منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے بیالیس برس بیت گئے

لاہور(ویب ڈیسک) شہنشاہ ظرافت کا خطاب پانے والے نامور کامیڈین منور ظریف کی آج بیالیسویں برسی منائی جا رہی ہے۔بے ساختہ اداکاری سے شائقین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیردینے والے منور ظریف 25 دسمبر1940 کو لاہور کے علاقہ گجرسنگھ میں پیدا ہوئے جنہیں مزاح کا فن وراثت میں ملا، مزاحیہ اداکاری میں نام کمانے والے نامور کامیڈین منور ظریف کو دور حاضر کے کامیڈین آج بھی کسی نہ کسی شکل میں نقل کرتے نظر آتے ہیں۔انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1961 میں ریلیز ہونیوالی فلم ڈنڈیاں سے کیا جس کے بعد ان کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا گیا۔ 1973ء میں وہ پہلی بار اردو فلم ’پردے میں رہنے دو‘ میں سائیڈ ہیرو کے روپ میں سامنے آئے اور اسی سال ایک اور فلم ’رنگیلا اور منور ظریف‘ کی کامیابی نے منورظریف کو سپر اسٹار بنا دیا۔ ان کے کیریئر کی لازوال فلم ’بنارسی ٹھگ‘ رہی، جس میں منور ظریف نے مختلف کرداروں میں اپنی منفرد اداکاری کے جوہر دیکھائے، بطور ہیرو ان کی قابل ذکر فلموں اج دی مہینوال، جیرابلیڈ، شریف بدمعاش،کل کل میرا ناں، رنگیلا اور منورظریف، نوکر ووہٹی دا، رنگیلا عاشق اور دیگرکئی شامل ہیں۔منورظریف کو عشق دیوانہ، بہارو پھول برساؤ اور زینت میں بہترین مزاحیہ اداکاری پر نگار ایوارڈ بھی دیا گیا۔منور ظریف نے اپنے 20 سالہ کیریئر میں 325 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ وہ 29 اپریل 1976ء کو 35 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث اس دنیا فانی سے رخصت ہو گئے۔ مگر ان کے ادا کئے ہوئے کردار آج بھی انہیں مداحوں کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے خلاف ن لیگ کا پیپلز پارٹی سے گٹھ جوڑ پر غور

لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت نے آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی سے سیاسی گٹھ جوڑ کیلیے سنجیدگی سے سوچ بچار شروع کردیا جب کہ اس امر کو ملحوظ خاطر لانے میں پیپلز پارٹی کی بیک ڈور سیاسی پالیسی بھی شامل ہے۔ باوثوق لیگی ذرائع کے مطابق آئندہ ہونے والے عام انتخابات کی منصوبہ بندی تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے آخری مراحل میں داخل ہو رہی ہے اس تناظر میں پیپلز پارٹی کے بعض حلقوں کو یقین ہے کہ ن لیگ کا پی ٹی آئی سے سخت مقابلہ ہوسکتا ہے تاہم ن لیگ کو انتخابات میں ایسی شکست کا سامنا نہیں ہوگا کہ وہ حکومت بنانے میں اہمیت نہ رکھ سکے۔

