لاہور(ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بینک اکاﺅنٹس سے 36 کروڑ 58 روپے پنجاب حکومت کو منتقل کر دیئے گئے ہیں۔سابق وفاقی وزیر خزانہ کے اثاثہ جات کی ضبطگی کی اجازت کے بعد بینک اکاﺅنٹس سے رقم منتقل کی گئی جس کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ لاہور نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے اسحاق ڈار کی رقم منتقلی کے حوالے سے الائیڈ بینک لمیٹڈ، بینک الفلاح لمیٹڈ، البراک بینک پاکستان لمیٹڈ اور حبیب بینک لمیٹڈ کو خطوط لکھے گئے۔ جس کے بعد بینکوں نے سی آر ڈی سی (7) 88 کی دفعہ کے تحت پے آرڈرز کے ذریعے رقم حکومت پنجاب کو منتقل کی۔بینک الفلاح نے بذریعہ پے آرڈر جی پی ایل 00021092 کے ذریعے 36 کروڑ 58 لاکھ 71 ہزار 964 روپے جب کہ پے آرڈر جی پی ایل 00021135 کے ذریعے دو ہزار 79 روپے حکومت پنجاب کو منتقل کیے گئے ہیں۔لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے بینکوں کے پے آرڈرز کے حوالے سے محکمہ فنانس سے رائے طلب کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ اسحاق ڈار کے اکاﺅنٹس سے منتقل ہونے والی رقم کے پے آرڈر کس اکاﺅنٹ میں جمع کرائے جائیں۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے اسحاق ڈار کے اثاثہ جات حکومت پنجاب کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا اور قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے حکم پر عمل درآمد کے لیے حکومت پنجاب کو اثاثہ جات کی منتقلی کے حوالے سے لکھا تھا۔اسحاق ڈار کی گلبرگ لاہور والی کوٹھی کو پہلے ہی لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اپنے تحویل میں لے چکی ہے۔