لاہور(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں 10 اہم نکات کا اعلان کیا جائے گا اور اس جلسے میں مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سیکیورٹی معاملات میں دوسرے اداروں کی مشاورت بھی ضروری ہوتی ہے، خارجہ پالیسی سویلین کے دائرہ اختیار میں ہے۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف اورمسلم لیگ ن کے درمیان مقابلہ ہوگا، پہلے ہمارے پاس جیتنے والے امیدوار نہیں تھے لیکن اب ہیں۔عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کرپٹ ٹولے کے سربراہ ہیں، موجودہ عدلیہ اچھا کام کررہی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ فاٹا اور کے پی کے کا انضمام ضروری ہے لیکن انضمام میں مولانا فضل الرحمان اور محمود اچکزئی رکاوٹ ہیں۔بھارت سے مذاکرات کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ مودی کی ذہنیت ایسی نہیں ہے کہ مذاکرات ہوں، مودی سے کہا تھا کہ چاہے کچھ بھی ہو مذاکرات کا راستہ بند نہیں ہوناچاہیے۔جلسہ گاہ میں کرسیاں لگائی جارہی ہیں جب کہ پارٹی قائدین کے خطاب کے لیے اسٹیج بھی تیار کیا جارہا ہے۔تحریک انصاف نے مینار پاکستان جلسے کے لیے 3 ترانے بھی تیار کرلیے ہیں جن میں ایک ترانہ معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بول عثمان ڈار نے لکھے ہیں جب کہ ترانے میں کرپشن اور اقامے کا ذکر بھی ہے۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ 22 گھنٹوں میں ترانے کی کمپوزنگ اور ریکارڈنگ مکمل کی گئی، نیا ترانہ عمران خان اور کارکنوں کے لیے یوم تاسیس کا تحفہ ہے۔ایک اور ترانہ تحریک انصاف وسطی پنجاب کی طرف سے تیار کروایا گیا۔یہ نغمہ برطانوی بھنگڑا سنگر عفی خان نے پنجابی زبان میں گایا ہے۔