میشا شفیع، علی ظفر معاملہ؛ عینی شاہدین نے حقیقت سے پردہ اٹھادیا

کراچی(ویب ڈیسک) نامور پاکستانی گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے علی ظفر پر لگائے جانے والے جنسی ہراسانی کےالزامات میں ہر روز نیا موڑ آرہا ہےواقعہ کے وقت جیم سیشن میں موجود پاکستانی ماڈل و گلوکارہ اقصیٰ علی نےمیشا کے الزامات سے پردہ اٹھاتے ہوئے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ تقریباً دو ہفتے قبل گلوکارہ واداکارہ میشا شفیع نے علی ظفر پر سنگین نوعیت کے الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ علی نے انہیں ایک بار نہیں بلکہ متعددبار جنسی ہراساں کیاہے۔ پہلی بار یہ واقعہ پیش آنے پرانہوں نے خاموش رہنے میں ہی عافیت جانی، تاہم ایک سے زائد بار یہ واقعات پیش آئےاور اب وہ مزید خاموش نہیں رہ سکتیں۔ میشا شفیع کے الزامات سامنے آنے کے بعد پوری شوبز انڈسٹری دو دھڑوں میں بٹ گئی ہے کچھ لوگ میشا شفیع کے ساتھ ہیں جب کہ کچھ لوگ اس پر یقین کرنے کیلئے تیار ہی نہیں ہیں کہ علی ظفر ایسا قبیح فعل کرسکتے ہیں۔نامور پاکستانی ماڈل و گلوکارہ اور علی ظفر کی بینڈ ممبر اقصیٰ علی نے بھی علی ظفر کی حمایت میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا میشا شفیع جس جیم سیشن کی بات کررہی ہیں جہاں وہ دونوں اپنی پرفارمنس کی پریکٹس کررہے تھے، میں بھی وہیں موجود تھی اور صرف میں نہیں بلکہ وہاں کافی لوگ موجود تھے۔اقصیٰ علی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا علی ظفر اور میشا شفیع کی کہانی میں ہر گزرتےمنٹ کے ساتھ نیا موڑ آرہا ہے، میشا کا آرٹیکل پڑھ کے میں حیرت زدہ رہ گئی، میشا نے اپنی پوسٹ میں کہا ہےکہ ان کے ضمیر نے انہیں اجازت نہیں دی کہ وہ مزید اس معاملے پر خاموش رہیں لہٰذا میں بھی چپ نہیں رہوں گی، میں اس وقت کنسرٹ کے عملے کا حصہ تھی اور اس وقت جیم سیشن میں ہی تھی کیونکہ میں علی کے بینڈ میں گلوکاری کررہی تھی، میرے علاوہ وہاں میشا کے مینجر اور پورا بورڈ موجود تھا۔ میں یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ میشا آخر اتنا جھوٹ کیوں بول رہی ہیں، جب کہ مجھ سمیت بہت سارے لوگ انہیں غلط ثابت کرسکتے ہیں۔ ہمارے پاس اس سیشن کی تصاویر موجود ہیں۔

بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 8 مئی کو پیش کیا جائے گا

کوئٹہ(ویب ڈیسک) بلوچستان کا آئندہ مالی سال 19-2018 کا صوبائی بجٹ 8 مئی کو پیش کیا جائے گا۔سرکاری ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حجم کا تخمینہ 350 ارب روپے سے زائد ہوگا جس کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔صوبے کا بجٹ پہلی بار خاتون مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی پیش کریں گی جن کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ مخلوط حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے معاشرے کے تمام طبقوں تاجروں، زمینداروں، ڈاکٹرز، انجینئرز سے لے کر ریڑھی بانوں تک کو بجٹ میں شامل کیا جائے۔ذرائع کے مطابق نئے سال کا بجٹ بھی خسارے کا ہی ہوگا، خسارہ لگ بھگ پچاس ارب روپے تک ہونےکا امکان ہے جسے اخراجات میں کمی اور سادگی سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔بجٹ کی تیاریوں کےحوالے سے متعلقہ محکموں کے زیر اہتمام گزشتہ ہفتے پری بجٹ مشاورتی ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں متعلقہ صوبائی حکام کے علاوہ سول سوسائٹی اور ماہرین منصوبہ بندی اور خزانہ نے شرکت کی تھی بجٹ کےحوالے سے ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشم نے جیو نیوز کو بتایا کہ بجٹ کے لیے مخلوط حکومت میں شامل اراکین سے مشاورت جاری ہے اور اس سلسلے میں صوبے کے مختلف طبقوں کے افراد سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔ڈاکٹر رقیہ سعید کے مطابق بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کا حجم 90 ارب روپے تک ہونے کا امکان ہے جب کہ مالی سال 18-2017 کے بجٹ کا ترقیاتی پروگرام تقریباً 86 ارب روپے پر مشتمل تھا۔

ریسلنگ ایونٹ میں نازیبا مناظر، سعودی حکام نے معافی مانگ لی

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے جدہ میں منعقدہ ریسلنگ ایونٹ کی لائیو کوریج کے دوران خواتین ریسلرز کے نامناسب مناظر دکھائے جانے پر عوام سے معذرت کرلی۔سعودی میڈیا کے مطابق جمعے کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں ریسلنگ کے عالمی ادارے ڈبلیو ڈبلیو ای کے تعاون سے ایونٹ ’گریٹسٹ رائل رمبل‘ منعقد ہوا جس میں شرکت کے لیے نامی گرامی ریسلرز جان سینا، انڈر ٹیکر اور دیگر انٹرنیشنل ریسلرز سعودی عرب پہنچے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں سعودی عرب میں ریسلنگ کے ایونٹ پر پابندی تھی تاہم اس پابندی کا خاتمہ کردیا گیا ہے لیکن سعودی عرب کی ثقافتی اور مذہبی روایت کے پیش نظر خواتین کی ریسلنگ تاحال ممنوع ہے۔ مردوں کی اس ریسلنگ کو دیکھنے کے لیے وہاں خواتین اور بچوں سمیت 60 ہزار شائقین موجود تھے ان کے سامنے ایک ویڈیو چلائی گئی جس میں خواتین ریسلرز کو مختصر کپڑوں میں دکھایا گیا اور یہ منظر سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے ساتھ ساتھ دیگر ٹی وی چینلز نے بھی براہ راست کوریج میں دکھا دیے۔سعودی میڈیا کے مطابق سرکاری ٹی وی نے فوری طور پر براہ راست نشریات روک دیں تاہم متعدد ٹی وی نے یہ مناظر دکھا دیے اور وہاں بیٹھے شائقین نے بھی اپنے اسمارٹ فونز سے تصاویر بنالیں اور سوشل میڈیا پر شیئر کرادیں جس کے بعد سعودی عرب کے مقامی افراد کی جانب سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔نازیبا مناظر کی براہ راست کوریج کے بعد سعودی عرب کی جنرل اسپورٹس اتھار ٹی نے عوام سے معذرت کی ہے اور یقین دلایا کہ اس قسم کا واقعہ دوبارہ پیش نہیں آئے گا۔

