وزیر خارجہ کی پاکستانی قونصل خانے کو عافیہ صدیقی سے متعلق خصوصی ہدایات

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی اور عافیہ صدیقی کی واپسی پر بات چیت کی۔اسلام آباد میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے امریکا میں قید عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی اور دونوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی پاکستان منتقلی پر تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو عافیہ صدیقی کیس کے سلسلے میں کی جانے والی کوشش سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی قونصل خانہ عافیہ صدیقی کی صحت اور ان کے انسانی و قانونی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے باقاعدگی کے ساتھ ’قونصلر وزٹس‘ کا اہتمام کرے گا۔

”مشن ورلڈ کپ“ فتح کا نسخہ ملنے تک بیٹنگ میں تجربات ہونگے، سرفراز احمد

لاہور(ویب ڈیسک) قومی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ”مشن ورلڈکپ“ کیلیے فتح کا نسخہ ملنے تک پاکستان بیٹنگ میں تجربات کرتا رہے گا۔دبئی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے سیریز کے آخری مقابلے کیلیے ہم نے بیٹنگ میں نیا تجربہ کیا، ہمارے پاس موجود محمد حفیظ، حارث سہیل شعیب ملک اور فخر زمان جیسے کرکٹرز پانچویں بولر کی کمی پوری کر سکتے ہیں، اس لیے ایک اضافی بیٹسمین کو شامل کیا۔کپتان نے کہا کہ حارث سہیل کی ثابت قدمی کی وجہ سے مڈل آرڈر مستحکم نظر آیا، پچ مشکل اور گیند بیٹ پر نہیں آرہی تھی لیکن انھوں نے ٹیم کی ضرورت کے مطابق اچھی اننگز کھیل کر بڑے اسکور کی راہ ہموار کردی،ٹیم کو آئندہ جنوبی افریقہ کیخلاف مشکل سیریز کھیلنا ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ سے ون ڈے میچز کے بعد ورلڈکپ کا بڑا چیلنج درپیش ہوگا، ہم کوشش کرینگے کہ میگا ایونٹ تک چند تجربات و مختلف کمبی نیشن آزما لیں اور ایک متوازن ٹیم لے کر میدان میں اتریں۔انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے تیسرے ون ڈے کی پچ اور کنڈیشنز کو دیکھا جائے تو پاکستان نے ایک اچھا مجموعہ حاصل کر لیا تھا، کیویز کیلیے یہاں ہدف کا تعاقب مشکل ہوتا، سیریز جیتنے کیلیے ہماری پوزیشن خاصی بہتر تھی لیکن بارش ہوگئی، دبئی میں پہلا انٹرنیشنل میچ خراب موسم کی وجہ سے ختم کرنا پڑا،اس سے قبل شارجہ اور دبئی میں پی ایس ایل میچز متاثر ہوئے تھے، سیریز نہ جیت پانے پر مایوسی ضرور ہوئی لیکن کچھ چیزیں قدرت کی طرف سے ہوتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں گرین شرٹس کو کھیل میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، کیویز کیخلاف پہلے میچ میں ابتدائی وکٹیں جلد گنوانے کی وجہ سے مشکلات ہوئیں، دوسرے میں بیٹنگ لائن نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، تیسرے میں مزید بہتری دیکھنے میں آئی۔سرفراز احمد نے کہا کہ اگرچہ یو اے ای میں تینوں ون ڈے میچز کے دوران ٹاپ آرڈر اور بیٹنگ لائن کی مجموعی کارکردگی میں مسلسل بہتری آئی لیکن جنوبی افریقہ اور دیگر ملکوں میں بھی مزید استحکام لانا ہوگا، پیس اور باﺅنس والی پچز پر دونوں اینڈ سے نئی استعمال ہو رہی ہو تو ٹاپ آرڈر کی طرف سے اچھا آغاز ملنا انتہائی ضروری ہے، بنیاد اچھی ملے گی تو اسکور بہتر ہوگا، بیٹسمین 270 یا 280 کا مجموعہ حاصل کرلیں تو بولرز میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ ہدف کا دفاع کر سکیں۔انھوں نے کہا کہ ایک اضافی بیٹسمین کھلانے کا تجربہ تیسرے ون ڈے میں کامیاب رہا، ہوسکتا ہے کہ آگے چل کر یہی ہمارے لیے موزوں ثابت ہوا،ہم3 پیسرزاور ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے آل راﺅنڈرز کی مدد سے پانچویں بولر کی کمی پوری کرسکتے ہیں۔کریز پر سیٹ ہونے کے باوجود بابر اعظم کے وکٹ گنوانے کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ نوجوان بیٹسمین نے اپنے لیے نہیں ٹیم کیلیے اسٹروک کھیلا، میچ کی صورتحال کے مطابق انھوں نے کچھ غلط نہیں کیا، اگر گیند صحیح طرح بیٹ پر آجاتی تووہ سنچری مکمل کر لیتے، ہمارے لیے زیادہ اطمینان کی بات یہ ہے کہ بابراعظم ذمہ داری لیتے ہوئے اپنی اننگز بناتے ہیں جو ٹیم کے کام آتی ہے۔امید ہے کہ آنے والے وقت میں سنچریاں بھی بناتے جائیں گے۔ ایک سوال پر کپتان نے کہا کہ امام الحق فٹ ہیں لیکن انھیں تیسرے ون ڈے نہ کھلانے کا فیصلہ احتیاطی طور پر کیا، سر پر چوٹ لگنے کے بعد بیٹسمین کو فوری میدان میں اتارنا مناسب نہیں سمجھا جاتا، اسی لیے انھیں آرام دینے کا فیصلہ کیا،ہمیں ٹیسٹ سیریز میں اوپنرکی خدمات حاصل ہو گی۔

