ٹینس سٹارثانیہ مرزا کی سالگرہ پر مبارکبادوں کے ڈھیر لگ گئے

حیدرآباد دکن(آئی این پی) بھارتی ٹینس اسٹار اور شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے زندگی کی 32بہاریں دیکھ لیں۔15نومبر 1986کو ممبئی میں پیدا ہونے والی ثانیہ مرزا نے کیریئر میں 6گرینڈ سلیم ٹائٹلز کے ساتھ سیالکوٹی منڈے شعیب ملک کا دل جیتا،دونوں اسٹارز کی شادی 2010میں ہوئی تھی، حال ہی میں ان کے ہاں ننھے مہمان اذہان کی آمد ہوئی ہے۔نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریزمیں شرکت کے بعد یواے ای سے روانہ ہونے والے شعیب ملک ان دنوں دونوں بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں فیملی کیساتھ موجود ہیں۔آل رانڈر نے بیوی اور بچے کو وقت دینے کیلیے ٹی ٹین لیگ میں شرکت سے بھی معذرت کرلی تھی، دونوں اسٹارز اپنے نوزائیدہ بیٹے اذہان کیساتھ ثانیہ مرزا کی پہلی سالگرہ منارہے ہیں۔اس موقع پر بڑی تعداد میں کھیلوں اور فلم انڈسٹری کے ستارے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر مبارکبادیں دے رہے ہیں۔جواب میں ثانیہ مرزا بھی نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کررہی ہیں۔

کرکٹ کمیٹی 6ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی ، توقیر ضیا

اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)توقیر ضیا نے کہا ہے کہ جس انداز سے کرکٹ کمیٹی کے اراکین بیان بازی کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہا تو کمیٹی 6 ماہ کے اندر ختم بھی ہو جائیگی۔ ایک انٹرویومیں توقیر ضیا نے کہا کہ سابق ٹیسٹ کر کٹر محسن حسن خان کی سربراہی میں کام کرنے والی کرکٹ کمیٹی کا کردار ان کی نظر میں کرکٹ معاملات سے زیادہ مشاورتی لگ رہا ہے۔انہوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی کے اراکین جس انداز میں بیان بازی کر رہے ہیں انھیں نہیں لگتا کہ اس کمیٹی کا مستقبل زیادہ تابناک ہے ،اگر یہ کمیٹی اسی انداز میں بیان دیتی رہی تو 6 ماہ کے اندر ختم بھی ہو جا ئیگی۔قومی کر کٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہو ئے پی سی بی کے سابق سربراہ نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کس بات کا انتظار کررہے ہیں، انہیں تو فی الفور وکٹ کیپر کو ورلڈ کپ کیلئے کپتان نامزر کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی ٹیم میں شعیب ملک اور محمد حفیظ دو ایسے سابق کپتان ہیں جنہیں قیادت کے مقابلے میں دیکھا جاسکتا ہے ، البتہ انہیں نہیں لگتا کہ پی سی بی اس حوالے سے کچھ سوچ رہی ہے لہذا مناسب ہو گا کہ احسان مانی سرفراز کی قایدت کاباقاعدہ اعلان کر کے ساری قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیں۔، ورنہ لوگ باتیں کرتے رہیں گے۔پی سی بی کے معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے توقیر ضیا کا کہنا تھا کہ احسان مانی کو بطور چیئرمین کچھ وقت دینا چاہیے کیونکہ وہ کرکٹ کے معاملات میں وہ بڑی سوجھ بوجھ رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل میں پی سی بی کے سربراہ ہوتے ہوئے میں نے ہی انہیں آئی سی سی کی صدارت کیلئے بھیجا تھا۔سابق چیئرمین نے پی سی بی منیجنگ ڈائریکٹر کے تقرر پر بات کرتے ہو ئے کہا کہ چیف آپریٹنگ آفیسر کی موجودگی میں یہ تقرری ان کی سمجھ سے باہر ہے۔#/s#

