پی ایس ایل فرنچائززکی پنجاب حکومت سے ٹیکس معاف کرنیکی درخواست

لاہور(نیوزایجنسیاں) چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے اونر جاوید آفریدی نے گزشتہ روزلاہور میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی۔اس موقع پر فرنچائزز کیلیے ٹیکس میں چھوٹ کی درخواست کی گئی، واضح رہے کہ 14 نومبر کو انوائس جاری ہونے کے باوجود پی ایس ایل فرنچائزز فیس کی ادائیگی سے گریزاں ہیں۔ان کا مطالبہ ہے کہ بغیر ٹیکس کے رقم لی جائے۔،اعلی حکومتی شخصیات سے ملاقات کر کے ٹیکس کی معافی کیلیے جاوید آفریدی اور سلمان اقبال پر مشتمل دو رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی تھی، اسی سلسلے میں وزیراعلی سے ملاقات کی گئی،اگلے برس پی ایس ایل کے چار میچز لاہور میں ہونے ہیں،اس حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹی 20رینکنگ: پاکستان کی بادشاہت برقرار

دبئی (اے پی پی) پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن پر حکمرانی برقرار ہے، بلے بازوں میں بابر اعظم، باﺅلرز میں راشد خان اور آل راﺅنڈرز میں گلین میکسویل بدستور سرفہرست ہیں، بھارتی سپنر کلدیپ یادیو اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 20 اور 17 درجے لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ فائیو باﺅلرز میں شامل ہو گئے۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ کے تحت پاکستانی ٹیم 138 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے، بھارتی ٹیم کی ریٹنگ میں ایک پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود اس کا دوسرا نمبر برقرار ہے، آسٹریلوی ٹیم بھارت کے خلاف سیریز برابر کھیل کر ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلی گئی اور اس کی جگہ انگلینڈ نے تیسری پوزیشن سنبھال لی، جنوبی افریقن ٹیم پانچویں نمبر پر ہے، بلے بازوں میں بابر اعظم سرفہرست ہیں، ایرون فنچ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، ان کی جگہ کولن منرو نے دوسری پوزیشن سنبھال لی، فخر زمان ایک سیڑھی چڑھ کر چوتھے نمبر پر آ گئے، میکسویل بھی ایک درجہ بہتری پا کر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، روہت شرما 2 درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے، کوہلی کا 14واں نمبر برقرار ہے، باﺅلرز میں راشد خان سرفہرست ہیں اور شاداب خان کا دوسرا نمبر برقرار ہے، بھارتی سپنر کلدیپ یادیو 20 اور آسٹریلوی سپنر ایڈم زمپا 17 درجے لمبی چھلانگ لگا کر بالترتیت تیسرے اور پانچویں نمبر پر آ گئے، اینڈریو ٹائی 8 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، وہ 18ویں نمبر پر ہیں۔