اقتصادی تبدیلی کے ہدف کیلیے آئی ایم ایف سے امداد کے خواہاں ہیں، وزیر خزانہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت اقتصادی تبدیلی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے آئی ایم ایف سے امداد حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات کا دوسرا دور مکمل ہوگیا اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف سے پالیسی سطح کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے آئی ایم ایف کے ساتھ ملکی معیشت کے مختلف شعبوں کے تخمینہ جات پر تبادلہ خیال کیا، وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف ٹیم کو ملکی معیشت کے حوالے سے حکومتی ویڑن سمیت ملکی معیشت میں عدم توازن دور کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔آئی ایم ایف کے وفد سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت جامع اصلاحات کا ایجنڈا لے کر اقتدار میں آئی ہے، ہم ملک کے غریب اور پسماندہ طبقے کے تحفظ و بہتری اور اسٹرکچرل اور ادارہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد کا پختہ عزم رکھتے ہیں، اسٹرکچرل اور گورننس ریفارمز کے ذریعے ملکی مقامی صنعت کی بحالی و برآمدی شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ حکومت اقتصادی تبدیلی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے آئی ایم ایف سے امداد حاصل کرنے کی خواہاں ہے، سماجی تحفظ، انسانی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے زیادہ پیسے خرچ کیے جائیں گے۔

سری لنکا کی سپریم کورٹ نے صدر کا اقدام کالعدم قرار دیکر اسمبلی بحال کردی

کولمبو(ویب ڈیسک) سری لنکا کی سپریم کورٹ نے صدر سری سینا کے اسمبلی تحلیل کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے کر اسمبلی بحال کردی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں پیدا ہونے والا سیاسی بحران کا ڈراپ سین ہوگیا ہے، تازہ ترین صورت حال میں سپریم کورٹ نے صدر کے اسمبلی تحلیل کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے کر پارلیمنٹ بحال کردی ہے۔چیف جسٹس نالن پریرا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے برطرف وزیراعظم کے درخواست کی سماعت کی اور سری لنکا کی تاریخ کا سنگ میل بننے والے فیصلے میں صدر کی جانب سے 5 جنوری کو نئے الیکشن کرانے کے اقدام کو روک کر پارلیمنٹ بحال کردی۔سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے 28 اکتوبر کو اپنے ہی حلیف وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے کو برطرف کر کے اپوزیشن لیڈر مہندرا راجاپاکسے کو نیا وزیراعظم مقرر کردیا تھا۔ جسے وکرما سنگھے نے ماننے سے انکار کردیا تھا۔وکرما سنگھے کے صدر کا فیصلہ نہ ماننے اور وزیراعظم ہاﺅس خالی نہ کرنے پر صدر سری سینا نے پارلیمنٹ کو ہی معطل کردیا تھا تاکہ نئے وزیراعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے لابی کرسکیں۔صدر سری سینا کے مقرر کردہ وزیراعظم پارلیمنٹ سے مطلوبہ حمایت حاصل نہ کرسکے جس کے بعد 10 نومبر کو صدر سری سینا نے پارلیمنٹ ہی تحلیل کردی اور نئے الیکشن کے لیے 5 جنوری کی تاریخ دے دی تھی۔صدر سری سینا کے فیصلوں کے خلاف سابق وزیراعظم وکرما سنگھے نے سپریم کورٹ سے رجوع کر کے انتخابات رکوانے اور اسمبلی کی بحالی کی استدعا کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے تاریخ ساز فیصلے میں اسمبلی بحال کردی۔

