اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ جمہوریت پسند آرمی چیف ہیں۔ نواز شریف اور زرداری دور میں ضیا دور سے بھی زیادہ انتقامی کارروائیاں ہوئیں۔ برطانوی اخبار کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ پاک فوج کے ارادوں کی غلط تصویر کشی کی جاتی ہے۔ اس وقت پاک فوج ملک میں سول حکمرانی کی محافظ ہے۔ ماضی کے کئی فوجی حکمران بھی ملک کی کئی سول حکومتوں کی نسبت کم سخت گیر تھے۔ فوج نے انتخابات کے عمل کو سکیورٹی فراہم کی۔ الیکشن مہم کے دوران کئی قتل ہوئے میری زندگی کو شدید خطرات لاحق تھے۔ فوج نے ہی مجھے سکیورٹی دی سی پیک منصوبے نے پاکستان کو ٹیک آف کا موقع دیا ہے۔ گیس کی اور بجلی کی قیمتیں بڑھانا پڑیں گی۔ عوام تبدیلیاں دیکھیں گے تو انہیں پتہ چلے گا کہ تھوڑے وقت کیلئے مشکل ہے وہ اپنا پرانا وقت بھول جائیں گے۔