شیخ رشید پہلے100 روز میں10 ٹرینیں چلانے میں کامیاب رہے:امجداقبال ، امریکہ اور دیگر ممالک سے شادی کیلئے آنے والی خواتین کی مانیٹرنگ ہونی چاہئے:میاں افضل ، سی پیک کے دشمن مزیدحملے کرسکتے ہیں ان سے ہوشیار رہنا ہوگا:ناصراقبال ، ہمارے نوجوان غیرملکی خواتین سے محبت نہیں کرتے ویزہ کا ذریعے بناتے ہیں:ضمیرآفاقی ، چینل ۵ کے پروگرام ” کالم نگار “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں، تبصروں پر مشتمل پروگرام ”کالم نگار“ میں گفتگوکرتے ہوئے معروف صحافی امجد اقبال نے کہا ہے کہ شیخ رشید 100 دن میں 10 ٹرینیں چلانے میں کامیاب رہے ذرائع مواصلات بڑھنے سے ملکی ترقی میں تیزی آئی ہے۔ ریلوے کی ترقی ملکی دفاع کے حوالے سے بھی خاصی اہم ہے۔ شیخ رشید سخت محنت کر رہے ہیں انہیں فریٹ ٹرینوں کی جانب بھی زیادہ توجہ دینا چاہئے۔ چینی قونصل خانے پر حملہ کو ناکام بنانے میں ہمارے سکیورٹی اداروں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شہداءکے لواحقین کیلئے اچھے پیکیج کا اعلان کیا گیا چین بھی ان کیلئے فنڈ ریزنگ کر رہا ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار ڈیمز کی تعمیر کیلئے محنت کر رہے ہیں۔ موبائل فون چارجز پر اگر ڈیم فنڈ کیلئے ٹیکس لگتا ہے تو اس میں کوئی مذائقہ نہیں ہے۔ سموگ پر قابو پانے کیلئے بھٹے بند کرنا اچھا اقدام ہے۔ پاکستان میں ایڈز کے ڈیڑھ لاکھ مریض ہیں سالانہ 20 ہزار کا اضافہ ہو رہا ہے جو تشویشناک ہے حکومت کو عوام کو اس مرض کے حوالے سے آگہی ہونی چاہئے سینئر صحافی میاں افضل نے کہا کہ ریلوے نظام میں ترقی سے یقینا معیشت میں بہتری آئے گی۔ چینی قونصل خانہ پر حملے کو سکیورٹی اداروں نے ناکام بنا کر اپنی اہلیت ثابت کر دی، دہشتگرد اگر اندر داخل ہو جاتے تو بڑا نقصان ہو سکتا تھا۔ ڈیم فنڈ کیلئے ٹیکس لگانے میں کوئی ہرج نہیں ہے۔ چندے سے ڈیمز بنانا مشکل ہے تاہم آگہی تو ااتی ہے۔ سموگ پر قابو پانے کیلئے بھٹے بند کئے جا رہے ہیں حکومت کو یہ بھی سوچنا چاہئے کہ ایک بھٹے پر 500 محنت کش کام کرتے ہیںوہ سب بیروزگار ہو جائیں گے۔ اصل آلودگی تو کارخانے، بھٹیاں پھیلا رہے ہیں جہاں پلاسٹک و دیگر گندی چیزیں جلائی جاتی ہیں ان کو کیوں نہیں روکا جاتا۔ ہمارے ہاں ایڈز بارے آگہی نہیں ہے، ایڈز کے مریضوں کا علاج کیا جانا چاہئے۔ امریکی و دیگر غیر ملکی خواتین جو شادی کیلئے پاکستان آتی ہیں کی مانیٹرنگ ہونی چاہئے۔ تجزیہ کار ناصر اقبال نے کہا کہ بدقسمتی سے ریلوے کے ساتھ ہر حکومت میں کھلواڑ کیا جاتا رہا۔ ریلوے کے حوالے سے مستقل پالیسیاں بنائی جانی ہی پڑیں گی، عوام سے بھی تجاویز لینا چاہئیں۔ سکیور اہلکاروں نے چینی قونصل خانے پر حملہ ناکام بنا کر ملک کو مشکل کا شکار ہونے سے بچا لیا۔ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، وزراءکا امداد کا اعلان خوش آئند ہے چینی حکومت بھی شہداءاور زخمیوں کیلئے فنڈ ریزگ کر رہی ہے جو تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے۔ سی پیک کے دشمن ابھی مزید حملوں کی کوشش کر سکتے ہیں ان سے ہوشیار رہنا ہو گا۔ ماحول صاف رکھنا ہے تو کارخانوں اور بھٹیوں میں جلائی جانے والی گندی اشیاءکا استعمال روکنا ہو گا۔ ایڈز کا پھیلنا تشویشناک ہے۔ منشیات فروشی بھی اس مرض کے بڑھنے کی ایک بڑی وجہ ہے، عوام کو موذی مرض بارے آگہی دینی چاہئے۔ امریکی ہمارے دوست نہیں ہیں امریکی خواتین کا بڑی تعداد میں شادی کیلئے پاکستان آنا تشویشناک ہے اس کے پیچھے کوئی سازش نظر آتی ہے۔ سینئر تجزیہ کار ضمیر آفاقی نے کہا کہ 90 دن میں 10 ٹرینیں چلانے پر شیخ رشید مبارکباد کے مستحق ہیں۔ چینی قونصل خانے پر حملے کو ناکام بنانے میں نجی گارڈز نے بھی اپنا کردار ادا کیا انہیں بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہئے دہشتگرد اندر اتنی آسانی سے کیسے داخل ہو گئے، سکیورٹی میں کمزوریوں کا بھی دیکھا جانا چاہئے۔ دنیا میں اس وقت چھوٹے ڈیمز بن رہے ہیں واٹر مینجمنٹ کی جا رہی ہے ہمیں بھی اس طرف دیکھنا چاہئے حکومت کو سموگ سمیت آلودگی پر قابو پانے کیلئے بروقت اقدامات لینے چاہئیں۔ بھٹوں پر پابندی کے باعث اینٹوں کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جن کے باعث تعمیراتی شعبہ متاثر ہو رہا ہے اس طرف بھی توجہ دینا ہو گی، ہسپتالوں کا فضلہ دوبارہ استعمال کیا جا رہا ہے منشیات فروشی بڑھ گئی ہے ان باتوں کے سبب ایڈز پھیل رہا ہے غیر ملکی خواتین سے ہمارے نوجوان محبت نہیں کرتے بلکہ صرف ویزا حاصل کرنے کا ایک ذریعے بناتے ہیں۔

