ارجن اور ملائکہ کی شادی کی تاریخ منظر عام پر آگئی

ممبئی(ویب ڈیسک) ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا طویل دوستی کے بعد اب رشتہ ازدواج میں بھی منسلک ہونے والے ہیں اور ان کی شادی کی تاریخ بھی منظر عام پر آگئی ہے۔انوشکا ویرات، دپیکا رنویر اور پریانکا نک جونز کے بعد بھارتی میڈیا میں جس پریمی جوڑے کے سب سے زیادہ چرچے ہیں وہ ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور کی جوڑی ہے جنہوں نے اب اپنی طویل دوستی کو شادی میں بدلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔چند روز قبل ملائکہ اور ارجن کے قریبی ذرائع سے یہ بات سامنے آئی تھی دونوں اگلے سال شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں تاہم شادی کس تاریخ یا مہینے کو ہوگی اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی لیکن اب ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق دونوں اگلے سال اپریل میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔واضح رہے کہ اداکارہ ملائکہ اروڑا اورارجن کپور آج کل ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے نظر آرہے ہیں جب کہ گزشتہ روز کرن جوہر کی جانب سے دی جانے والی دیوالی کی پارٹی میں بھی یہ دونوں ہی شرکا کی توجہ کا مرکز بنے رہے تھے۔

چین پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرے گا، وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرے گا۔وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی بھی شریک تھے۔وزیراعظم اور شرکا کے درمیان خیبر پختونخوا کے ترقیاتی کاموں سے متعلق بات چیت ہوئی اور بلدیاتی نظام سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ارکان پارلیمنٹ سے خیبر پختونخوا میں گورننس سے متعلق بھی دریافت کیا۔ عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی کو گزشتہ حکومتوں کی ناقص پالیسیاں ایوان میں زیر بحث لانے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے دورہ چین سے متعلق بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرے گا اور شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم معاشی پیکجز دے گا، دورہ چین میں رشکئی میں صنعتی زون کو جلد آپریشنل کرنے کا فیصلہ بھی ہوا ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے قبائلی علاقہ جات کے دو ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر نے بھی ملاقات کی جس میں فاٹا کے مسائل پر بات کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فاٹا میں گڈ گورننس کو یقینی بنائیں گے، قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام حکومت کی اولین ترجیح ہے، فاٹا کے رہائشیوں کو تمام حقوق فراہم کیے جائیں گے، جبکہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

پہلا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی

ابوظہبی(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی۔ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے 267 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام ہوگیا۔قومی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار ہے اور 81 رنز پر نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے، کیوی فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے فخرزمان، بابر اعظم اور محمد حفیظ کو آﺅٹ کرکے شاندار ہیٹ ٹرک کی جب کہ امام الحق 34 اور شعیب ملک 30 رنز بنا کر چلتے بنے۔ ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ ںے پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا ہے۔ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 13 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ورکر وکٹ کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہوئے، انہوں نے صرف 1 رن بنایا جب کہ منرو 29 اور کپتان ولیمسن 27 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔78 پر تین کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے بعد تجربہ کار بیٹسمین روس ٹیلر نے لیتھم کے ساتھ مل کر 130 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنایا، لیتھم 68 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے، نوجوان اسپنر اگلی ہی گیند پر نکولس کو چلتا کیا جب کہ وہ ہیٹ ٹرک میں کامیاب نہ ہوسکے اور ایک گیند کے بعد گرینڈ ہومے کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی، دو رنز کے اضافے کے ساتھ روس ٹیلر بھی 80 رنز پر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔210 کے مجموعے پر 7 کھلاڑیوں سے ہاتھ دھونے کے بعد ایک بار پھر کیوی بیٹسمینوں نے فائٹ بیک کیا اور اسکور کو 266 رنز تک پہنچا دیا، نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے فائٹنگ اسکور دیا۔پاکستان کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اسپنر شاداب خان نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔قومی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد (کپتان)، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی اور جنید خان شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے ون ڈے سیریز سے قبل ٹی20 میچوں میں کلین سوئپ کیا تھا تاہم نیوزی لینڈ ون ڈے فارمیٹ میں گزشتہ 11 مقابلوں میں ناقابل شکست ہے۔

