۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کے ارکان کی کل تعداد 183 اور صدارتی ووٹ 116 ہیں۔ انتخاب میں متحدہ مجلس عمل، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس، مسلم لیگ (ق)، متحدہ قومی موﺅمنٹ، بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، جمہوری وطن پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، پختونخوا میپ اور آزاد امیدواروں کے 19 ووٹ بھی اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ نو منتخب صدر 9 ستمبر کو حلف اٹھائیں گے۔

 

سونا 500 روپے تولہ مہنگا

لاہور (خصوصی رپورٹ) صوبائی دارالحکومت کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی سونے کی قیمتوں میں 500 روپے فی تولہ اضافہ ہوگیا۔ خالص 24 قیراط فی تولہ سونا کی قیمت 58 ہزار 200 روپے اور 22 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 53 ہزار 350 روپے ہوگئی ہے۔

کیا بیوٹن شہرت کا گراف ٹی وی شو سے بڑھائیں گے

ماسکو( ویب ڈیسک )روس کے زیر کنٹرول ٹیلی ویڑن چینل نے اپنا نیا ہفتہ وار شو لانچ کردیا جس کا مقصد صدر ولادی میر پیوٹن کی کم ہوتی شہرت کو دوبارہ بڑھانا ہے۔اس شو کی پہلی قسط 2 ستمبر 2018 کو ‘روسیا ون چینل’ پر نشر ہوئی، جس میں ولادی میر پیوٹن کو روس کے خطے سائبیریا میں سڑک سے مشروم اکٹھے کرتے, کان میں کام کرنے والوں اور اسکول کے طلبہ کے ساتھ بات چیت کرتے دکھایا گیا۔ویسے تو روسی صدر پہلے سے ہی ریاستی خبروں کے بلیٹنز پر غالب ہیں، تاہم ماسکو کے سرکاری چینل پر نشر ہونے والے اس ایک گھنٹے دورانیے کے شو پر بھی پیوٹن کی سرگرمیوں کو نشر کیا جائے گا۔یہ غیر اعلانیہ شو ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پیوٹن کو انتہائی غیر مقبول پینشن اصلاحات کی وجہ سے ہزاروں روسیوں کے سڑکوں پر احتجاجی مظاہروں کا سامنا کرنا پڑا۔اس اقدام کی وجہ سے ان کی عوامی مقبولیت میں بھی ریکارڈ کمی واقع ہوئی تھی۔پروگرام کے زیادہ تر حصے میں کئی ہفتوں تک روس کی صفحہ اول کی خبر رہنے والی متنازع پینشن اصلاحات پر پیوٹن کے موقف کو سراہا گیا تھا۔

 

احسان مانی پی سی بی کے سربراہ بن گئے

لاہور (ویب ڈیسک ) احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔پی سی بی ہیڈکوارٹر میں آج نئے چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جانا تھا تاہم احسان مانی کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے جس کے بعد وہ بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔پی سی بی کے قانون کے مطابق احسان مانی آئندہ 3 برس تک چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔اس سے قبل کرکٹ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد احسان مانی کو کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین نامزد کیا تھا تاہم بعدازاں غلطی کا احساس ہونے پر انہیں گورننگ باڈی کا ممبر بنانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے ممبرز کی تعداد 10 ہے جس میں دو براہ راست وزیراعظم یعنی پی سی بی کا پیٹرن مقرر کرتا ہے جب کہ دیگر 8 ریجنز اور ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منتخب ہوکر بورڈ کا حصہ بنتے ہیں۔چیئرمین پی سی بی کا انتخاب گورننگ بورڈ کے ممبران اپنے ووٹ کے ذریعے کرتے ہیں۔یاد رہے کہ احسان مانی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے صدر کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