آفریدی اور کراچی کنگز کی راہیں جدا، پی ایس ایل پلیئرز کی ریلیز کا مرحلہ مکمل

کراچی (ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے ٹیموں کی تشکیل کیلئے پلیئرز ڈرافٹ سے قبل پلیئرز کو ریلیز کرنے کا مرحلہ مکمل ہوگیا جس کے ساتھ ہی شاہد آفریدی اور کراچی کنگز کی راہیں بھی جدا ہوگئیں۔پاکستان سپر لیگ کیلئے ٹیموں میں برقرار رکھنے جانے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان منگل کو کیا گیا۔پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز نے فخر زمان کو پلاٹینیم اور یاسر شاہ کو ڈائمنڈ میں برقرار رکھا ہے جب کہ کرس لن، سہیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ، عامر یامین، بلاول بھٹی، مستفیض الرحمن، مچل میک کلینگن اور رضا حسن کو ریلیز کردیا گیا ہے۔شاہین شاہ آفریدی کو قلندرز کا پلیئر ایمبسیڈر بنادیا گیا ہے جس کہ بعد وہ گولڈ سے سلور کیٹیگری میں آگئے ہیں۔قلندرز کی ٹیم پلیئرز ڈرافٹ میں پلاٹینیم کے 2، ڈائمنڈ کے 2، گولڈ کا ایک، سلور کا ایک اور ایمرجنگ یا ٹیلنٹ ہنٹ کیٹیگری میں 2 پلیئرز پک کرے گی۔ کراچی کنگز نے شاہد آفریدی کو ریلیز کرتے ہوئے، پلاٹینیم میں کولن منرو، محمد عامر اور بابر اعظم کو رکھا ہے۔کولن انگرام کو پلیئر ایمبسیڈر مقرر کیا ہے جس کے بعد وہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں آگئے ہیں۔کراچی کنگز کی ٹیم پلاٹینیم اور ڈائمنڈ میں کوئی کھلاڑی پک نہیں کرپائے گی جب کہ گولڈ میں اس کے پاس ایک پک ہے اور سلور میں کی پانچ، ایمرجنگ یا ٹیلنٹ ہنٹ کی 2 کیٹیگریز کی پک بھی وہ استعمال کرسکے گی۔دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹیڈ نے لیوک رونکی، شاداب خان اور فہیم اشرف کو پلاٹینیم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے جس کے بعد پلیئرز ڈرافٹ میں اس کے پاس مزید پک نہیں ہوگی، ڈائمنڈ میں اس نے آصف علی اور محمد سمیع کو برقرار رکھا ہے۔گولڈ میں رومان ریئس، سلور میں اس نے حسین طلعت کو بطور ایمبسیڈر رکھا ہے جب کہ وقار مقصود، صاحبزادہ فرحان اور ظفر گوہر کو برقرار رکھا ہے۔اسلام آباد کے پاس پلیئرز ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کی ایک، گولڈ کی 2، سلور کی ایک جب کہ ایمرجنگ کی دو پکس موجود ہیں۔پشاور زلمی نے وہاب ریاض اور حسن علی کو پلاٹینم برقرار رکھا ہے جب کہ اس کے پاس ایک پلاٹینم پک ہے جس میں غیر ملکی پلیئر کو پک کرنا لازمی ہے۔کامران اکمل کو اس نے پلیئر ایمبسیڈر بنایا ہے جس کے بعد وہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں آگئے ہیں، ڈیرن سیمی بھی ڈائمنڈ میں ہیں جب کہ لیام ڈاوسن گولڈ میں برقرار ہے۔ پشاور زلمی کے پاس پلیئرز ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کی ایک، گولڈ کی دو، سلور کی تین جبکہ ایمرجنگ کی ایک پک موجود ہے۔ملتان سلطانز نے پلاٹینیم میں صرف شعیب ملک کو برقرار رکھا ہے، عمران طاہر اور کیرون پولارڈ کو ریلیز کردیا گیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈییٹر نے سرفراز احمد کو پلاٹینیم میں برقرار رکھا ہے، سنیل نارائن ٹریڈ کے بعد پلاٹینیم میں اس کے پاس آئے ہیں جس کے بعد اس کے پاس پلاٹینم کی ایک پک بچی ہے۔جب کہ ڈائمنڈ میں ایمبسیڈر شین واٹسن، سہیل تنویر اور محمد نواز کی برقراری کے بعد اس کیٹیگری میں کوئٹہ کے پاس کوئی پک نہیں۔پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی تقریب 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔

