عمران خان کی شادی ۔۔تحریک انصاف کا اہم بیان جاری

اسلام آباد(ویب ڈیسک )تحریک انصاف نے عمران خان کی تیسری شادی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہے ابھی شادی نہیں کی بلکہ بشریٰ مانیکا کو شادی کی پیشکش کی ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔پی ٹی آئی نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے بشریٰ مانیکا کو شادی کی پیشکش کی تاہم ابھی شادی نہیں کی جب کہ بشریٰ مانیکا نے کوئی قدم اٹھانے سے پہلے خاندان سے مشورے کے لئے وقت مانگا ہے۔تحریک انصاف کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ مانیکا کی جانب سے عمران خان کی پیشکش قبول کرنے کی صورت میں چیئرمین پی ٹی ا?ئی خود عوام کے سامنے شادی کا اعلان کریں گے۔ اس سے قبل خبریں سرگرم تھیں کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یکم جنوری کی شب لاہور میں خاتون سے شادی کرکے سال نو کا ا?غاز کیا اور وہاں سے اگلے روز سیدھے اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت پہنچے جہاں سے انہیں ضمانت مل گئی۔

چیف جسٹس نے بڑا حکم جاری کر دیا

لاہور (کورٹ رپورٹر) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے حمید لطیف ہسپتال کی عمارت اڑانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں حمید لطیف ہسپتال سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت حمید لطیف ہسپتال سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، ڈی جی ایل ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ حمید لطیف ہسپتال کی تعمیر غیرقانونی ہے جس پر چیف جسٹس نے ڈی جی ایل ڈی اے کو حکم دیا کہ اگر حمید لطیف ہسپتال غیر قانونی ہے تو اڑا دیں چیف جسٹس نے حمید لطیف ہسپتال کی انتظامیہ کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کے ہسپتال نے اٹارنی جنرل کے بھائی کی لاش دینے سے انکار کردیا تھا، 50 لاکھ روپے گلاب دیوی ہسپتال کو امداد دیں پھر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔

 

اوپر اوپر سے دشمنی ، اندر سے تعلقات۔۔۔نواز شریف سے متعلق سنسنی خیز انکشاف

لاہور (خصوصی رپورٹ) اسرائیلی کمپنی کو ٹھیکے دینے کا معاملہ‘ مقامی اخبار نے اسرائیلی مشینوں کی تنصیب کے ثبوت حاصل کر لئے۔ نوازشریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں اسرائیلی مشینری لگانے کا انکشاف ہوا ہے۔ آلات صاف کرنے والے یونٹ رحمتہ العالمین انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نوازشریف سوشل سکیورٹی ٹیچنگ ہسپتال ملتان روڈ میں کئی سال قبل اسرائیلی مصنوعات خریدی گئیں۔ طبی آلات کی صفائی کی مشینیں اسرائیلی کمپنی ”ٹیٹناور“ سے خریدی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ٹینڈر کی منظوری کے دوران نشاندہی کے باوجود اسرائیلی کمپنی سے خریداری کی گئی۔ محکمہ اور پرچیزنگ افسروں کو مذکورہ کمپنی کے اسرائیلی ہونے کا علم تھا۔

پنجاب حکو مت کو بڑا دھچکا

لاہور (آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان نے پنجاب حکومت کی جانب سے اشتہارات کی بندر بانٹ پر از خود نوٹس لے لیا۔ حکومت پنجاب کی تشہیر کے لیے کیے گئے اخراجات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ کسی پر دباﺅ ڈالنا نہیں آپکو سپورٹ کر رہے ہیں۔ ہمیں پتہ چل جائے گا کہ پنجاب حکومت اس معاملے پر مخلص ہے تو ہمیں مداخلت کی ضرورت نہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ صحت شہریوں کا بنیادی حق ہے۔ مفت ادویات مل نہیں رہیں اور پیسہ تشہیر پر خرچ کیا جاریا ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے حکومت پنجاب کی تشہیر کے لیے کیے گئے اخراجات کا ریکارڈ 10 دن تک طلب کر لیا۔

