مڈغاسکر (ویب ڈیسک ) دنیا کی نایاب ترین بطخوں کو پھلنے پھولنے کے لیے ایک نیا مسکن مل گیا ہے اور ان کی نسل پروان چڑھ رہی ہے۔مڈغاسکر پوچرڈ بطخوں کے متعلق 15 سال قبل پیش گوئی کی گئی تھی کہ یہ پرندہ جلد ہی صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ اب ماہرین کی بین الاقوامی ٹیم نے ایسے 21 پرندے مڈغاسکر جزائر کے شمال میں ایک جھیل میں چھوڑے ہیں۔تاہم 2006ءمیں ایک دوردراز جھیل میں ان کا ایک چھوٹا سا جھنڈ دیکھا گیا تھا اور مجموعی طور پر ایسی 25 بطخیں دیکھی گئی ہیں۔ جھیل کی تباہی اور پانی کے گرتے ہوئے معیار سے ان پرندوں کی نسل تیزی سے ختم ہورہی تھی۔وائلڈ فاﺅل اینڈ ویٹ لینڈ ٹرسٹ (ڈبلیو ڈبلیو ٹی) نامی ماحولیاتی تنظیم کے سربراہ روب شا نے بتایا کہ یہ پرندے انتہائی غیرموزوں جگہ پر رہنے پر مجبور تھے اور وہ بہت سرد مقام بھی تھا جہاں ان کی نسل کی بقا کو خطرات لاحق تھے۔روب شا کے مطابق پورے مڈغاسکر میں جھیلوں کے متاثر ہونے سے نایاب بطخ کی حیات خطرے کا شکار تھی۔ جھیل میں پانی کے گرتے ہوئے معیار، حملہ آور انواع، آلودگی اور دیگر مسائل کی وجہ سے پوچرڈ بطخیں تباہی کے دہانے پر تھیں جس پر جانوروں کے تحفظ کی بین الاقوامی تنظیموں اور ماہرین نے دس سال تک بطخوں کو حفاظت میں رکھ کر ان کے انڈوں سے بچے نکالنے کا کام کیا۔بعد ازاں ساری بطخوں کو سوفیہ نامی جھیل میں چھوڑا گیا جس کا انتخاب بہت دیکھ بھال کر کیا گیا تھا۔ اس کی نگرانی کے لیے مقامی آبادی کو بھی شامل کیا گیا جو اس کی غذا اور تحفظ کا کام کرے گی۔ ماہرین نے بطخ کی بحالی کو ایک اہم واقعہ قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے اس طرح یہ نایاب اور خوبصورت جانور تیزی سے پھلے پھولے گا۔