لاہور، کراچی، اسلام آباد (نمائندگان خبریں) ضمنی الیکشن میں فتح کے بعد پاکستان کی دونوں بڑی جماعتوں کاجشن دونوں پارٹیاں اپنے امیدواروں کی جیت پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ اسلام آباد میں اور راولپنڈی میں تحریک انصاف کے امیدواروں سرورخان کے بیٹے اور شیخ رشید کے بھتیجے کی جیت کے جشن کا سماں دیکھنے کو ملا۔ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور بھنگڑے ڈالے گئے۔ لاہور میں قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر ن لیگ کی فتح کے بعد ن لیگ کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور اپنے امیدواروں کی جیت کا خوب جشن منایا۔ اسی طرح پنجاب کے دوسرے شہروں میں دونوں بڑی پارٹیو ںکے امیدواروں کی فتح کی خوشی میں کارکن خوشی سے جھوم اٹھے۔ بھنگڑے ڈالے اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے۔ کراچی سے اطلاعات کے مطابق پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے اپنے دو صوبائی امیدواروں کی الیکشن میں کامیابی پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور سڑکوں پر رقص دیکھنے میں آیا۔ خیبر پی کے میں اے این پی نے بھی صوبائی نشستوں پر کامیابی کا دل کھول کر جشن منایا۔
