کراچی(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ہاکی فیڈریشن کو 10 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ قومی کھیل ہاکی کے لیے سندھ حکومت کا تعاون جاری رہے گا اور ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل ہاکی فیڈریشن کی بروقت مالی اعانت کرکے ہم نے اپنا قومی فریضہ ادا کیا ہے۔اس سوال کے جواب میں کہ سندھ حکومت کی گرانٹ فیڈریشن کس طرح خرچ کرے گی اور کیا صوبائی حکومت تفصیلات طلب کرے گی؟ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ‘ایسا نہیں ہو سکتا، یہ فیڈریشن کی صوابدید ہے کہ وہ کس انداز میں اس رقم کو خرچ کرے’۔واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ سے قبل حکومت سے آٹھ کروڑ روپے مانگے تھے، جو تاحال نہیں مل سکے، البتہ اطلاعات کے مطابق ہائیر (HAIER) کمپنی نے فیڈریشن کو اسپانسر شپ کی مد میں 90 لاکھ روپے کی ادائیگی کی ہے۔دوسری جانب معروف بزنس مین ملک ریاض کی صاحبزادی نے چند روز قبل لاہور میں قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران 25کھلاڑیوں کو ایک، ایک لاکھ روپے نقد ادا کیے تھے، جب کہ کوچ دانش کلیم اور ریحان بٹ کو بھی ایک، ایک لاکھ روپے دیئے تھے۔حکومت سندھ کی طرف سے ہاکی فیڈریشن کو دیئے جانے والے دس کروڑ روپے کی ادائیگی سے قریباً پونے 2 کروڑ روپے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ میں ڈیلی الاو¿نس کی مد میں تقسیم کیے جائیں گے۔حکومت سندھ نے ایک ایسے مرحلے پر ہاکی فیڈریشن کو گرانٹ دی ہے، جب ورلڈ کپ سے قبل فیڈریشن مالی بحران کا شکار تھی اور کھلاڑیوں نے ڈیلی الاو¿نس کے بغیر ورلڈ کپ جیسے اہم ٹورنامنٹ میں نہ جانے کا عندیہ دیا تھا۔وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے فیڈریشن کی مالی اعانت کی خبر کی بڑے پیمانے پر تشہیر نہ ہونے کے سوال پر جواب دیا کہ ‘اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے کہ قومی اداروں اور عوامی خدمت کے راستوں پر چلنا ہے اور اگر اس کی تشہیر نہ بھی ہو، تو بھی ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا’۔