لاہور(ویب ڈیسک) قومی کھیل کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں آئندہ چند روز تک بلائے جانے والے اجلاس کی صدارت صدر فیڈریشن بریگیڈیئر خالد کھوکھر کریں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری فیڈریشن شہباز سینئر سمیت خزانچی فیڈریشن، چاروں صوبوں کے سیکرٹریزصاحبان چیئرپرسن پی ایچ ویمن ونگ، ڈپارٹمنٹس کے2 نمائندے اور 3 ٹیکنوکریٹس شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں انکوائری کمیٹی برطرف ڈائریکٹر ڈومیسٹک نوید عالم کے بارے میں اپنی رپورٹ بھی پیش کرے گی۔ اجلاس میں ایشین چیمپئن ٹرافی اور ورلڈ کپ کی تیاریوں اور فیڈریشن کو درپیش مالی مسائل کا جائزہ لے کر حکومت سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں سیکرٹری فیڈریشن قومی ٹیموں کی عالمی ایونٹس میں کارکردگی اور خزانچی اپنی سالانہ رپورٹ بھی پیش کریں گے۔