راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ بلوچستان کی سیکیورٹی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کی خوشحالی صوبے کے امن واستحکام اور خوشحالی سے جڑی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ملاقات کی جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی اور معاشی صورتحال میں بہتری پر پاک فوج کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کی سیکیورٹی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے، پاکستان کی خوشحالی بلوچستان کے امن واستحکام اور خوشحالی سے جڑی ہے۔پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر باڑ کی تنصیب سے سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوگی اور پاک ایران سیکیورٹی تعاون سے بھی سیکیورٹی مزید بہتر ہوگی۔