مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم جاری ، مزید 4 کشمیری شہید

سرینگر(اے این این ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مظالم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید چار نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ معرکہ آرائی میں ایک فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے،واقعہ کےخلاف لوگوں کا احتجاج،فوج کی مظاہرین پر سیدھی فائرنگ ،تین لڑکیوں سمیت کئی زخمی،نوجوان بینائی سے محروم ،علاقے میں کشیدگی،تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند،انٹر نیٹ موبائل سروس معطل ۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے مشترکہ آپریشن میں مزید چار نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ ایک فوجی بھی جھڑپ میں مارا گیاہے ۔یہ واقعہ ضلع شوپیاں کے علاقے نادی گام میں پیش آیا جہاں فورسز اور جنگجوو¿ں کے درمیان جھڑپ ہوئی ۔بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ شوپیاں میں بھاریت فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کو علاقے میں مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر علاقے کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا اور لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی۔فورسز نے انٹر نیٹ اور موبائل سروس معطل کر کے تلاشی کا آغاز کیا تو نادی گام میں فورسز پر مبینہ مجاہدین نے فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور دو فوجی زخمی ہو گئے جنھیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔بھارتی فوج ،پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی جوابی کارروائی میں چار جنگجو مارے گئے ۔سرینگر میں موجود فوجی ترجمان نے مارے جانے والوں کی شناخت اور واقعہ سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی۔ایک پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ جھڑپ میں ایک فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے ۔یہ واقعہ منگل کی صبح کے وقت پیش آیا جب لوگ سو رہے تھے۔مقامی لوگوں کے مطا بق معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے چار جنگجوﺅں کی شناخت ہوگئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق چاروں جاں بحق جنگجوﺅں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا جن کی شناخت انعام الحق ساکنہ فری پورہ،عابد نذیر وگے ساکنہ پڈر پورہ،معراج الدین ساکنہ دراونی زینہ پورہ اور بشارت احمد ساکنہ چھوٹی گام کے طور پر ہوئی ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور احتجاج شروع کر دیا۔اس موقع پر لوگوں نے قابض اہلکاروں پر پتھراو¿ کیا اور جوابی کارروائی میں تین لڑکیوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔مقامی ذرائع کے مطابق فورسز نے سنگباری کررہے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیاں چلائیں اور پیلٹ فائرنگ کا استعمال کیا۔ذرائع نے کہا کہ سمرن جان، مینو جان اور رافیہ جان نامی تین مقامی لڑکیاں فورسز کی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئیں جبکہ بلال احمد نامی نوجوان کی آنکھوں میں پیلٹ لگے۔شوپیان اسپتال سے زخمیوں کوعلاج کیلئے سرینگر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔علاقے میں کشیدہ صورتحال کے باعث تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے جبکہ دکانیں اور بازار بھی نہیں کھولے گئے ۔دریں اثناءجموں کے سانبہ سیکٹر میں سرحد پر قائم ایک اگلی چوکی کے اندر ہوئے پر اسرارگرینیڈ دھماکہ میں بارڈر سیکورٹی فورسBSFکا ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ ہلاک جب کہ 4دیگر افسر زخمی ہو گئے۔ بی ایس ایف ترجمان منوج یادو نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ یہ دھماکہ سانبہ سیکٹر میں پاکستان کے ساتھ لگتی بین الاقوامی سرحد کے قریب قائم ایک ہر اول چوکی اندر ہوا جس میں ایک بی ایس ایف افسر کی موت واقع ہو گئی جب کہ4 دیگر زخمی ہو گئے ، تاہم ترجمان نے اس واقعہ کی مزید تفصیلات دینے سے انکار کر دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سانبہ ارون منہاس نے اسسٹنٹ کمانڈنٹ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سانبہ کے منگو چک علاقہ کی بی ایس ایف پوسٹ میں ہوئے دھماکہ میں مزید4 اہلکار زخمی ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ کی تحقیقات جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔ معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ شام 5:15بجے تربیتی سیشن کے دوران پیش آیا جس میںبی ایس ایف کے نو بھرتی شدہ سب انسپکٹروں کو پوسٹ کے اندر اسلحہ چلانے کی تربیت دی جا رہی تھی کہ اچانک ایک گرینیڈ پھٹ گیا جس کے نتیجہ میںاسسٹنٹ کمانڈنٹ جابر سنگھ کی موقعہ پر ہی موت واقع ہو گئی ، انسپکٹر نریش نائیڈو، انسپکٹر جی اجیت کمار، سب انسپکٹر امیت اورسب انسپکٹر آکاش شدید زخمی ہو گئے، اس کے علاوہ ایک اہلکار کو معمولی زخم آئے ۔ تمام زخمیوں کوملٹر ی ہسپتال ستواری پہنچایا گیا ہے جہاں ان میں سے چند ایک کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے ۔ دریں اثنا آئی جی بی ایس ایف جموں رام اوتار نے سینئر افسران کے ہمراہ موقعہ کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ معاملہ کی محکمہ جاتی انکوائری کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔

لاہور سمیت ملک بھر میں عید میلاد کے جلوس ، ریلیوں میں عاشقان رسول کی والہانہ شرکت ، حضور سے عقیدت کا اظہار

لاہور (ویب ڈیسک )ملک بھر میں جشن ولادت رسول شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے اور عاشقانِ رسول اپنے اپنے انداز میں نبی مہربان حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔ مختلف شہروں میں میلاد النبی کے جلوس اور ریلیاں برآمد ہونا شروع ہوگئیں، کراچی کے علاقے ملیر کے مختلف حصوں سے ریلیوں کا آغاز ہوگیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔پنجاب کے شہر راجن پور میں مرکزی جلوس چوک الہ آباد سے نکالا گیا جو اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، نارووال شہر اور گرد و نواح میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل ہے۔کامونکی میں جشن عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس غوثیہ چوک سے نکالا گیا جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا غلہ منڈی پر اختتام پذیر ہوگا۔بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جامیہ مسجد مدینہ سے ریلی نکالی گئی جب کہ سبی میں مرکزی جلوس نشتر روڈ سے نکالا گیا اور قلات میں مرکزی جلوس جامعہ مسجد خیل سے نکالا گیا جو مقررہ راستوں پر درود و سلام پڑھتے ہوئے رواں دواں ہے۔شہر قائد میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد جلوس نکالے جائیں گے، جمعیت علماء پاکستان کا جلوس کورنگی سے برآمد ہوگا جب کہ انجمن غوثیہ کا جلوس ٹاور سے آرام باغ تک، جماعت اہلسنت اور انجمن نوجوانان اسلام کا جلوس میمن مسجد سے نکالا جائے گا اور سنی تحریک کا جلوس جامعہ کلاتھ سے نمائش تک جائے گا۔پولیس کی جانب سے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد اور سٹی کے علاقوں سے ریلیاں برآمد ہونا شروع ہوگئیں جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئیں حیدر چوک پہنچیں گی۔خیرپور میں جماعت اہلسنت کی جانب سے 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس برآمد ہوگیا جس میں ہزاروں افراد شریک ہیں، تھرپارکر میں مرکزی ریلی فیضان مدینہ مٹھی سے نکالی گئی ہے اور شہریوں کی جانب سے کشمیر چوک پر محفل میلاد کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔سیہون میں جشن میلاد النبی کی مرکزی ریلی کا آغاز درگاھ ویہڑ شریف سے ہوا جس میں موٹر سائیکلیں اور رکشوں سمیت بڑی تعداد میں گاڑیاں بھی شامل ہیں۔دن کے آغاز پر ملک کے مختلف شہروں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔جشن ولادت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر ملک بھر میں گھروں، مساجد، گلی محلوں اور اہم عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔کراچی کے گلی کوچوں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے، شہر میں 12 ربیع الاول کو دو مرکزی جلوس نکالے جارہے ہیں۔لاہور کی عمارتیں بھی روشنیوں سے جگمارہی ہیں، داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک مشعل بردار ریلی نکالی گئی جبکہ پنجاب اسمبلی میں بھی محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا۔حب اور قلات میں بھی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور کاروں پر مشتمل ریلی نکالی گئی۔ فیصل آباد میں بھی عمارتوں اور مساجد پر چراغاں کیا گیا ہے، جہلم میں مسلمانوں کے ساتھ مسیحی برادری نے بھی محفل میلاد مصطفیٰ کا انعقاد کیا اور کیک کاٹا۔حیدرآباد میں جشن ولادت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے۔ سکھر اور میر پورخاص میں بھی گھروں، گلیوں اور محلوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ میر پور خاص کے چاندنی چوک پر ڈیڑھ سو پاو¿نڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔ لاڑکانہ میں درگاہ مشوری شریف پر دو روزہ میلہ منعقد کیا گیا، نواب شاہ، ٹنڈو الہ یار، پڈ عیدن، ٹھٹھہ اور بدین سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے۔خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ اور کوہاٹ میں مختلف مقامات پر مساجد اور گھروں میں محافل کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں، آزاد کشمیر کے شہروں مظفر آباد اور میر پور میں بھی جشن ولادت رسول کے موقع پر چراغاں کیا گیا ہے۔