وزیراعظم نے اسلام آباد کا ماسٹر پلان تبدیل کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کا ماسٹر پلان تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد کے ماسٹر پلان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں حکام کی بریفنگ اور تمام تر پہلوﺅں کا جائزہ لینے کے بعد ماسٹر پلان تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ماسٹر پلان میں تبدیلی کے لیے بڑی آرکیٹیکٹ فرم کی خدمات لی جائیں گی۔ اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو ماڈل شہر بنایا جائے گا، موجودہ ماسٹر پلان میں من پسند تبدیلیوں نے شہر کا نقشہ بگاڑ دیا ہے تاہم ہماری حکومت ماسٹر پلان میں تبدیلی شہریوں کے مفاد میں کرے گی۔

منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی ضمانت میں توسیع

کراچی(ویب ڈیسک) بینکنگ کورٹ نے سندھ منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع کردی۔ذرائع کے مطابق کراچی کی بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی ضمانت ہوئی، سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے جب کہ گرفتار ملزمان حسین لوائی اور عبدالغنی مجید کو ایف آئی اے نے پیش کیا۔ آصف علی زرداری اور فریال تالپور فاضل جج کے روبرو حاضری لگوا کر روانہ ہوگئے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت میں 10 دسمبر تک توسیع کردی۔دوران سماعت ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے معاملے کی پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے۔ نصیرعبداللہ، حسین لوتھا، عدنان جاوید، محمد عمیر سمیت 5 ملزمان مفرور ہیں، عدالت نے مفرور ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں، مفرور ملزمان کو باقاعدہ اشتہاری قرار دینے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، ملزمان کے گھروں پر اشتہارات چسپاں کردیے ہیں، مفرور ملزمان کو باقاعدہ اشتہاری قرار دینے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔ ملزمان کی جائیداد کی معلومات کے لیے متعلقہ کمشنرز کو خطوط لکھ دیے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ میں پسند نا پسند کا کلچرموجود ہے، سابق کرکٹر کا دعویٰ

کراچی(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ اسپنر عبدالرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ میں پسند نا پسند کا کلچر موجود ہے۔ عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ کچھ کھلاڑی واجبی سی کارکردگی پر خوشامد اور پی سی بی سے قربت کے سبب قومی ٹیم کا حصہ بن جاتے ہیں۔سابق لیگ اسپنر نے مین آف دا میچ ایوارڈ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے کوچز اور دیگر کے نام لینے سے متعلق سوال پر کہا کہ ایسا کھلاڑیوں کو مجبوری میں کرنا پڑتا ہے، ایوارڈ لینے سے پہلے کھلاڑی کو کہا جاتا ہے، کس کس کا نام لینا ہے، اگر کھلاڑی کسی کا نام لینا بھول جائے تو اس کے لئے مسئلے ہو جاتے ہیں۔عبدالرحمان نے کہا کہ بہترین کارکردگی پیش کرنے والا کھلاڑی اپنی پرفارمنس کے علاوہ 20 نام لینے پر ناچاہتے ہوئے بھی مجبور ہوجاتا ہے، میں کسی کے نام لینے کے خلاف نہیں، ضرور نام لیں لیکن ان لوگوں کا جو آپ کی رہنمائی کرتے ہیں۔سابق لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ سب چڑھتے سورج کی پجاری ہیں، جو کھلاڑی ٹیم سے ڈراپ ہوجاتا ہے، اس سے ٹیم والے کھلاڑی ویسے ہی ملنا پسند نہیں کرتے، کیوں کہ ٹیم کا کلچر انہیں اس بات کی اجازت نہیں دیتا، وہ جہاں ہوتے ہیں، صرف وہاں کے لوگوں کے ساتھ ہی رہنا اور گفتگو کرنا ان کی مجبوری بن جاتا ہے۔سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 38 سال کے عبدالرحمان نے کہا کہ قومی ٹیم کے کوچز بڑے ڈیمانڈنگ ہوتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ کھلاڑی ان کی مرضی سے چلیں، حتٰی کہ وہ اس بات سے بھی ناخوش ہوتے ہیں کہ جن کھلاڑیوں کو وہ پسند نہیں کرتے ان سے بات بھی نہ کی جائے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ کھلاڑیوں کی آزادی نہیں چھیننا چاہیے، یہ کھلاڑی کا حق ہونا چاہیے کہ وہ کس سے ملتا ہے، کس کے ساتھ کھانا کھانے جاتا ہے۔عبدالرحمان نے ایک کوچ کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک کوچ تو اس حد تک چلے جاتے تھے کہ اپنی بات نا ماننے والے کھلاڑی کو وہ ٹیم سے نکلوا دیتے تھے۔یاد رہے کہ اکتوبر 2007ئ میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں انضمام الحق کی قیادت میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عبدالرحمان نے آخری ٹیسٹ اگست 2014ئ میں سری لنکا کے خلاف کولمبو میں کھیلا، انہوں نے 22 ٹیسٹ میچز میں 99 وکٹیں حاصل کیں اور صرف ایک وکٹ کی کمی سے وہ وکٹوں کی ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری نہ مکمل کر سکے۔اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے عبدالرحمان نے بتایا کہ تین سال ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد بھی ان کے نام پر غور نہیں کیا جا رہا تھا تو انہوں نے سوچا اب بہتر ہے کہ ریٹائرمنٹ لے لی جائے اور اب کسی نے موقع نہیں دینا، درحیقیت یہ ایک ایسا فیصلہ تھا جو میں نے خوشی سے نہیں کیا، البتہ میں مجبور تھا۔

