پاکستانی اسٹارٹ اپ نے بین الاقوامی ایوارڈاپنے نام کر لیا

لاہور (ویب ڈیسک)صحت سے متعلق پاکستانی اسٹارٹ اپ ’مرہم‘ نے شنگھائی میں ہونے والے گوگل ڈیمو ڈے ایشیا میں آڈیئنس چوائس ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ایونٹ میں شرکاء کو دس اسٹارٹ اپس میں سے اپنے پسندیدہ کا انتخاب کرنے کا موقع دیا گیا تھا جس میں سے انہوں نے پاکستانی اسٹارٹ اپ کو اپنا پسندیدہ قرار دیا۔’مرہم‘ کے ذریعے پاکستان میں عوام آن لائن ڈاکٹرز سے رابطہ کرسکتے ہیں، ان کو ڈھونڈ سکتا ہیں یا ان کی خدمات حاصل کرنے کے لیے وقت لے سکتے ہیں۔یہ اسٹارٹ اپ تین سال قبل شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد پاکستان میں لوگوں کے صحت کے شعبے کے حوالے سے تجربے کو بہتر بنانا تھا۔اسٹارٹ اپ کے بانی احسن امام کا کہنا ہے کہ ان اس ایوارڈ کا کریڈٹ اپنی پوری ٹیم کو دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کا بعد ہمارے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں اور پاکستان کے لیے مزید موثر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ’مرہم‘ وہ واحد پاکستانی اسٹارٹ اپ تھا جسے گوگل ڈیمو ڈے میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

میگا کرپشن، سابق چیف جسٹس کا داماد گرفتار

اسلام آباد(ویب ڈیسک )ایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کے مبینہ فراڈ سے متعلق مقدمے میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے داماد مرتضیٰ کو دبئی میں گرفتار کرلیا گیا۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مقدمے میں بڑا بریک تھرو ہوا ہے اور سابق چیف جسٹس کے داماد مرتضیٰ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے دبئی سے گرفتار کرلیا ہے، جن کے وارنٹ قومی احتساب بیورو (نیب) نے جاری کیے تھے۔کیس کا پس منظر بتاتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی میں فراڈ کے نتیجے میں 200 سے 300 لوگ متاثر ہوئے تھے، جن کی ساری زندگی کی جمع پونجی ڈوب گئی تھی۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے حیران کن فیصلہ کیا اور ایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں اپنے پاس لگوا کر اپنے سمدھی کو ریلیف فراہم کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس کیس میں افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار، ان کی صاحبزادی اور سمدھی بھی نامزد ہیں۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے 24 گھنٹے میں اس سلسلے میں حتمی اور فیصلہ کن رپورٹ طلب کرلی ہے۔واضح رہے کہ حکومت میں آنے سے قبل رواں برس جون میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو خط لکھ کر ایڈن ہاو¿سنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کے مبینہ فراڈ پر سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری، ان کی صاحبزادی، داماد اور سمدھی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

سوشل میڈیا نے اداکار کا شائقین سے اپنی اداکاری کے متعلق رائے لینا آسان کر دیا ہے: ابھیشیک بچن

ممبئی( ویب ڈیسک) بالی وڈ کے اداکار ابھیشیک بچن کا کہنا ہے کہ آج کے دور مداحوں سے سوشل میڈیا کے ذریعے اداکاروں کا اپنے متعلق رائے لیناآ سان ہوگیا ہے۔ اداکار ابھیشیک بچن نے ایک تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پرانے دور کی نسبت اداکار سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی اداکاری کے متعلق شائقین سے آ گا ہی حاصل کر رہے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ وہ تب کام کرنا زیادہ پسند کرتے ہیں جب ان کو لگے کہ ان کے مداح ان کو دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کے کام کے متعلق ان کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد امیتابھ بچن کی طرح خود کو مداحوں کی پسند کے مطابق ڈھالنے کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ جب ان کو لگتا ہے کہ ان کے شائقین ان کو رومانوی کرداروں میں دیکھنا چاہتے ہیں اورہ اس کردار کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں، اداکار ابھیشیک بچن فلم ”گلاب جامن“ میں اپنی بیوی ایشوریا رائے بچن کے ساتھ دکھائی دیں گے۔

نیپرا نے عوام پر بجلی بم گرا دیا ،فی یونٹ ایک روپے 16پیسے مہنگی

اسلام آبادنیپرا نے بجلی ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔واضح رہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ ڈیڑھ روپے مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی تاہم نیپرا نے ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی ،بجلی کی قیمت میں اضافہ اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے،نیپرا کے مطابق اگست میں بجلی کی پیداوار ی لاگت 5 روپے 91 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ صارفین سے اگست میں 4 روپے 75پیسے وصول کئے گئے صارفین پر آئندہ ماہ 16 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

ویسٹ انڈین ویمنزنے پروٹیز کو پہلا ٹی 20ہرادیا،سٹیفنی ٹیلرکے3شکار

برج ٹاﺅن(آئی این پی) ویسٹ انڈین ویمن نے جنوبی افریقہ ویمن کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 17 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، جنوبی افریقن ٹیم 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 107 رنز بنا سکی، سٹیفنی ٹیلر نے 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔نتاشا میک لین کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔برج ٹاﺅن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈین ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 124 رنز بنائے، نتاشا میک لین 38 رنز بنا کر نمایاں رہیں، سیرا سمتھ اور زنٹل مالی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، جواب میں جنوبی افریقن ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 107 رنز تک محدود رہی، مریزن کیپ 30 رنز بنا کر نمایاں رہیں، سٹیفنی ٹیلر نے 3 وکٹیں لیں۔