امریکہ کو دو ٹوک جواب دینا حکومت کا بڑا قدم ہے: شاہد لطیف ، حکومتی سیاسی نظام میں کرپشن صفر کر دی گئی اثرات نظر آنے لگے ہیں: ابراہیم خان ، 50 لاکھ گھروں میں دوستوں کا فائدہ تو نہیں سوچا گیا: آیت اللہ درانی کی چینل ۵ کے پروگرام ” نیوز ایٹ 7“ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) چینل فائیو کے پروگرام نیوز ایٹ سیون میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آیت اللہ درانی نے کہاہے کہ عمران خان نے سابقہ اور ہماری حکومت کی نسبت 100دن میں کارکردگی کا مظاہرہ دکھانے کا اعلان کیا مگر حکومت کو چلانے میں 100دن کا کوئی معیار نہیں ہوتا۔ ہم نے عمران خان کی کارکردگی سے انکار نہیں کیا۔ زمینیں لینے کا اختیار صوبائی حکومتوں کو ہے۔ بلوچستان اور کے پی کے میں ایک انچ زمین براہ راست نہیں لی جاسکتی۔ شیلٹر ہومز اور 50لاکھ گھروں میں دیکھنا ہے کہ پاکستان کے غریبوں کا بھلا ہوگا یا انکے دوستوں کے کاروباری ذرائع کو بڑھایا جائے گا۔ پاکستان کے ریاستی اداروں نے حکومتی معاملات کو سنجیدہ لیا ہے اور نہ لے سکتے ہیں۔ سو دن میں ایک بوتل شراب اور ایک چھٹانک چرس رکھنے کی اجازت کا نوٹیفکیشن وزیراعظم کی جانب سے تحفہ ہے۔ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کو سپورٹ کرے گی مگر اسٹیبلشمنٹ نے ماضی میں ہمارے شیڈیول کو مسترد کیا۔ پاکستان کے چین، امریکہ اور سعودی عرب سے تعلقات دور دور تک اچھے ہوتے نظر نہیں آرہے۔ قرضہ لینا خارجہ پالیسی نہیں ہے، بھیک مانگ کر ملک کو چلانا ملک کو ڈبویا جا رہا ہے۔ پاکستان جنگی کیفیت سے نکل گیا تو بات بن سکتی ہے۔ عمران خان کا یوٹرن کا بیان بے علمی ہے۔ عمران خان کو کہنا چاہئے تھا کہ سراط مستقیم پر چلوں گا، اور باقی حکومتوں کی طرح قرض لوں گا۔ عمران خان کے بیان لکھنے والے انہیں ایسے کام اس وقت نہ بتا دیں جب وہ عالم نزع میں ہوں۔ تحریک انصاف کے ایم این اے ابراہیم خان نے کہا کہ حکومت کی 100روزہ کارکردگی میں ترجیحات سیٹ کر دی گئی ہیں۔ حکومتی سیاسی نظام میں کرپشن صفر کر دی گئی ہے اور اسکے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ حکومتی اقدامات ملک و قوم کی بہتری کے لیے ہے 5سال میں اپنے وعدے پورے کریں گے۔ جنوبی پنجاب صوبہ دو تہائی اکثریت سے بنانے کے لیے لابنگ کر رہے ہیں، بہت جلد جنوبی پنجاب صوبہ بنے گا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر 9ہزار کلو ایفی ڈرین کا کیس ہے انکے جنوبی پنجاب کے نعرے کی شفافیت کی حیثیت کیا ہوگی۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار ائیر مارشل شاہد لطیف نے کہا کہ حکومت کی 100دن میں پالیسی کی سمت متعین ہورہی ہے۔ ایک رات میں تبدیلی نہیں آسکتی۔ امریکا جیسی قوت کو منہ توڑ جواب دینے سے بھی سمت کا اظہار ہوا۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ امریکہ تنقید کرتا رہے اور ہم خاموش بیٹھے رہیں۔ سعودی عرب، مشرق وسطی کی سیاست کی جانب بڑا قدم ہم نے اٹھایا ہے۔ چین اور روس ملکر خطے میں کاونٹر پاور بن کر ابھر رہے ہیں۔ ہم نے پاکستان کی مالی حالت ٹھیک کرنی ہے مگر ہمیں امریکا کی ناراضگی کی پرواہ نہیں، ہم اصول پر چل رہے ہیں۔ دنیا کی جنگ کا نقشہ مالی حالت پر طے ہوتا ہے، بھارت کی ترقی کے باعث امریکا اسکے قریب ہے۔ گزشتہ روز دہشتگردی کے واقعات پر موجودہ حکومت پر کھلی تنقید کی۔ حکومت کو مسائل کو دیکھتے ہوئے تمام مسائل کا حل ایک وقت میں ڈھونڈنا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے ہر نقطے پر ٹاسک فورس چاہئے، حکومتی پالیسیوں کے اندر یہ نظر نہیں آیا۔ آرمی چیف بار بار کہہ رہے ہیں کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ ختم نہیں ہوئی۔ ایسے میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل ضروری تھا۔ عمران خان نے کہا کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ سرپرائز نہیں تھا۔ مگریہ سرپرائز تھا، ہمیں اطلاعات پر انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مزید فعال کرنا چاہئے تھا۔ اندرونی مظبوطی کے بغیر کوئی بھی ملک پاکستان سے اچھے تعلقات نہیں رکھنا چاہے گا۔ افغانستان کے بغیر پاکستان میں امن نہیں ہوسکتا، اس حوالے سے افغانستان کو خارجہ پالیسی میں اہم درجہ حکومت پاکستان کی جانب سے نہیں دیا گیا۔ عمران خان نے 100دن میں دن رات محنت کی ہے، قابلیت کو صحیح سمت میں لانے کی ضرورت ہے۔ لوگ اب نتائج چاہتے ہیں۔

