اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس اطہر من اللہ کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تقرری کی منظوری دیدی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے یکم نومبر کو سینئر ترین جج جسٹس اطہر من اللہ کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ بنانے کی سفارش کی تھی۔ 8 نومبر کو پارلیمانی کمیٹی نے جوڈیشل کمیشن کی سفارش پر جسٹس اطہر من اللہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی منظوری دی تھی جس کے بعد معاملہ صدر مملکت کو بھیج دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے جسٹس اطہر من اللہ کی بطور اسلام آباد ہائیکورٹ تقرری کی منظوری دیدی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس انور خان کاسی کے بعد معزول جسٹس شوکت عزیز صدیقی سینئر ترین جج تھے جنہیں متنازع بیان کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل نے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی تھی جس کا نوٹیفکیشن وزارت قانون کی جانب سے جاری کیا گیا۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے بعد جسٹس اطہر من اللہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج تھے۔