ضمنی الیکشن میں قیادت کی عدم دلچسپی ن لیگ کیلئے خطرناک

لاہور (حسنین اخلاق) مسلم لیگ ن کے امیدوراران نے موثر انتخابی مہم چلانے میں ساتھ نہ دینے پر قیادت سے احتجاج کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بطور امیدوار کھڑے رہنماﺅں نے جماعت کی اعلیٰ قیادت کی ضمنی انتخاب میں عدم دلچسپی کو الیکشن مہم کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ اگر جماعت کے قائدین نے انتخابی سیاست نہیں کرنی تو انہیں پارٹی ٹکٹ کیوں دئیے گئے ہیں۔یہ ضروری ہے کہ اعلیٰ قیادت خود ان علاقوں اور حلقوں کا دورہ کریں جہاں ضمنی انتخاب ہونگے اور آپ کے متحرک نہ ہونے کی وجہ سے مسلم لیگ ن کو بری طرح سے شکست کاسامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان امیدواروں نے یہ شکوہ بھی کیا کہ صرف لاہور کے حلقوں پر توجہ دی جارہی ہے اور دوسرے اضلاع اور صوبوں میں الیکشن مہم نہ ہونے کے برابر چلائی جارہی ہےاور نہ ہی اس حوالے سے پارٹی کی جانب سے کوئی منظم کوشش کی گئی ہے جیسا کہ ماضی میں ہوتا رہا ہے۔ یاد رہے کہ ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف اپنی اہلیہ کی وفات کے باعث سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے رہے ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پارٹی کے صدر میاں شہباز شریف بھی عام انتخابات کے بعد زیادہ تراسلام آباد ہی میںرہتے ہیں اور بطور رکن اسمبلی بھی وہ الیکشن مہم کا براہ راست حصہ نہیں بن سکتے۔ لیکن حیرت انگیز امر یہ ہے کہ باقی سینئر رہنمابھی ضمنی انتخاب کے حوالے سے دلچسپی نہیں لے رہے ہیں، صرف لاہور میں خواجہ سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی کے علاوہ کوئی امیدوار متحرک نہیں نظر آرہا ہے۔

طاہر القادری کا ہا ئیکورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کا اعلان

لاہور)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ کیس میں ملازم طلب کئے گئے لیکن مالکان کو نہیں ،عوامی تحریک لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرے گی اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے مظلوموں کو انصاف دلانے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے ۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف، سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف اور سابق وزراءکی طلبی سے متعلق عوامی تحریک کی درخواست خارج کردی اور سابق آئی جی مشتاق سکھیرا کو پیش کرنے کا حکم دے دیاہے ۔

ڈاکٹر صاحب آنکھیں اور کان کھلی رکھیں ،چیف جسٹس معروف اینکر پر برہم

اسلام آباد()پی ٹی وی کرپشن کیس میں ملزم ڈاکٹرشاہدمسعودخصوصی عدالت میں پیش ہو گئے ۔خصوصی عدالت کی جج ارم نیاز ی نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت پرپیش کیوں نہیں ہوئے؟اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ میں شہرمیں نہیں تھااس لیے پیش نہ ہوسکا۔جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی سماعت کوچھوڑیں آج بھی آپ وقت پرنہیں آئے،جب کیس کال ہوا آپ کہاں تھے؟،شاہد مسعود نے کہا کہ میں باہرہی کھڑاتھا،اس پر جج نے کہ اکہ آنکھیں اورکان کھول کررکھیں۔

قطر نے پاکستان کے لیے چونکا دینے والا اعلان کر دیا ،ایک لاکھ ہنر مندوں کے لیے خوشخبری

نیو یارک(ویب ڈیسک) قطرنے پاکستان کے ایک لاکھ ہنرمند افراد کو ملازمتیں دینے کی پیشکش کردی۔ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی قطری ہم منصب محمد بن عبدالرحمن سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے اتفاق کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور قطری ہم منصب کے درمیان ملاقات میں خارجہ امور پر گفتگو ہوئی اور اس دوران قطری وزیر خارجہ نے ایک لاکھ ہنرمند پاکستانیوں کو ملازمتیں دینے کی پیشکش بھی کی۔

نشے کے لئے دنیا کے خطرناک ترین سانپ کوبرا سے ڈسوانے وا لے شخص نے سنسنی پھیلا دی

راجستھان(ویب ڈیسک)بھارت سے یہ حیرت انگیز خبر آئی ہے کہ نشے کے عادی ایک شخص کو جب کسی نشے میں سرور نہ ملا تو اس نے دنیا کے خطرناک ترین سانپ کوبرا سے خود کو ڈسوانا شروع کردیا، اب وہ کوبرا سے اپنی زبان پر ڈسواتا ہے جس سے اس پر نشہ طاری ہوجاتا ہے۔اس خبر کی تفصیل بھارتی سائنسی رسالے، انڈین جرنل آف سائیکولوجیکل میڈیسن میں شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوبرا سانپ کا زہر زمین پر طاقتور ترین نیورو ٹاکسن (اعصابی زہر) ہوتا ہے جو 20 انسانوں یا ایک ہاتھی تک کو ہلاک کرسکتا ہے لیکن راجستھان کا رہائشی نشے کےلیے کوبرا سانپ کو بار بار اپنی زبان پر ڈسواتا ہے۔
33 سالہ نامعلوم شخص نے 15 سال کی عمر میں تمباکو نوشی پھر 18 سال میں شراب پینی شروع کی۔ اس کے بعد وہ طرح طرح کے نشے استعمال کرتا رہا لیکن کچھ وقت بعد اس پر ہر نشہ بے اثر ہوتا رہا اور اس کا سرور جاتا رہا ہے۔ اس کے بعد اس نے کوبرا سانپ کا رخ کیا اور یہ سلسلہ کئی برس سے جاری ہے