اننگزمیں بہترین باولنگ ،یاسرتیسرے پاکستانی کرکٹر

دبئی (اے پی پی) یاسر شاہ نے پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ اننگز میں تیسری بہترین باﺅلنگ کا اعزاز حاصل کر لیا، انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر کے یہ کارنامہ انجام دیا، یہ ان کے کیریئر کی بہترین باﺅلنگ بھی ہے، اس سے قبل 76 رنز کے عوض 7 وکٹیں ان کے کیریئر کی بہترین باﺅلنگ تھی، پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ تاریخ میں ایک اننگز میں بہترین باﺅلنگ کا اعزاز عبدالقادر کو حاصل ہے جنہوں نے 1987ءمیں انگلینڈ کے خلاف 56 رنز دے کر 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی، دوسری بہترین باﺅلنگ کا اعزاز سرفراز نواز کے پاس ہے جنہوں نے 1979ءمیں آسٹریلیا کے خلاف 86 رنز کے عوض 9 وکٹیں لی تھیں۔

حسن سردارکو ہاکی ٹیم سے حیران کن پرفارمنس کی امید

کراچی (یواین پی) منیجر حسن سردار نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم نوجوان اور سینئر پلیئرز کا بہترین امتزاج ہے جو ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کر دے گی۔گزشتہ روز بھوبانیشور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ رینکنگ میں 13 ویں پوزیشن پر ہونے کے باوجود قومی اسکواڈ سے اچھی پرفارمنس کی امید ہے۔میگا ایونٹ کبھی بھی آسان نہیں ہوتا اور کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بہترین نتائج دینے کی کوشش کرنا ہوتی ہے اور انہیں توقع ہے کہ گرین شرٹس بھی قوم کی توقعات کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ اس موقع پر گول کیپر عمران بٹ کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ پرانے ریکارڈز کو بھول کر صرف ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ماضی میں پاکستان نے چار مرتبہ ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ دو بار سلور میڈلز جیتے۔ حالیہ میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کو گروپ ڈی میں ہالینڈ، جرمنی اور ملائیشیا جیسی مضبوط ٹیموں کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ہاکی ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز اٹھائیس نومبر کو ہو گا۔ ایک سوال پر عمران بٹ کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کھلاڑیوں پر ذہنی دباو¿ بہت زیادہ ہے لیکن ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بھرپور سپورٹ مل رہی ہے۔ صرف یہی ہدایت ہے کہ ورلڈ کپ پر توجہ رکھیں اور باقی مسائل کو پس پشت ڈال دیں۔عمران بٹ کے مطابق قومی ٹیم گزشتہ دنوں ایشین چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچی تھی اور کھلاڑیوں نے ثابت کیا کہ قومی ٹیم مضبوط ہے اور اہم میچوں میں کم بیک کی اہلیت رکھتی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دو ہزار چودہ کی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت میں جو کچھ بھی ہوا، وہ غلط تھا تاہم فیلڈ پر جارحیت دکھانا معمول کی بات ہے، امید ہے کہ آئندہ ایسا نہیں ہو گا۔