عید میلادالنبی تقریب میں 2 خودکش دھماکے ، 50 افراد جاں بحق ، 85 زخمی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید میلادالنبی کی تقریب کے دوران ہونے والے 2 خود کش حملوں سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق 50 افراد جاں بحق جبکہ 85 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، داعش سمیت کسی نے بھی تاحال ذمہ داری قبول نہیں کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے ایک مقامی شادی ہال میں عید میلاد النبی کے حوالے تقریب جاری تھی کہ نامعلوم خود کش حملہ آوروں نے یکے بعد دیگرے 2 خود کش حملے کر دیئے، دھماکے اتنے شدید تھے کہ ان کی آواز میلوں دور تک سنی گئی، خود کش دھماکوں کے بعد ہر طرف قیامت صغریٰ کا منظر تھا، دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی اداروں نے شہر بھر کے حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیئے ہیں جبکہ امدادی اداروں نے فوری جائے حادثہ پر پہنچتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو قریبی ہسپتالوں میں پہنچایا۔ افغان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ شہر بھر کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔ تقریب کی میزبانی کرنے والے ا±رانوس شادی ہال کے ایک منیجر نے بتایا کہ تقریب کے عین وسط میں خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دھماکے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں اور خود میں نے 30 لاشیں گنی ہیں اور ایسا محسوس ہوا کہ تقریب میں شریک علما کو نشانہ بنایا گیا۔ آخری اطلاعات تک حملے کی ذمے داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی تھی۔ واضح رہے کہ حال ہی میں کابل میں ہونے والے خود کش دھماکے کی ذمے داری داعش نے قبول کی تھی۔ ستمبر میں ریسلنگ کلب میں ہونے والے دھماکے میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد سے اب تک یہ افغانستان میں ہونے والا سب سے بدترین حملہ ہے۔

