اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان کے دورے پر آئے ترک وزیر دفاع نے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستانی عوام کے دلوں میں ترک صدر کیلئے ایک خاص احترام ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ترکی کی سماجی و معاشی ترقی میں ترک صدر کے وڑن کے معترف ہیں، تجارت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون کوفروح دینے کے خواہاں ہیں۔اس موقع پر ترک وزیر دفاع ہلوسی اکر نے وزیراعظم عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردگان کا پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم ہاو¿س کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر مملکت عارف علوی سے بھی ترکی کے وزیر دفاع نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ دفاع اور تجارت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس وقت سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے، ترکی کے سرمایہ کاروں کو اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے، ترک کمپنیوں کی توانائی اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کوسراہتے ہیں۔ترک وزیر دفاع نے کہا کہ صدر پاکستان کے مجوزہ دورہ ترکی سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے جبکہ صدر مملکت نے پاکستان اور ترکی کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کوجلد حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا۔علاوہ ازیں ترک وزیر دفاع ہلوسی اکر نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ترک وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا۔ترک وزیر دفاع نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاع اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک وزیردفاع نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