چیف جسٹس کا قبرستانوں میں تجاوزات کیخلاف ازخود نوٹس

لاہور(ویب ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان نے قبرستانوں میں تجاوزات کےخلاف ازخودنوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امتیازکیفی کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دے دیاجوقبرستانوں میں تجاوزات کامشاہدہ کرکے 15 روزمیں رپورٹ دے گا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کی، چیف جسٹس نے قبرستانوںمیں تجاوزات کیخلاف ازخودنوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دے دیاہے کمیشن قبرستانوں میں تجاوزات کا مشاہدہ کرکے 15 روز میں رپورٹ دے گا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ کسی کوقبرستانوں پرقبضہ نہیں کرنے دیں گے،قبرستان کی اراضی پرایک انچ قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

موبائل پر قرآن پڑھنا جائز ہے یا ناجائز ؟ وہ شرعی مسئلہ جس کا علم ہر مسلمان کو ہونا چاہئے

لاہور (ویب ڈیسک)دنیامیں روز نت نئے مسائل جنم لیتے ہیں ،نئی ایجادات سامنے ا آتی ہیں تو انکے استعمال کے حوالے سے انکی شرعی حیثیت پر بھی سوالا ت اٹھائے جاتے ہیں۔موبائل کے استعمال اور اس میں قرآن کو محفوظ کرنا نیز اس پر تلاوت سننے کے عمل پر بھی کئی طرح کے سوالات جنم لے رہے ہیں۔عام طور پر موبائل میں گانوں اور بے ہودہ وڈیوز کو سننے اور دیکھنے کا رواج ہے اس لئے جو مسلمان شریعت کو مدنظر رکھتے ہیں ،وہ خاص طور پر اپنے ایمان کی حفاظت کرتے ہوئے یہ سوال کرتے ہیں کہ موبائل پر قرآن مجید کی تلاوت سننا کیسا عمل ہے۔اس حوالہ سے ادارہ منہاج القرآن کے آن لائن فتوٰی میں یہ سوال اٹھایا گیا تو مفتی شبیر قادری کا کہنا تھا کہ موبائل یا کمپیوٹر سکرین پر نظر آنے والی قرآنی آیات کو بلا وضو یا حالتِ جنابت میں چھونا جائز ہے۔ موبائل یا کمپیوٹر کی سکرین جو آیات نظر آتی ہیں، وہ ”سافٹ وئیر“ ہیں۔ یعنی وہ ایسے نقوش ہیں جنہیں چھوا نہیں جاسکتا۔ یہ نقوش بھی کمپیوٹر یا موبائل کے شیشے پر نہیں بنتے بلکہ ”ریم“ پر بنتے ہیں اور شیشے سے نظر آتے ہیں، لہٰذا اسے مصحفِ قرآنی کے ”غلافِ منفصل“ پر قیاس کیا جاسکتا ہے۔ غلافِ منفصل سے مراد ایسا غلاف ہے جو قرآنِ کریم کے ساتھ لگا ہوا نہ ہو بلکہ اس سے جدا ہو۔ ایسے غلاف میں موجود قرآنِ کریم کو بلا وضو چھونے کی فقہائے کرام نے اجازت دی ہے ۔حیض ونفاس والی عورت، جنبی اور بےوضو کے لئے مصحف کو ایسے غلاف کے ساتھ چھونا جائز ہے جو اس سے الگ ہو، جیسے جزدان اور وہ جلد جو مصحف کے ساتھ لگی ہوئی نہ ہو۔ جو غلاف مصحف سے جڑا ہوا ہو،اس کے ساتھ چھونا جائز نہیں۔سکرین پر نظر آنے والی آیات کی مثال ایسی ہی ہے کہ گویا قرآنی آیات کسی کاغذ پر لکھی ہوئی ہوں اور وہ کاغذ کسی شیشے کے بکس میں پیک ہو، پھر باہر سے اس شیشے کو چھوا جائے تو اس میں شرعاً کوئی حرج نہیں۔ غلافِ منفصل کی طرح یہ شیشہ اس جگہ سے جدا ہے جہاں آیات کے نقوش بن رہے ہیں۔ بالکل اسی طرح اگر صندوق کے اندر مصحف موجود ہو تو اس صندوق کوجنبی (جس پر غسل فرض ہو) شخص کے لیے اٹھانا اور چھونا جائز ہے۔ جیساکہ امام شامی نے فرمایا ہے ”اگر قرآنِ کریم کسی بکس کے اندر ہو تو جنبی کے لیے اس بکس کو چھونے پر کوئی گناہ نہیں ہے۔“لہٰذا موبائل یا کمپیوٹر سکرین پر نظر آنے والی قرآنی آیات کو حالتِ جنابت میں یا بلا وضو چھونا اور پکڑنا جائز ہے۔ بے وضو شخص کے لیے اس سے تلاوت کرنا بھی جائز ہے، تاہم جنبی کے لیے قرآنِ کریم کی تلاوت ناجائز ہے، اس سے احتراز لازم ہے۔

