راولپنڈی(ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی مہم جوئی کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر بتایا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور ایل او سی پر تعینات اہلکاروں اور افسران سے ملاقات کی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج خطے کے امن و استحکام پر یقین رکھتی ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی مہم جوئی کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔سربراہ پاک فوج نے تنازع کشمیر کو برصغیر کا نامکمل ایجنڈا اور حل طلب مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے بنیادی حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔خیال رہے کہ پچھلے چند ماہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جارحیت میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور بھارتی فورسز نے نام نہاد آپریشن اور محاصروں کی آڑ میں پی ایچ ڈی اسکالرز کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔رواں ماہ کے دوران بھارتی فورسز کی سفاکانہ کارروائیوں میں اب تک 15 کشمیری شہید اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔گزشتہ روز بھی بھارتی فورسز نے ایک پی ایچ ڈی اسکالر سبزار احمد صوفی سمیت دو کشمیریوں کو شہید کیا تھا جب کہ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آج بھی مقبوضہ بھارتی فورسز نے بارہ مولا میں 2 اور اننت نگر میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جب کہ 9 افراد کو حراست میں بھی لیا۔