مشکلات وقتی ہیں ، عوام بھروسہ رکھیں ، ہم مایوس نہیں کرینگے : عثمان بزدار

لاہور (خبر نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وفاقی وزیر پٹرولےم غلام سرورخان کی قیادت میں راولپنڈی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس مےں فلاح عامہ کے کاموں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزےراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں اور ہمارا صرف اےک ہی اےجنڈا ہے اوروہ صرف عوامی خدمت ہے-عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے جبکہ مشاورت سے مسائل کی نشاندہی کے بعدجامع پالیسیاں مرتب کر کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ معیشت کو بحال کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے گئے ہےں۔عوام بھروسہ رکھے، یہ مشکلات وقتی ہیں۔ تحریک انصاف کی قیادت عوامی مینڈیٹ پر پورا اترے گی۔ انہوںنے کہا کہ اقتدار کے ایوانوںمیں سادگی کو فروغ دیا ہے اور اس کا آغاز وزیراعظم عمران خان نے خود مثال قائم کرکے کیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت وی آئی پی کلچر کے خلاف ہے اور ملک کو درست سمت پر ڈال کر نئے پاکستان کی تعمیر کی بنیاد رکھ دی ہے۔ نئے پاکستان کی تعمیر ایک کٹھن اور مشکل مرحلہ ہے جس میں کامیابی کا واحد راستہ خلوص نیت سے عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ نیا پاکستان ہم سب نے مل کر بنانا ہے اور ایسے اقدمات کئے جا رہے ہیں جس سے عوام کو تبدیلی نظر بھی آئے گی۔ عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں تحریک انصاف کی حکومت دن رات کام کر رہی ہے اور عوام کی خدمت کے علاوہ ہماری کوئی اور دوسری ترجیح نہیں ہے، عوام کو ان کو حق دلایا جائے گا اور اس مقصد کیلئے تندہی اور لگن کے ساتھ کام، کام اور صرف کام کرنا ہو گا تاکہ عوام کو ریلیف اور سہولیات میسر آ سکیں۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت صدق دل سے عوام کی خدمت میں مصروف ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ مسائل ضرور ہیں اور ان کی بنیادیں اور جڑیں کافی گہری ہیں مگر عوامی بہبود کا تحریک انصاف کا عزم مستحکم اور قوی ہے ۔ عوام کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام متعار ف کرایا جا رہا ہے جو حقیقی انداز میں عوام کے مسائل کے حل میں مدد گا ر ہوگا اور اپنے مسائل کے حل کیلئے عوام کو اہل اقتدار کے ایوانوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ان کی مرضی کے مطابق حل کئے جائیں گے اور یہی وہ تبدیلی ہے جس کیلئے عوام نے تحریک انصا ف کو ووٹ کی طاقت سے خدمت کا مینڈیٹ دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختصر وقت میں ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جو پہلے کبھی ملکی تاریخ میں نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کا ناسور ہے ، کرپشن کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی ر ابطہ رکھیں اوراپنے علاقے میںجاکر عوامی مسائل حل کرےں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے اس موقع پر کہا کہ عوامی وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں اور پنجاب عمران خان کے تبدیلی کے وژن پر پوری طرح عملدرآمد کر رہا ہے-انہوںنے کہا کہ ٹیم کی قیادت ایک ایسے سیاست دان کے پاس ہے جو عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہی رکھتا ہے۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنےوالے اراکین صوبائی اسمبلی ا مجد محمود چوہدری، عمار صدیق خان،چوہدری محمد عدنان، چوہدری ساجد محمود،لطاسب ستی، عابدہ راجہ، ملک تیمور مسعود، راجہ صغےر، عمر تنویر بٹ، واثق عباسی، چوہدری جاوید کوثراوردےگر شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حضرت محمد کی ولادت باسعادت کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے عےدمےلاد النبی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ خاتم الانبیائ، محسن انسانیت حضرت محمد کی ولادت باسعادت تاریخ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔ محسن انسانیت حضرت محمد اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے اور مختصر مدت مےں مثالی سماجی اور معاشی نظام دےا۔ رسول اکرم کی مثالی طرز حکمرانی سے دنیا کی بہترین اسلامی فلاحی ریاست ”مدینہ“ قائم ہوئی لیکن آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مثالی ریاست مدینہ کی جھلک ہمہ وقت ہمارے سامنے ہو تاکہ ہم اپنے مسائل کو ا±سوئہ حسنہ کی روشنی میں حل کر سکیں۔انہوںنے کہا کہ نبی آخرالزماں نے امن وآشتی، اخوت، احترام انسانےت، مساوات، عفوودرگزر اور عدل و انصاف کا درس دےا ۔ حضوراکرم کی تعلےمات پر عمل پےرا ہو کرمعاشرے سے ظلم ،زےادتی،ناانصافی اور بدامنی کا خاتمہ کےا جاسکتا ہے اورآپ کے اسوہ حسنہ پر عمل پےرا ہوکرپاکستان کو درپےش تمام مسائل سے نجات دلا کرامن کا گہوارہ بناےا جاسکتا ہے۔ بدامنی اوردہشت گردی کی آگ مےں جلتی انسانےت کو آپ کی تعلےمات پر عمل پےراہوکر ہی امن و سکون مل سکتا ہے ۔ آپ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں امت کےلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے برطانوی ریڈنگ کلچرل سوسائٹی (RCS) کے تین رکنی وفد نے چیئرمین ڈاکٹر شاہد شریف کی قیادت میںملاقات کی۔وفد کے ارکان میں ڈاکٹر آصف بٹ اور عبدالنوید شامل تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت کرنے والے ڈاکٹرشاہدشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا کہ ان کے دورے کا مقصد ثقافت کا تبادلہ، کینسرکے بارے مےں آگاہی،موبائل میڈیکل کیمپس اورپاکستان کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کی فلاح وبہبود اور انہیں طبی خدمات فراہم کرنے کےلئے ائیر ایمبولینس کے حصول کےلئے فنڈریزنگ کے اقدامات کے بارے مےں مشاورت شامل ہے۔ریڈنگ کلچرل سوسائٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو برطانیہ کے دورے کی بھی دعوت دی جسے وزیراعلیٰ نے قبول کےا۔

ٹرمپ کی ہرزہ سرائی پر امریکی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

