لاہور (ویب ڈیسک )گردے ہمارے جسم میں گمنام ہیرو کی طرح ہوتے ہیں جو کچرے اور اضافی مواد کو خارج کرتے ہیں جبکہ یہ نمک، پوٹاشیم اور ایسڈ لیول کو بھی کنٹرول کرتے ہیں، جس سے بلڈ پریشر معمول پر رہتا ہے، جسم میں وٹامن ڈی کی مقدار بڑھتی ہے اور خون کے سرخ خلیات بھی متوازن سطح پر رہتے ہیں۔مگر گردوں کے امراض کافی تکلیف دہ اور جان لیوا بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کچھ غذاﺅں کا استعمال عادت بنا کر گردوں کے تکلیف دہ امراض سے بچنا ممکن ہے؟
پانی
دن بھر میں مناسب مقدار میں پانی کا استعمال گردوں کے امراض کے نتیجے میں موت کے خطرے کو ٹال سکتا ہے۔ برطانیہ کے ڈربی رائل ہسپتال کی ایک تحقیق کے مطابق جسم میں پانی کی شدید کمی کے نتیجے میں گردے خون میں موجود زہریلے مواد کو فلٹر کرنے سے قاصر ہوجاتے ہیں اور جمع ہونے والا فضلہ گردوں کے فیل ہونے کا باعث بن جاتا ہے۔ ایسے افراد کی زندگی بچنے کا انحصار گردوں کی پیوند کاری پر ہوتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ پانی کی کمی کو دور کرنا گردوں کے امراض سے تحفظ دینے کا آسان طریقہ ہے خاص طور پر درمیانی عمر کے افراد کو اس کا خیال رکھنا چاہیے۔
بند گوبھی
بند گوبھی کا استعمال سلاد میں اکثر ہوتا ہے اور یہ سبزی اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ جسم میں گردش کرنے والے فری ریڈیکلز سے بچانے میں مدد دیتی ہے، جس سے گردوں کے افعال میں تنزلی کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
پیاز
پیاز کھانے کی عادت گردوں کے افعال ٹھیک رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، اس میں موجود فلیونوئڈز اور دیگر اجزا خون کی شریانوں میں چربی کے اجتماع کی روک تھام کرتے ہیں جس سے امراض قلب اور کینسر کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
لہسن
پیاز کی طرح لہسن بھی گردوں کی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے، طبی ماہرین نے ایسے شواہد دریافت کیے ہیں جن کے مطابق لہسن کا عرق گردوں کی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گردوں میں خطرناک انفیکشن کی علامات جان لیں
گوبھی
گوبھی بھی گردوں کے لیے فائدہ مند سبزی ہے جو کہ وٹامن سی، فولیٹ اور فائبر سے بھرپور ہوتی ہے، جبکہ اس میں موجود کمپاﺅنڈ جگر کے لیے انتہائی ضروری اور جسم میں زہریلے مواد کی روک تھام کرتے ہیں۔
سیب
سیب وٹامنز، منرلز اور فائبر سے بھرپور پھل ہونے کے ساتھ ورم کش اور اینٹی آکسائیڈنٹس خصوصیات رکھتا ہے جو کہ نقصان دہ کولیسٹرول کو کم کرنے، امراض قلب، کینسر اور ذیابیطس سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، ذیابیطس گردوں کے فیلیئر کا خطرہ بڑھانے والی وجوہات میں سے ایک ہے تو سیب کھانا گردوں کے مسائل سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔
مچھلی
ایک طبی تحقیق کے مطابق سبزیوں اور مچھلی کھانے والوں میں گردوں کی پتھری کا امکان ایسے افراد کے مقابلے میں 30 سے 50 فیصد کم ہوتا ہے جو روزانہ سو گرام گوشت کھاتے ہیں۔
لیموں کا عرق
لیموں کا عرق وٹامن سی اور سٹرک ایسڈ سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ گردوں کے مسائل کے علاج میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ لیموں پانی کو صبح یا کھانے سے پہلے پینا گردوں کے امراض سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔
اسٹرابیری
اسٹرابیری اینٹی آکسائیڈنٹس، وٹامن سی اور فائبر سے بھرپور پھل ہے جبکہ ورم کش اور کینسر سے بچانے کے لیے بھی مفید ہے اور اسی وجہ سے دل اور گردوں کی صحت کے لیے بھی اچھا انتخاب ہے۔ تاہم گردوں کے امراض کے شکار افراد کو یہ پھل ڈاکٹر کے مشورے سے کھانا چاہئے۔
چیری
چیری دل اور گردوں کے لیے فائدہ مند پھل ہے، اسے روزانہ کھانا جسم میں ورم کو کم کرتا ہے خصوصاً گردوں میں۔
تربوز
تربوز میں ایک اینٹی آکسائیڈنٹ لائیکو پین کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو کہ جسم میں گردش کرنے والے نقصان دہ آکسیجن ریڈیکلز کی روک تھام کرکے گردوں کو مسائل سے بچاتے ہیں، تاہم اس پھل کی بہت زیادہ مقدار کو کھانا فائدے کی بجائے نقصان پہنچا سکتا ہے جبکہ گردوں کے امراض کے شکار افراد یہ پھل ڈاکٹر کے مشورے سے ہی استعمال کریں۔