خوبصورت دوشیزہ نے سوتیلے باپ سے شادی کر لی مگر وجہ کیا بنی؟

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک 16سالہ لڑکی نے 2007ءمیں اپنے سوتیلے 57سالہ باپ کے ساتھ شادی کر لی تھی۔ گزشتہ دنوں اس نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ اس نے باپ سے شادی اس وقت کی جب اس کی میری والدہ کے ساتھ طلاق ہو گئی۔ لڑکی کے اس دعوے کے بعد اس کی ماں بھی منظرعام پر آ گئی ہے اور ایسی بات کہہ دی ہے کہ سن کر شیطان بھی شرما جائے۔ میل آن لائن کے مطابق 54سالہ این واٹکنز نامی اس خاتون نے بتایا ہے کہ ”میری بیٹی سارا نے گھر سے بھاگ گئی۔ میرا شوہر بھی کئی دن سے غائب تھا۔ جب میں نے تحقیق کی تو یہ ہولناک انکشاف ہوا کہ ان دونوں نے بھاگ کر شادی کر لی ہے۔ اب سارا اس معاملے پر جو کچھ بتا رہی ہے وہ سب جھوٹ ہے۔ ہماری طلاق کی ذمہ دار سارا تھی۔ اگر وہ ڈیوڈ کے ساتھ تعلقات استوار نہ کرتی تو ہماری طلاق نہ ہوتی۔“این واٹکنز نے مزید بتایا کہ ”جب ان کے شادی کر لی تو میں نے انہیں تلاش کرنا شروع کیا۔ ایک روز ایلڈی سپرمارکیٹ کی کارپارکنگ میں میرا ان دونوں کے ساتھ آمنا سامنا ہو گیا۔ جب میں نے اپنی بیٹی سے اس شرمناک اقدام کے متعلق پوچھا تو وہ شدید غصے میں آ گئی اور مجھے دھمکی دی کہ یہاں سے چلی جاﺅ ورنہ میں تمہیں گاڑی کے نیچے کچل دوں گی۔“ رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ ہارگریوز کی این واٹکنز کے ساتھ شادی ہوئی، اس وقت سارا 14سال کی تھی۔ اگلے دو سال میں اس کا ڈیوڈ کے ساتھ معاشقہ شروع ہو گیا اور بالآخر انہوں نے بھاگ کر شادی کر لی۔ اب ان کے ہاں ایک بیٹا بھی ہے۔گزشتہ دنوں چینل فائیو سے گفتگو کرتے ہوئے سارا نے کہا تھا کہ ”میں اور ڈیوڈ صرف دوست تھے، تاہم جب ڈیوڈ کی میری ماں سے طلاق ہوئی تو ہمیں ایک دوسرے سے محبت ہو گئی اور ہم نے شادی کر لی۔“

ساڑھے تین ہزار سال پرانا مصری شاہی خزانہ پہلی بار عوام کے سامنے پیش کردیا گیا

قاہرہ (ویب ڈیسک) مصر کا شمار دنیا کے قدیم ترین ممالک میں ہوتا ہے جہاں کی تہذیب ہزاروں سال پرانی ہونے کے باعث دنیا بھر کیلئے توجہ کا مرکز ہے۔ مصر سے آئے روز کہیں نہ کہیں سے آثار قدیمہ ملتے رہتے ہیں لیکن اب کی بار ماہرین کو ایک 3500 سال پرانا اہرام مل گیا ہے جس سے ملنے والا خزانہ پہلی بار عوام کے سامنے نمائش کیلئے پیش کردیا گیا ہے۔مصر کے شہر لکسور میں اساسیف نامی وادی میں ساڑھے تین ہزار سال پرانے اہرام مصر کی دریافت ہوئی ہے۔ یہ کھوج فرانس کی سٹراس بورگ یونیورسٹی کے آثار قدیمہ کی کھوج لگانے والے ایک مشن نے کی ہے۔تقریباً 3500 سال پرانے اہرام مصر سے ملنے والے خزانوں کو اب نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔اس اہرام مصر سے ماہرین کی ٹیم کو 2 حنوط شدہ لاشوں (ممی) کے کفن ملے ہیں اس کے علاوہ وہاں سے اس ٹیم کو ایک ہزار کے قریب پرانے مجسمے بھی ملے ہیں۔تحقیق کے مطابق یہ اہرام مصر 1550 قبل مسیح سے 1300 قبل مسیح کے درمیان تعمیر ہوا تھا، فرانسیسی ٹیم رواں سال مارچ سے اس مقام پر کام کر رہی تھی۔