شہید ایس پی طاہر داوڑ کو پشاور میں سپرد خاک کردیا گیا

پشاور(ویب ڈیسک)افغانستان میں شہید کیے جانے والے ایس پی طاہر داوڑ کی نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کردی گئی جس کے بعد انہیں حیات آباد فیز 6 کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ذرائعکے مطابق خیبرپختونخوا کے افسر طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے لیے افغانستان کے شہر جلال آباد سے طورخم بارڈر لایا گیا جہاں جسد خاکی وصول کرنے کے لیے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اور صوبائی ترجمان اجمل وزیر موجود تھے۔ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر افغان حکام نے ایس پی طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کو دینے سے انکار کردیا تھا تاہم حکومتی وفد کی جانب سے افغان حکام سے مذاکرات کے بعد طاہر خان کی میت طورخم بارڈر پر پاکستان کے حوالے کی گئی جس کے بعد میت کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچایا گیا۔شہید طاہر داوڑ کی نمازہ جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی، وزیر اعلی محمود خان، آئی جی خیبر پختون خوا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہرمحمود، آئی جی ایف سی، چیف سیکریٹری، صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی سمیت فوج اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی جس کے بعد حیات آباد فیز 6 کے قبرستان میں ان کی تدفین کردی گئی۔صوبائی وزیر خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریا آفریدی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بڑی بے دردی سے ہمارے بہادرسپوت کو شہید کیا گیا جب کہ شہید کا جسدِ خاکی وصول کرنے کے لیے طورخم بارڈر پر ازیت ناک صورت حال کا سامنا رہا، سرحدپر ہمیں ڈھائی گھنٹے انتظار کرایا گیا جس کا مقصد شہید کی لاش پر پاکستان میں انتشار پھیلانا تھا۔انہوں نے کہا کہ شہید کی لاش کو جلال آباد میں ہمارے قونصل خانے کو حوالے نہیں کیا گیا جو کہ افسوسناک ہے، شہید کی میت کی پاکستان حوالگی سے متعلق افغان حکومت کے رویے پر دکھ ہوا،اس پورے معاملے پر وزیراعظم کو بریفنگ دیں گے۔

وزیراعظم کا حوالہ اور ہنڈی کا دھندہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاﺅن کا حکم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے ایف آئی اے کو ملک بھر میں حوالہ، ہنڈی کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کاحکم دیدیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حوالہ اور ہنڈی کے خاتمے کے لیے ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کے حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ ملک بھر میں حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور اور منظم کارروائی کی جائے۔وزیراعظم کے حکم پر عملدرآمد کے لیے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر ز کی جانب سے تمام زونز کے ڈائریکٹرز کو فوری کریک ڈاﺅن کی احکامات جاری کردیئے گئے۔ایف آئی اے نے کریک ڈاﺅن میں ملازمین کی بجائے ہنڈی کا اصل دہندہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔اس ضمن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے زونل ڈائریکٹرز کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ روزانہ ہر زون پانچ چھاپے مارے اور جامع رپورٹ جمع کرائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ڈی جی ایف آئی اے نے جمعہ کو زونل ڈائریکٹرز کا خصوصی اجلاس بلا لیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کیلیے ٹرافی کی تقریب رونمائی

ابوظہبی(ویب ڈیسک)پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کل ابو ظہبی میں پہلے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ابوظہبی میں ہونے والی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں دونوں ٹیموں کے کپتان اور اسپانسر اداروں کے نمائندے شریک ہوئے، بعدازاں میزبان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور کیوی ہم منصب کین ولیمسن نے پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ٹرافی پر قبضہ جمانے کا عزم ظاہر کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 24 نومبر سے دبئی میں ہوگا جب کہ تیسرے میچ کے لیے دونوں اسکواڈ ایک بار پھر ابوظہبی واپس آئیں گے جہاں میچ کا آغاز 3 دسمبر سے ہوگا۔

شاہین آفریدی کیویز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں میدان میں نہیں اتریں گے

ابوظہبی(ویب ڈیسک)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شاہین آفریدی کو کیویز کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہ کھلانے کا اشارہ دے دیا۔ابوظہبی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ضرورت پڑی تو شاہین آفریدی کو ضرور آزمائیں گے، ون ڈے سیریز میں پاکستان ٹیم اچھی فارم میں نظر آئی لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں کیویز کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا ہوگا، مہمان اسکواڈ اس فارمیٹ میں خاصا مضبوط ہے، خاص طور پر بولنگ بہت اچھی ہے، ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساﺅتھی تجربہ کار ہیں، ہمیں ان کو بہتر انداز میں کھیلنے کے لئے محنت کرنا ہوگی۔سرفراز احمد نے کہا کہ حارث سہیل نے ون ڈے میں اچھی فارم کی جھلک دکھلائی، ٹیسٹ میچز میں بھی ان سے اچھی کارکردگی کی امیدیں ہیں، یاسر شاہ بھی کینگروز کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں ردھم میں آ گئے تھے، کیویز کے خلاف بھی ہمارا ٹرمپ کارڈ ہوں گے، بلال آصف بھی اس فارمیٹ کا تجربہ حاصل کرتے جا رہے ہیں، اسپنر سے اچھی کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں، کنڈیشنز ہمارے لئے زیادہ سازگار ہیں لیکن حریف کی قوت کو نظر انداز نہیں کرسکتے، پیسر محمد عباس کی کارکردگی میں تسلسل کا پاکستان ٹیم کو فائدہ ہوگا۔