” حساب کتاب شروع “ ریلوے کے کونسے افسران کی چھٹی ہونیوالی ہے ، فہرست آ گئی

لاہور (ویب ڈیسک ) وزیرریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایات پر پاکستان ریلوے میں لاکھوں روپے تنخواہیں لینے والے مینجمنٹ پوزیشن اسکیل افسران کی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں۔وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے چند روز پہلے کہا تھا کہ 7،7 لاکھ روپے تنخواہیں لینے والے آئندہ ہفتے تک خود ہی استعفی دے جائیں ،اس حوالے سے کھوج لگائی تو معلوم ہوا کہ ریلوے میں مجموعی طور پر 16 افسران ایم پی اسکیل پر کام کررہے ہیں ان میں سے پانچ افسران ایم پی اسکیل 3 جبکہ 11 افسران ایم پی اسکیل 2 پر کام کررہے ہیں ، ان افسران کو آئی ٹی اور شعبہ تعلقات عامہ میں لاکھوں روپے تنخواہ پر رکھا گیا تھا۔ ریکارڈ کے مطابق فہد رحیم ڈائریکٹر آئی ٹی میجنمٹ پوزیشن 2 کے تحت ماہانہ 3 لاکھ ، 92 ہزار 580 روپے تنخواہ لے رہے تھے جب کہ انہیں کم ازکم 40 ہزار روپے ٹی اے ، ڈے اے کی مد میں ملتا تھا، پروگرام منیجر محمدعثمان ایم پی ٹو اسکیل کے تحت 2 لاکھ، 87 ہزار810 روپے ماہانہ بنیادی تنخواہ لیتے ہیں ، محمدعلی عمران ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی ، محمدراحیل پروگرام منیجر، محمداویس ظفر سافٹ ویئر انجینئر، بھجت فاطمہ سافٹ وئیرانجینئر، سعید اقبال سافٹ وئیرانجینئر اورفقیر الرحمن سافٹ وئیرانجینئر مینجمنٹ پوزیشن 2 اسکیل کے تحت 2 لاکھ، 69 ہزار 660 روپے ماہانہ بنیادی تنخواہ لیتے ہیں جبکہ ٹی اے ڈی اے ، ہاو¿س رینٹ ، ٹرانسپورٹ سمیت دیگرمراعات بھی لاکھوں روپے میں ہیں۔طاہر پرویزایم پی 2 اسکیل 4 لاکھ، 14 ہزار 850 روپے بنیادی تنخواہ لے رہے تھے، ای?ڈوائزر ٹو چیئرمین ریلوے عاصمہ تنویر 2 لاکھ 49 ہزار 35 روپے بنیادی تنخواہ لے رہی ہیں، خرم شہزاد، عثمان خان اورسلیم قاضی بھی بطورای?ڈوائزر 2 لاکھ 49 ہزار35 روپے بنیادی تنخواہ وصول کررہے ہیں۔عبدالروف طاہر کچھ عرصہ پہلے ریلوے کوخیرباد کہہ گئے تھے جبکہ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نجم ولی بھی اپنے عہدے سے استعفی دے چکے ہیں ، اسی طرح ڈائریکٹرایجوکیشن ڈاکٹر فرحان عبادت نے بھی اپنا عہدہ چھوڑدیاہے ، ان افسران کو مختلف محکموں سے ڈیپوٹیشن پرریلوے میں لایا گیا تھا ، ان میں سے کئی ایسے ہیں جو چیئرمین ریلوے سے بھی زیادہ تنخواہ وصول کررہے تھے۔