سابق امریکی صدر بُش سمیت مشہور شخصیات کے کپڑے سینے والے پاکستانی ٹیلر ماسٹر کی دھوم مچ گئی

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے ٹیلر ماسٹر سرفراز نے نے امریکہ میں دھوم مچا دی ہے اور کئی معروف شخصیات کے ملبوسات لینے کا اعزاز حاصل کرنے کیساتھ امریکی صدر جارج بش کا دل بھی جیت لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سرفراز ناصرف امریکہ میں شہرت رکھتا ہے بلکہ دیگر ممالک میں بھی اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ سابق امریکی صدر جارج بش بھی سرفراز کی سلائی کے دیوانے ہیں۔ سرفراز اکبر کی کراچی کے علاقہ کلفٹن زمزمہ میں واقع ایمبیسڈر کے نام سے واقع دکان نے بیرون ممالک میں بھی دھوم مچا دی۔کپڑوں کی سلائی میں ان کی مہارت کی وجہ سے جو بھی ایک مرتبہ ان سے کپڑے سلوا لیتا ہے، وہ پھر کسی اور کے پاس نہیں جاتا اور یہی وجہ ہے کہ ان کا اپنے کئی پرانے گاہکوں کیساتھ رشتہ اب تک برقرار ہے۔ سرفراز کو سابق امریکی صدر جارج بش کے کپڑے سینے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان کا نام روشن کرنے کیلئے کوشاں سرفراز کو ناصرف جارج بش بلکہ نامی گرامی شخصیات کے کپڑے سینے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی میں اضافہ، فوج ہائی الرٹ

روس (ویب ڈیسک)روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا، روس نے کریمیا کے قریب سمندر میں موجود یوکرین کے تین بحری جنگی جہاز پکڑ لیے۔روس کی ایف ایس بی سیکیورٹی سروس کا کہنا ہے کہ آزوف سمندر کی طرف جانے والی آبی گزر گاہ میں یوکرین کے تین جنگی بحری جہاز روکنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا گیا۔ یوکرین کی نیوی نے اپنے دو چھوٹے جنگی جہاز اور ایک ٹَگ بوٹ پکڑے جانے کی تصدیق کی ہے۔مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور یورپی یونین نے اس معاملے پر فریقین سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین کو بحری راستے پر آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔اس اقدام سے پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال پر غور کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔اس سے قبل روس نے اپنی سرحد کے قریب فوجی نقل و حرکت پر سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا جبکہ روس نے یوکرین پر سرحدی خلاف ورزی کا الزام بھی لگایا۔روس نے بحیرہ اسود اور بحیرہ آزوف کے سنگم پر آبنائے کرچ پر قائم پل کے نیچے اپنا بحری ٹینکر کھڑا کر کے راستہ بلاک کر دیا ہے۔یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے ملک کی قومی سلامتی اور دفاعی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے روسی اقدامات کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔روسی اقدام کیخلاف یوکرین میں روسی سفارتخانے کے باہر احتجاج بھی کیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اتوار کی صبح یوکرین کے دو جنگی جہاز اور ایک کشتی بحیرہ اسود پر واقع بندرگاہ سے بحیرہ آزوف کی بندرگاہ ماریوپول کے سفر پر نکلے۔یوکرینی حکام کے مطابق روس نے ان کشتیوں کا راستہ روکا ، ان کی تلاشی لی اور انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔اسی اثنائ میں روس نے اپنے دو جنگی طیارے اور دو ہیلی کاپٹرز کو اس علاقے میں بھیج دیے۔ روس نے یوکرین پر الزام لگایا ہے کہ ان کی کشتیوں نے غیر قانونی طور پر روسی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کی وجہ سے انہوں نے سیکورٹی وجوہات پر راستہ بند کر دیا ہے۔یوکرین کی بحریہ نے بعد میں جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ان کی کشتیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے اور عملے کے چھ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ روسی حکام نے یوکرینی جہازوں کے عملے کے صرف تین افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔یوکرینی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے روس کو کشتیوں کے آمدو رفت کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