سندھ بھر میں 20 ربیع الاول تک ڈبل سواری پر پابندی عائد

کراچی(ویب ڈیسک) محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے یکم تا 20 ربیع الاول ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے مطابق صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جب کہ اسلحہ لے کر چلنے کے تمام اجازت نامے بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔نوٹی فکیشن میں یہ بھی کہا گیا کہ پابندی کے دوران لاﺅڈ اسپیکر کے استعمال سمیت نفرت انگیز تقاریر پر مبنی آڈیو اور ویڈیو بیانات چلانے کی بھی ممانعت ہوگی۔پابندی کے دوران عید میلا النبیکے جلوسوں، میلاد النبی کی محافل اور چپ تعزیوں کے علاوہ پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہوگی جو کہ یکم تا 20 ربیع الاول عائد رہے گی۔

افغانستان نے ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کردیا، نماز جنازہ اد

پشاور(ویب ڈیسک)افغان حکام نے ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کردیا جس کے بعد پولیس لائن پشاور میں ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے آفسر طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے لیے افغانستان کے شہر جلال آباد سے طورخم بارڈر لایا گیا جہاں جسد خاکی وصول کرنے کے لیے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اور صوبائی ترجمان اجمل وزیر موجود تھے۔ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر افغان حکام نے ایس پی طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کو دینے سے انکار کردیا تھا تاہم حکومتی وفد کی جانب سے افغان حکام سے مذاکرات کے بعد طاہر خان کی میت طورخم بارڈر پر پاکستان کے حوالے کی گئی جس کے بعد پولیس ٹیم میت کو لے کر لنڈی کوتل روانہ ہوگئی ہے۔جسد خاکی ملنے کے بعد شہید کی نمازہ جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کردی گئی۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی، وزیر اعلی کے پی کے محمود خان، آئی جی خیبر پختون خوا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہرمحمود، آئی جی ایف سی، چیف سیکریٹری، صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی سمیت فوج اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خالی کو سلامی پیش کی۔

جناح ہوتے تو خالصتان بھی ہوتا،سکھوں کا پچھتاوا

نیویارک(خصوصی رپورٹ)خالصتان انٹرنیشل افیئرز سنٹر نارتھ امریکہ کے سربراہ ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے کہا ہے کہ اگر سکھوں کے پاس قائداعظم محمد علی جناح جیسا ایک لیڈر بھی ہوتا تو آج پاکستان کی طرح خالصتان بھی دنیا کے نقشے پر موجود ہوتا، پاکستانی خوش قسمت ہیں کہ انہیں جناح جیسا باکردار اور جرات مند لیڈر ملا، دنیا بھر کے سکھ چاہتے ہیں کہ پاکستان مزید مضبوط ہو، ہماری بہت سی امیدیں پاکستان سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا اگر پاکستان کی حکومت کشمیر کی طرح خالصتان کی آزادی کو بھی اپنی پالیسی کا حصہ بنا لے تو 30 ملین سکھ پاکستان کا یہ احسان کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔مودی حکومت جس طرح مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے ، ایک وقت آئے گا کہ کشمیری اور سکھ بھارتی تسلط سے آزاد ہوں گے ، ہم مل کر پاکستان کی مضبوطی کیلئے کام کریں گے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا نیا چیف جسٹس کسے بنایا گیا ہے؟ بڑی خبر آ گئی

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس اطہر من اللہ کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تقرری کی منظوری دیدی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے یکم نومبر کو سینئر ترین جج جسٹس اطہر من اللہ کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ بنانے کی سفارش کی تھی۔ 8 نومبر کو پارلیمانی کمیٹی نے جوڈیشل کمیشن کی سفارش پر جسٹس اطہر من اللہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی منظوری دی تھی جس کے بعد معاملہ صدر مملکت کو بھیج دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے جسٹس اطہر من اللہ کی بطور اسلام آباد ہائیکورٹ تقرری کی منظوری دیدی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس انور خان کاسی کے بعد معزول جسٹس شوکت عزیز صدیقی سینئر ترین جج تھے جنہیں متنازع بیان کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل نے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی تھی جس کا نوٹیفکیشن وزارت قانون کی جانب سے جاری کیا گیا۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے بعد جسٹس اطہر من اللہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج تھے۔