سپریم کورٹ کو قوانین اور اداروں کے فیصلوں کے جائزہ کا اختیار ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو قوانین اور ریاستی اداروں کے فیصلوں کے جائزہ کا اختیار ہے۔سپریم کورٹ اعلامیہ کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے200 سے زائد ممبران پر مشتمل وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان سے سپریم کورٹ میں ملاقات کی، ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کی سربراہی میجر جنرل عاصم ملک نے کی۔چیف جسٹس نے شرکاءکو ملک میں انصاف کی فراہمی کے لئے سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور ضلعی عدالتوں کی کار کردگی ، عدالتی نظام اور آئینی اختیارات سے متعلق بریف کیا۔چیف جسٹس آف پاکستان نے وفد کے شرکاءکو پاکستان کے 1973 کے آئین سے متعلق بنیادی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے آئینی ڈھانچے میں ملک کے تین ستونوں کو اختیارات تقویض کیے گئے ہیں۔ ریاست کے تینوں ستون مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے اختیارات اور اہمیت اپنی جگہ اہم ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ آئینی اختیارات کے تحت سپریم کورٹ مقننہ اور انتظامی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا خصوصی اختیار رکھتی ہے، متاثرین کو تیز تر انصاف دلانے کے لئے ملک میں قدیم قوانین میں عہد حاضر کے مطابق تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔

بلوچستان اور چین میں تجارتی تعلقات کا نیا دور شروع ہوا ہے، جام کمال خان

کوئٹہ(ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور چین میں تجارتی تعلقات کا نیادور شروع ہوا ہے۔ کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان اور چین میں تجارتی تعلقات کا نیادور شروع ہوا ہے۔ بلوچستان میں معدنیات اور زرعی شعبے میں چینی سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے سی پیک کو غیرضروری طور پر متنازع بنایا، سی پیک میں ایک روپے کی بھی گرانٹ شامل نہیں تمام سرمایہ قرضوں پر مبنی ہے، سی پیک کے تحت ملنے والے 55 ارب ڈالر میں سے 28 ارب ڈالر خرچ ہو چکے۔جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سابق حکومت نے سی پیک سے استفادہ کی حکمت عملی نہیں بنائی، انہوں نے منصوبوں کی تقسیم کے وقت دلچسپی نہیں لی، ان کی نااہلی سے سی پیک سے بھر پور فائدہ اٹھانے کا موقع گنوا دیا گیا۔

کرپشن کے خاتمے کے لیے کسی دھمکی کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا، نیب

اسلام آباد(ویب ڈیسک) نیب نے سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کے بھائی جاوید اشرف کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔نیب کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب نے سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کے بھائی جاوید اشرف کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔اعلامیے کے مطابق راجہ جاوید اشرف نے ایک اجتماع میں نیب کے بارے میں دھمکی آمیز زبان استعمال کی تھی جس پر چیئرمین نیب جاوید اقبال نے راجا جاوید اشرف کے بیان کا نوٹس لے لیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ راجہ جاوید اشرف نے نیب کودھمکیاں دیں نیب ایسی دھمکیوں سے مرعوب یاخوفزدہ نہیں، نیب ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ کیلئے کسی دھمکی کو خاطر میں لائے بغیر بھر پور کردار ادا کرتا رہے گا، نیب کے پاس لوٹی گئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرانے کا مینڈیٹ ہے۔

چوہدری نثار کی مسلم لیگ (ن) میں دوبارہ واپسی کا امکان

لاہور(ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے مسلم لیگ (ن) سے بیک ڈور رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے مسلم لیگ (ن) سے بیک ڈور رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار جلد ہی مسلم لیگ (ن) میں واپس آجائیں گے۔ پارٹی سے معاملات طے ہونے کے بعد چوہدری نثار پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا لیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک ندیم کامران نے چوہدری نثار کے پارٹی قیادت سے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری نثار سے لیگی رہنماﺅں کی ملاقات ہوئی ہے، امید ہے چوہدری نثار جلد مسلم لیگ (ن) میں واپس آ جائیں گے۔واضح رہے کہ چوہدری نثار کے نواز شریف سے اختلافات پیدا ہوگئے تھے اور انہوں نے مریم نواز کو بطور پارٹی رہنما تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔ چوہدری نثار نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا تھا تاہم وہ قومی اسمبلی کی نشستوں سے ہار گئے تھے۔

اگلی حکومت پھر ہماری ہے، آصف زرداری

خیرپور(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ اگلی حکومت پھر ہماری ہے۔خیر پور میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے، کچھ عناصر ہمارے اور عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم عوام سے دور نہیں رہ سکتے، آپ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا لیکن کچھ دوریاں ہوگئی تھیں، چاہتا ہوں کہ آپ سے محبت کا رشتہ قائم رہے۔آصف زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا مشن عوام کی خدمت تھا، میری زندگی کامقصد بے نظیر بھٹو کا مشن آگے بڑھانا ہے، ہم خدمت کرتے رہیں گے اور اگلی حکومت پھر ہماری ہے۔