آسٹریلیا میرا گھر ہے: سینیٹر مہرین

سڈنی (ٹرینڈی ایڈیٹررپورٹ) آسٹریلیا کی پہلی مسلمان سینیٹر مہرین فاروقی نے ملکی میڈیا اور سیاستدانوں کی طرف سے نسل پرستی کا رجحان معمول بننے کے عمل کو خطرناک قرار دے دیا۔ پاکستان کے شہر لاہور سے آسٹریلیا منتقل ہونے والی سول انجینئر نے سینٹ میں کی جانے والی پہلی تقریرکے دوران کہاکہ انہیں نیوساو¿تھ ویلزکے ایوان بالا میں نسل پرستانہ اور اپنی جنس کے متعلق پیغامات اور خطوط کا سامنا کرنا پڑا، تاہم سینٹ میں میرا پہنچنا کسی کیلئے توہین ہے۔ مسلمانوں کے پاس نہ صرف اپنا وجود برقرار رکھنے بلکہ عوامی مباحثوں میں بولنے کی بھی جرات ہے۔کچھ سیاستدان ہمیں کاکروچ کہہ کر بلاتے ہیں،کچھ کہتے ہیں مسلمان ایک بیماری ہے ،جس کی آسٹریلیا کو ویکسی نیشن کرانے کی ضرورت ہے،کچھ کے نزدیک مسلمانوں پر آسٹریلیا اپنا وطن بنانے کی پابندی لگا دی جائے۔ جب مسلمان اس نسل پرستی کیخلاف بولتے ہیں توان کی مذمت اور تنقیدکی جاتی ہے مگر ہم خاموش نہیں رہیں گے ، ہم بولیں گے، آسٹریلیا ہمارا وطن ہے اورہم یہاں سے جانے والے نہیں۔

 

ملائیشیا میں ہم جنس پرست خواتین کو سرعام کوڑے

کوالا لمپور(آئی این پی ) ملائیشیا میں شرعی عدالت کے حکم پر دو ہم جنس پرست خواتین کو سر عام کوڑے مارے گئے۔ پیر کوبین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کی شرعی عدالت نے 22 اور 32 سالہ خواتین کو ہم جنس پرستی میں ملوث پائے جانے پر سرعام چھ چھ بار کوڑے لگانے اور 3 ہزار 300 رنگٹ جرمانے کی سزا سنائی تھی جس پر خواتین کو سیکڑوں افراد کی موجودگی میں کوڑے مارے گئے۔رواں برس اپریل میں اسلامک انفورسمنٹ فورس کے افسران نے دونوں خواتین کو عوامی مقام پر کھڑی کار میں قابل اعتراض حالت میں پائے جانے پر حراست میں لیا تھا اور اسلامی قوانین کی خلاف ورزی کے جرم میں شرعی عدالت میں پیش کیا تھا۔ عدالتی حکم پر دونوں خواتین کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے خواتین کو سر عام کوڑے لگانے کی سزا کی مخالفت کرتے ہوئے اس عمل کی مذمت کی تاہم حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سرعام سزا دینے کا مقصد لوگوں کو عبرت دلانا ہے، یہ طریقہ جرائم کے پھیلاو میں کمی کا باعث بنتا ہے۔واضح رہے کہ ملائیشیا میں مجرموں کو سزا دینے کے لیے روایتی چمڑے کے کوڑوں کے بجائے باریک اور لچکدار چھڑی استعمال کی جاتی ہے جس کی ضرب کوڑے کی طرح ہی تکلیف دہ ہوتی ہے۔

 

سڑک 2میں چھوٹی بہن جلوہ گر ہونگی

لاہور( ویب ڈیسک ) بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے ہندی سینما میں اپنے کیریئر کا آغاز 2012 میں کیا، تاہم انہوں نے اب تک کسی بھی فلم میں اپنے والد پروڈیوسر اور ہدایت کار مہیش بھٹ کے ساتھ کام نہیں کیا۔تاہم اب فلم فیئر کی رپورٹ کے مطابق عالیہ بھٹ بہت جلد فلم ’سڑک 2‘ میں کام کرتی نظر آئیں گی، جس کی ہدایت کاری کوئی اور نہیں بلکہ ان کے والد مہیش بھٹ کرتے نظر آئیں گے جبکہ پروڈکشن مکیش بھٹ کریں گے۔یاد رہے کہ فلم ’سڑک 2‘ 26 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم سڑک‘ کا سیکوئل ہے۔اس فلم میں سنجے دت اور عالیہ کی بڑی بہن پوجا بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ عالیہ نے فلم سائن کرلی ہے، جبکہ وہ اس کی شوٹنگ کا آغاز بھی جلد کریں گی۔ان کے ساتھ ساتھ سنجے دت اور پوجا بھٹ بھی دوبارہ اس فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے۔خیال رہے کہ ایک انٹرویو میں مہیش بھٹ کا فلم ’سڑک‘ کے سیکوئل کے حوالے سے کہنا تھا کہ سنجے دت اس فلم میں بھی وہی کردار ادا کریں گے جو انہوں نے پہلی فلم میں ادا کیا تھا تاہم اس فلم میں دور نیا دکھایا جائے گا۔خیال رہے کہ عالیہ بھٹ سڑک 2 کے علاوہ براہمسٹرا، گلی بوائے، تخت اور کلنک جیسی بڑی فلموں کا بھی حصہ بننے جارہی ہیں۔