میانمار میں مظالم: ایمنسٹی نے آنگ سان سوچی کو دیا گیا ایوارڈ واپس لے لیا

لندن(ویب ڈیسک)انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم روکنے میں ناکامی پر میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی سے”ضمیر کی سفیر کا ایوارڈ ” واپس لے لیا۔برطانیہ سے تعلق رکھنے والی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ کومی نیڈو نے آنگ سان سوچی کو ایک خط لکھا ہے جس میں 2009 میں دیا گیا اپنا ایوارڈ واپس لینے کا کہا گیا ہے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے پاس اب کوئی جواز موجود نہیں ہے کہ وہ ‘ضمیر کی سفیر کا ایوارڈ’ برقرار رکھ سکے۔آنگ سانگ سوچی کو ایک وقت تک میانمار میں جمہوریت کے لیے جدوجہد پر عالمی سطح پر ہیرو مانا جاتا تھا لیکن روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اب تک ان سے متعدد عالمی اعزاز واپس لیے جا چکے ہیں۔میانمار کے ریاست راکھائن سے سات لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان ریاستی سرپرستی میں ہونے والے مظالم کی وجہ سے پڑوسی ملک بنگلہ دیش ہجرت پر مجبورہوئے ہیں۔

پاکستان کے بارے میں پھیلائے جانیوالے منفی تاثرات کا خاتمہ کرنا ہوگا، جنرل زبیر حیات

کراچی(ویب ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی تاثرات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔کراچی میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، اپنی زندگی میں ہی ابھرتا ہوا پاکستان دیکھ رہا ہوں، پاکستان کی باصلاحیت نوجوان نسل سرمایہ ہے، پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود ہر شعبے میں دنیا میں خود کو منوایا ہے تاہم پاکستان کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی تاثرات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ جغرافیائی محل وقوع اور خطے کے چیلنجز کی وجہ سے پاکستان کا ایٹمی صلاحیت پر انحصار بڑھ رہا ہے، ایٹمی صلاحیت دفاع کے ساتھ توانائی کی ضرورت پوری کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ سی پیک پاکستان کا گیم چینجر ہے، خطے سے گزرنے والے توانائی کے منصوبوں کی وجہ سے پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے جب کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے گزشتہ سال 20 لاکھ سیاح پاکستان آئے۔جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ گودار کے نزدیک ساحلی علاقوں میں ہائیڈروکاربن گیس کے وسیع ذخائر کی نشاندہی ہوئی جب کہ فاٹا اگلے 5 سال میں تیل و گیس کے نئے زرخیز علاقے کے طور پر ابھرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت میں خواتین کا کردار اہم ہے، پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس میں خواتین کو پارلیمان میں نمائندگی دی گئی یہ تناسب یورپ سے بھی زیادہ ہے جب کہ پاکستان کو 2 مرتبہ خاتون وزیراعظم منتخب کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