اسلام آباد، واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ پاکستان مخالف بیانات پر دفتر خارجہ نے امریکی ناظم الامور کو طلب کرکے غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات پر سخت احتجاج ریکارڈ کروایا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے احتجاجی مراسلہ امریکی ناظم الامور سفیر پال جونز کے حوالے کیا۔ترجمان کے مطابق مراسلے میں پاکستان کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات پر سخت احتجاج کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکی صدر کی حالیہ ٹویٹس پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ القاعدہ کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، ان تمام اقدامات کے باوجود اس قسم کے بیانات ناقابل قبول ہیں۔ترجمان کے مطابق اس موقع پر سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بہت بھاری قیمت ادا کی ہے اور خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے ہماری کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہیے کہ القاعدہ کی اعلیٰ قیادت پاکستان کے تعاون کے باعث ہی پکڑی یا ماری گئی اور القاعدہ کی لیڈر شپ کو پکڑنے میں پاکستان کی کاوشوں کو امریکا نے بارہا تسلیم کیا۔ترجمان نے امریکی ناظم الامور کو یہ بھی باور کروایا کہ پاکستان نے افغان جنگ کےلئے اپنے فضائی، زمینی اور سمندری راستے فراہم کیے اور وہ امریکا اور خطے کے دیگر ممالک سے مل کر افغان جنگ کے خاتمے اور مفاہمتی عمل کے لیے کوشاں ہے۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ امریکی بیانات اور الزامات ان کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ پاکستان نے ہمارے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو سالانہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ دیتے تھے، ہم پاکستان کو سپورٹ کر رہے تھے اور القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن وہاں ملٹری اکیڈمی کے قریب آرام سے رہائش پریز تھا۔پاکستان میں ہر کوئی اسامہ بن لادن کے بارے میں جانتا تھا لیکن انہوں نے ہمیں اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگان)نے اسلام آباد کو جنوبی ایشیا میں واشنگٹن کا اہم اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے فوجی تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔پینٹاگان کے ڈائریکٹر پریس آپریشنز کرنل راب میننگ نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفادات ہیں اور پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کا کردار کلیدی ہے۔راب میننگ کا مزید کہنا تھا کہ پاک-امریکا فوجی تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔ پاکستان کے بھرپور ردعمل پر امریکی حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور امریکہ نے پاکستان سے تحریری طور پر رابطہ کرلیا۔ امریکی سینئر حکام نے پاکستان کے وزارت خارجہ سے رابطہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق امریکی حکام نے وزارت خارجہ کو سفارتی سطح پر رابطہ جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے عندیہ دیا کہ پومپیو کے دورے میں طے کردہ معاملات پر رابطے جاری رکھے جائینگے۔ امریکی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں امریکی حکام کا موقف تھا کہ امریکہ پاکستان کے مزید تعاون کی ضرورت رہے گی۔ پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔

پاکستان کی عزت اور سلامتی ہمیشہ اولین ترجیح رہیگی : آرمی چیف

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف آف سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور اسے کامیاب بنایا، اب دنیا ہماری قربانیوں کو تسلیم کرے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے ساتھ خطے میں امن کے لئے بھی ہم نے اپنے تعاون اور مدد فراہم کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی اور اس کی سب سے بھاری قیمت بھی ادا کی، جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا ہم نے فوجی، اقتصادی، سماجی، سیاسی طور پر سب سے زیادہ قربانیاں دیں اب وقت ہے کہ دنیا ہماری قربانیوں کو تسلیم کرے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا علاقائی امن میں بھی کردار سب سے نمایاں ہے، ہماری جانب سے افغانستان میں قیام امن کے لئے کوششیں بھی کی گئیں یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ سپہ سالار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں بھی امن کے لے سب سے زیادہ کردار ادا کیا کیونکہ ہم افعانستان میں امن چاہتے ہیں مگر پاکستان کا احترام اور سکیورٹی سب سے مقدم ہے۔

وزیراعظم عمران خان ملائیشیا پہنچ گئے ، والہانہ استقبال

کوالالمپور (مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان ملائیشیا کے 2روزہ دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے نجی ٹی وی کے مطابق ملائیشیا کے نائب وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا وزیراعظم اپنے دورہ میں ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے اہم ملاقات کرینگے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، مشیر تجارت عبدالرزاق داد وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشیا کے ہم منصب مہاتیرمحمد کے درمیان آج بدھ کو اہم ملاقات میں علاقائی اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پت تبادلہ خیال ہوگا۔ دوطرفہ تعاون پر بات چیت ہوگی،وزیراعظم ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں،وزیراعظم کوملائیشیاکی ترقی کے ماڈل پربریفنگ دی جائےگی،اس کے علاوہ تعمیرات، روزگارکے مواقع بڑھانے پربھی بریفنگ دی جائےگی۔وزیراعظم حال ہی میں متحدہ عرب عمارات کے سرکاری دورے سے واپس آئے ہیں اور ماضی قریب میں بھی پاکستان کو معاشی بدحالی سے نکالنے کےلئے مختلف ممالک کے دورے کئے ہیں۔عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کےلئے دوست ممالک سے مدد لی جائے تاکہ آئی ایم ایف پر کم سے کم انحصار کیا جائے۔ اسی سلسلے میں سعودی عرب نے پاکستان کو تین ارب ڈالر نقد رقم اور ادھار تیل دینے کا وعدہ کیا ہے۔وزیراعظم چین کا دورہ بھی کر چکے ہیں جہاں دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں تاہم مالی امداد کی کوئی معلومات سرکاری ذرائع سے منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔

بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن کی مسلم امہ کو عید میلادالنبی پر مبارکباد

ممبئی (آئی این پی) بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے مسلم امہ کو جشن عید میلادالنبی کی مبارکباد دی ہے۔ امیتابھ بچن نے ٹوئٹر اور فیس بک پر حضور اکرم کی ولادت باسعادت کے موقع پر تمام مسلمانوں کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے جشن عید میلادالنبی کے حوالے سے ایک خوبصورت تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور لکھا میری طرف سے تمام لوگوں کو جشن عید میلادالنبی مبارک ہو۔ اس کے علاوہ امیتابھ نے اس مبارک دن پر محبت، امن اور خوشحالی کا پیغام بھی دیا۔

ویمنز ورلڈ ٹی20کےسیمی فائنلز کل

اینٹیگوا (اے پی پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے سیمی فائنلز (کل) کھیلے جائینگے۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کرینگی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔

میگا ایونٹ ویسٹ انڈیز میں اپنی آب و تاب کے ساتھ جاری ہے اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچنے والا ہے۔ میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ گروپ میچز کے اختتام پر گروپ اے میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔ میزبان ٹیم نے اپنے گروپ میں چار میچز کھیلے اور چاروں میں ہی اس نے کامیابی اپنے نام کر کے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ انگلنیڈ کی ٹیم 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اسی طرح گروپ بی میں بھارتی ٹیم اب تک ناقابل شکست رہی ہے، بھارت ٹیم اپنے چاروں گروپ میچز جیت کر اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ گروپ بی میں آسٹریلین ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز 22 نومبر کو کھیلے جائینگے جبکہ فائنل میچ 24 نومبر کو کھیلا جائیگا۔

جشن میلاد النبی آج منایا جا رہا ہے، ہر سو درودوسلام کی صدائیں

لاہور، اسلام آباد، کراچی (نمائندگان خبریں) جس سہانی گھڑی چمکا طیبہ کا چاند‘ اس دل افروزساعت پہ لاکھوں سلام‘ آمدمصطفی ‘ مرحبا مرحبا‘ ملک بھرمیں بھی جشن عید میلادالنبی آج مذہبی جوش و جذبہ اور اس عہد کی تجدیدکے ساتھ منائی جارہی ہے کہ تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت کےلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ جشن عید میلادالنبی کو سرکاری طورپرشایان شان اندازسے منانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ جشن عیدمیلادالنبی کے حوالہ سے ماہ ربیع الاول کے دوران پورا ماہ مختلف تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری محکموں میں درودوسلام کی محافل، محافل میلادالنبی کا انعقاد‘ سرکاری، نیم سرکاری ونجی عمارات پر چراغاں سمیت دیگر تقریبات کاانعقادکیاجا رہا ہے۔ دارالحکومت میں ایوان صدر، ایوان وزیراعظم، سیکرٹریٹ ہاءسمیت تمام سرکاری عمارات پر چراغاں اورقومی پرچم، جھنڈیاں اور سبزگنبدوالے پرچم لہرائے گئے ہیں اورپورا شہر بقعہ نورکامنظر پیش کر رہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس دن کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ عید میلاد النبی کے سلسلہ میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں ،قصبوں میں سیرت النبی کانفرنسزکا انعقاد کیا جائیگا جس میں آپ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالی جائے گی جبکہ ہزاروں مقامات پر محافل منعقد کی جائیں گی جن میں معروف نعت خواں ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔عید میلاد النبی کے سلسلہ میں ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے جس میں شرکاءسارے راستے درود پاک پڑھیں گے ۔ملک بھر میں مساجد،گھروں،گلیوں اور بازاروں کو خصوصی طور پر جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ مساجد اور سرکاری ،نجی عمارتوں پر دیدہ زیب چراغاں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔دارالحکومت اسلام آباد کی تمام سرکاری عمارتیں برقی قمقموں سے جگ مگ کررہی ہیں جبکہ پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور دیگر عمارتیں بھی سجا دی گئی ہیں۔پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