پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ہائیر گروپ کے درمیان سپانسر شپ معاہدہ

لاہور(نیوزایجنسیاں) پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ہائیر گروپ کے درمیان سپانسر شپ معاہدہ ہوگیا ۔ہائیر گروپ 2020 تک پاکستان ہاکی فیڈریشن کو سپانسر کرے گا۔صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہائیر گروپ قومی ہاکی ٹیم، ویمن ٹیم کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک سطح پر ایونٹس کو سپانسر کریں گے ۔

امام الحق کے تمام ٹیسٹ کلیئر،ٹیم کوجوائن کرلیا

دبئی(نیوزایجنسیاں)نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں زخمی ہونے والے پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق کے تمام ٹیسٹ کلیئر ہو گئے ہیں جس کے بعد وہ دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف لوکی فرگیوسن کی جانب سے کرائے گئے 13ویں اوور کی پہلی ہی گیند کو امام نے پل کرنے کی کوشش کی لیکن اس میں ناکام رہے اور فاسٹ بالر کی گیند سیدھا ان کے ہیلمٹ سے جا ٹکرائی۔گیند لگنے کے فورا بعد امام زمین پر ڈھیر ہو گئے تاہم کچھ دیر میں دوبارہ اپنے پیر کھڑے ہو گئے اور پھر سے بیٹنگ کے لیے مصر تھے لیکن اس لمحے ان کی حالت بگڑتے دیکھ کر امپائرز اور حریف کپتان کین ولیمسن نے انہیں فوری طور پر گراﺅنڈ سے باہر جانے کا مشورہ دیا۔اوپننگ بلے باز کو فوری طور پر میدان سے باہر لے جانے کے بعد ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ٹیسٹ لیے گئے۔ابتدائی طور پر قومی ٹیم مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ 22سالہ بلے باز کا سٹی اسکین ہو گا جس کے بعد دو دن تک ان کی حالت کا معائنہ کیا جاتا رہے گا۔تاہم ہسپتال سے مثبت رپورٹ آنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام ٹیسٹ کلیئر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام الحق محفوظ رہے اور انہیں کسی بھی قسم کی انجری نہیں ہوئی۔بورڈ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ امام کے تمام اسکین کلیئر ہیں، انہوں نے ٹیم کو دوبارہ جوائن کر لیا ہے البتہ ٹیم فزیو ان کی صورتحال کا معائنہ کرتے رہیں گے۔پاکستان نے مذکورہ میچ میں نیوزی لینڈ کو باآسانی 6وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاک کیویز فیصلہ کن ون ڈے آج

دبئی(اے پی پی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں (آج) اتوار کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت سہ پہر4بجے شروع ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ کیویز نے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں گرین شرٹس کو 47 رنز سے شکست دے کر برتری حاصل کی تھی لیکن پاکستانی ٹیم نے دوسرا میچ 6 وکٹوں سے جیت کر سیریز میں جاندار کم بیک کیا، اب دونوں ٹیموں نے سیریز جیتنے پر نظریں مرکوز کر لی ہیں، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کی حالیہ کارکردگی اور فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کن معرکے میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔قومی کپتان سرفرازاحمدنے کہاہے کہ باﺅلرزنے دوسرے میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائی جس کی بدولت بلے بازوں کےلئے کام آسان ہوگیا۔امید ہے ٹیم جیت کاتسلسل برقراررکھے گی اورآج بازی نام کرتے ہوئے سیریزبھی نام کریں گے۔شاہین آفریدی سے فیصلہ کن معرکے میں بھی اچھی کارکردگی کی امیدہے۔دوسری جانب کیوی کپتان کین ولیمسن نے بھی جیت کے عزم کااظہارکیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسرے میچ میں ہم سے جو غلطیاں ہوئیں کوشش ہوگی اس کو آئندہ نہ دہرائیں ۔بڑاٹوٹل بورڈپر نہ سجانے کے باعث ہمارامیچ پر کنٹرول نہ رہا۔آخری میچ میں اچھا مقابلہ دیکھنے میں آئے گا۔باﺅلرزکاکردارانتہائی اہم ہوگا۔گرین شرٹس کے پاس خطرناک کھلاڑی موجودجومیچ کانقشہ بدل سکتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ یاد رہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 3-0 سے وائٹ واش کیا تھا۔دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز16نومبر سے ابوظہبی میں شروع ہو گی،دوسرا ٹیسٹ24نومبر کو دبئی ،تیسرا اور آخری ٹیسٹ3دسمبر سے دبئی میں کھیلا جائیگا۔

ون ڈے کےلئے قومی ٹیم کومربوط پلان بناناہوگا،محسن

کراچی (یواین پی) پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن خان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کو ون ڈے فارمیٹ میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا ہو گا۔ گزشتہ روز انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹ میں کافی فرق ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں بیس اوورز تک بیٹنگ کرنی ہوتی ہے جبکہ ون ڈے میں پچاس اوورز ہوتے ہیں۔ اس حساب سے گرین شرٹس کو گیم پلان بنانا چاہئے۔ لوگوں نے مذاق کرنا شروع کر دیا ہے کہ ون ڈے کرکٹ میں قومی ٹیم کو دو بار بیٹنگ دی جائے۔ اس صورتحال میں بیٹسمینوں کو زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان کی مدد کرنے کیلئے ہیڈ کوچ ہوتا ہے کیونکہ سرفراز احمد فیلڈ پر سب سے مشکل کام کرتے ہیں جو وکٹ کیپنگ کا شعبہ ہے۔ ایسے میں ان کے ذہن میں سب چیزیں نہیں رہ سکتیں اور کوچز کو ایسی صورتحال میں گیم پلان پر عمل کرانے کیلئے اپنا کردار نبھانا چاہئے۔ سابق اوپنر کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی بہت با صلاحیت بالر ہیں اور اختتامی اوورز میں وہ کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔محسن خان کا کہنا تھا کہ شاداب خان اچھے آل راو¿نڈر ہیں تاہم انہیں درست انداز میں استعمال کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل جو اٹھارہ میچز ہیں۔

ان میں اگر پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی تو کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا۔ اس وقت قومی ٹیم متحدہ عرب امارات میں ہے جبکہ عالمی کپ انگلینڈ میں ہو گا لہٰذا ون ڈے کیلئے کھلاڑیوں کو اپنی پرفارمنس اچھی کرنا ہو گی۔

عدم ادائیگی پرپی سی بی کاملتان سلطانزسے معاہدہ ختم

لاہور(نیوزایجنسیاں) واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ ختم کردیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ ختم کر دیا، ذرائع نے میڈیاکو بتایا کہ ملتان سلطانز کو 2 ماہ سے یاد دہانی کرائی جا رہی تھی کہ وہ 5.2 ملین ڈالر بینک گارنٹی جمع کرائے مگر فرنچائز ایسا کرنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے معاہدہ ختم کیا گیا۔پی ایس ایل کاچوتھا ایڈیشن 14فروری سے یواے ای میں شروع ہوگا،میگا ایونٹ کے فائنل سمیت 8میچز کاانعقادپاکستان میں ہونا ہے ۔ ٹائٹل معرکے کےلئے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کوفائنل کیا گیاہے جو کہ 17مارچ کو کھیلا جائیگا۔میگا ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے اعزازکادفاع کرے گی۔