راولپنڈی(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کو دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی ( آر آئی سی) میں داخل کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار انتہائی سخت سیکیورٹی میں فیملی کے ہمراہ چیک اپ کے لیے راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچے جہاں آر آئی سی کے سربراہ میجر جنرل (ر) اظہر کیانی نے چیف جسٹس کا چیک اپ کیا۔ذرائع کے مطابق چیک اپ کے دوران پتا چلا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے دل کی ایک شریان بند تھی، اسپیشل بیلون استعمال کرکے شریان کی بندش دور کردی گئی تاہم چیف جسٹس کو مزید دیکھ بھال کے لیے اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔میڈیاسے گفتگو میں سربراہ آر آئی سی جنرل (ر) اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی کامیاب اینجیوپلاسٹی کی گئی اور دل کی ایک بند شریان کو کھول دیا گیا، چیف جسٹس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اب وہ اہلخانہ سے گفتگو بھی کررہے ہیں جب کہ چیف جسٹس کو کیتھ لیب سے وی وی آئی پی وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