 

عاطف اسلم اور لتا منگیشکرمیں ٹھن گئی

پاکستان (ویب ڈیسک )پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا بولی وڈ کی ایک اور فلم کے لیے گایا گانا ’چلتے چلتے‘ ریلیز ہوگیا، تاہم ہندوستان کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر اس سے خوش نہیں۔دراصل عاطف کا یہ گانا 1972 میں ریلیز ہوئی فلم ’پاکیزہ‘ کے گانے ’چلتے چلتے‘ کا ریمکس ہے۔ماضی کے اس کامیاب گانے کی گلوکارہ لتا منگیشکر نے کی تھی جبکہ اسے غلام محمد نے کمپوز کیا تھا۔اس گانے کا ریمکس رواں سال ستمبر میں ریلیز ہونے والی فلم ’مترون‘ میں شامل کیا گیا ہے، جس میں اداکار جیکی بھگنانی اور کریتیکا کمرا اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔اس فلم میں عاطف اسلم نے ماضی کے اس کامیاب گانے کو نئے انداز میں گایا، جس کی کمپوزیشن تنشک بغچی نے کی۔چلتے چلتے کے ریمکس کے حوالے سے جب لتا منگیشکر سے پوچھا گیا تو گلوکارہ نے گانے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے سننے سے منع کردیا۔لتا کا کہنا تھا کہ ’خوش قسمتی سے میں نے یہ گانا نہیں سنا، اور نہ ہی میں سننا چاہوں گی، یہ پرانے گانوں کو ریمکس کرکے نئے انداز میں ریلیز کرنے کا ٹرینڈ مجھے سمجھ نہیں آتا، محنت کی کوئی قیمت نہیں؟ ماضی کے ایسے بہترین گانوں سے محبت نہیں، میں نے تو یہ بھی سنا تھا کہ گانے کے بول بھی تبدیل کردیے گئے ہیں، لیکن اجازت کس سے لی گئی؟‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’اس گانے کے اصل شاعر اور کمپوزرز نے اسے تیار کیا، کسی کو اجازت نہیں کہ اسے تبدیل کریں‘۔گلوکار بابل سپریو کا کہنا تھا کہ ’بحیثیت ایک گلوکار میں اپنے افسوس کا اظہار کرنے کے لیے اس گانے پر کمنٹ کرنے کے بجائے دو منٹ کی خاموشی اختیار کروں گا‘۔یاد رہے کہ حال ہی میں گلوکارہ ایلکا یاگنک کے کامیاب گانے ’دلبر دلبر‘ کو ریمکس کرکے بولی وڈ فلم ’ستی میواجیت‘ کا حصہ بنایا گیا۔اس پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ایلکا کا کہنا تھا کہ ’یہ لوگ نیا گانا بنا کر اسے کیوں سپرہٹ نہیں بناتے؟ بجائے اس کے کہ پہلے سے ہٹ گانے کا انتخاب کریں، اسے تبدیل کریں اور پھر کہیں کہ کتنا مقبول ہوگیا، چلیں ہمارے گانوں کے ساتھ تو یہ ظلم کرتے ہیں لیکن اب انہیں نے لتا دی دی کے ساتھ بھی ایسا کرنا شروع کردیا‘۔