پاک بحریہ نے کھلے سمندر میں پھنسی بھارتی کشتی کو بچالیا،بھارتی ماہی گیروں کے پاکستان زندہ باد کے نعرے

کراچی(ویب ڈیسک) پاک بحریہ نے کھلے سمندر میں پھنسی بھارتی کشتی کو بچالیا اور بھارتی ماہی گیروں نے پاک بحریہ کی امدادی کارروائیوں سے خوش ہوکر پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کردیئے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بھارتی ماہی کی کشتی ’ایس ٹی مارس‘ انجن میں خرابی کے باعث کھلے سمندر میں مشکلات کا شکار تھی تاہم ان کی مدد کو کوئی نہ پہنچا، کشتی میں سوار 12 افراد بھوک پیاس سے نڈھال مدد کے طلب گار تھے، پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے انسانی ہمدردی کے تحت بھارتی ماہی گیروں کی مدد کی۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پی این ایس عالمگیر کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھارتی کشتی کے انجن کی فنی خرابی کو دور کیا جبکہ ماہی گیروں کو اشیائے خورو نوش کے ساتھ طبی امداد بھی فراہم کی جس پر بھارتی ماہی گیروں نے اظہارِ تشکر کے طور پر کھلے سمندر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پا ک بحریہ انسانی مدد کے آپریشنزکی انجام دہی میں بھی پیش پیش رہتی ہے اور یہ آپریشن اس بات کا بھی غماز ہے کہ پاکستان علاقائی امن کا خواہاں ہے۔

 

 

لیگی کونسلر کی حجام کی بیوی سے زیادتی، ملزم گرفتار

خانیوال (ویب ڈیسک) تھانہ صدر پولیس نے ن لیگی کونسلر کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیل کے مطابق میاں چنوں کے نواحی گاﺅں 134-16 ایل کے رہائشی محمد شہباز حجام نے تھانہ صدر کو درخواست دی کہ ملزم محمد امجد جو کہ ن لیگی کونسلر ہے، نے دو نامعلوم افراد کے ہمراہ اس کی غیر موجودگی میں اس کے گھر میں داخل ہوکر اس کی بیوی ثوبیہ رفیق کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، اس دوران ملزم کے دونوں نامعلوم ساتھی صحن میں پہرہ دیتے رہے۔خاتون نے شور مچایا تو اہل محلہ آن پہنچے جس پر ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے تاہم بعد ازاں تھانہ صدر پولیس نے متاثرہ خاتون کے میڈیکل کے بعد مقدمہ درج کرکے ملزم امجد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوگئی ہے۔

عمران خان کوبغیر ٹریفک پائلٹ کے ائیرپورٹ سے روانہ ہونا پڑا

لاہور (ویب ڈیسک) ایس پی ایڈمن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ٹریفک پائلٹ کو فوری طور پر اپنے دفتر طلب کر لیا، مذکورہ ٹریفک پائلٹ پر الزام عائد ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی لاہور آمد پر بروقت ایئر پورٹ نہ پہنچ سکا، جس کے باعث عمران خان کو بغیر ٹریفک پائلٹ کے ایئر پورٹ سے روانہ ہونا پڑا۔