شہباز شریف کا دو ٹو ک اعلان

لاہور (پ ر) وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف نے کہا ہے کہ علماءکرام اور مشائخ عظام پر قوم کی تقدیر کو سنوارنے اور اصلاح معاشرہ کی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے- علماءکرام کی اکثریت حق اور سچ کی بات کرتی ہے اور اللہ تعالی نے علماءکرام کو بے شمار صلاحیتوں سے نوازا ہے- علماءکرام ایسی عظیم ہستیاں ہیں جو ایک استاد، خطیب، مفتی اور عالم کی حیثیت سے قوم کی تقدیر بدلنے میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں- قوم کے اندر ہیجانی کیفیت کے تدارک اور فروعی اختلافات کو ختم کرنے کے لئے علماءکرام کا کلیدی کردار ہے اور مذہبی منافرت کے خاتمے کے لئے بھی ان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا – پاکستان کے اندر انتشار او رہیجانی کیفیت میں کمی لانے کے لئے علماءحق کو آگے بڑھ کر ا پنا بھرپور کردار ا دا کرنا ہے- ہر مسلمان ناموس رسالت پر کٹ مرنے کے لئے تیار ہے، جس نبی کی ناموس کے لئے ہم کٹ مرنے کے لئے تیار ہیں، ان کی زندگی کا پیغام دکھی انسانیت، یتیموں اور بیواﺅں کی خدمت ہے- نبی پاک نے معافی اور درگزر کا پیغام دیاہے- آپ کا پیغام دولت کی تقسیم کو منصفانہ بناناہے- علماءکرام نبی پاک کے اس پیغام کو فروغ دیں تو پاکستان محبت، ایثار اور دولت کی منصفانہ تقسیم کا نمونہ بن جائے گا- وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج ایوان وزیراعلی میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماءکرام کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا- وزیراعلی نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں سے مذہبی منافرت سے ملک میں جو تشویش پیدا ہوئی ہے اس کو علماءکرام اور مشائخ عظام ہی موثر طریقے سے سلجھا سکتے ہیں- نبی کریم نے غیر مسلموں کو امن اور تحفظ دینے کے لئے میثاق مدینہ کا معاہدہ کیا اور نبی کریم کا میثاق مدینہ کا معاہدہ ہمارے لئے بہت بڑی مثال ہے، اسی طرح حضور پاکنے صلح حدیبہ کے ذریعے سے پیغام دیا کہ چیلنجز او رمشکلات سے کس طرح نمٹنا ہے -صلح حدیبہ کا پیغام یہ ہے کہ مسلمانو ں کو ا پنے معاملات مشاورت ،تدبر ، حکمت اور سمجھداری سے حل کرنے ہیں اور صلح حدیبیہ اس حوالے سے ایک درخشاں مثال ہے- انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر انتشار اور ہیجانی کیفیت میں کمی لانے کے لئے علماءحق کو آگے بڑھ کر اپنابھرپور کردار ادا کرنا ہے-قائدؒ او راقبالؒ نے بھی اپنی تعلیمات میں یہی پیغام دیاہے- بد قسمتی سے غریب او رامیر میں فرق بڑھتا جا رہاہے-چھینا جھپٹی او روسائل کی لوٹ مار سے غریب غریب تر ہوگیا ہے اور دکھی انسانیت بد ترین دور سے گزر رہی ہے -علماءکرام قرآن و سنت کی روشنی میں ان چیلنجز سے نمٹنے کےلئے منبر رسول کے ذرےعے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں-انہوں نے کہاکہ آج کے اس روح پرور اجتماع سے پورے پاکستان اور دنیا میں اتحاد او ریکجہتی کا پیغام جائے گا اور مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ ملے گا-وزیراعلی نے کہاکہ اس وقت قومی اتحاد کو منظم نا پاک سازش کے تحت پارہ پارہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس میں بعض خارجی طاقتوں کا بہت کردار ہے -انہوں نے کہاکہ امریکہ کے صدر نے اپنے ٹویٹ کے ذرےعے پاکستان کے 21کروڑ عوام پر طعنہ زنی کی ہے اورامریکی صدر نے پاکستان کو بے وفا اور سازشی کہہ کر ہمارے قومی وقار کی توہین کی ہے – ملک کے عوام نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے امن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں-امریکی صدر نے ہماری ان قربانیوں کی توہین کی ہے -پاکستان کی فوج ، پولیس اور زندگی کے ہر طبقے کے فرد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے- امریکی صدر کا چھبتا ہوا بیان ہماری قربانیوں کی ڈالروں اور پاﺅنڈوں میں قیمت لگانے کی ناپاک سازش ہے- انہوں نے کہا کہ ہزاروں قربانیوں کو ڈالروں میں تولنے والے جان لیں، پوری قوم اغیار کے ان ناپاک عزائم کو اتحاد کی قوت سے خاک میں ملا دے گی- ایک طرف اغیار ہماری تضحیک کررہا ہے جبکہ دوسری جانب ملک میں 2012 سے شروع ہونے وا لی دھرنوں کی منفی سیاست کے ذرےعے اس قبیح فعل کو تقویت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے- ہم نے قربانیاں ڈالروں کے لئے نہیں بلکہ پاکستان اور دنیا کے امن کے لئے دی ہیں- ہمیں بے وفائی کا طعنہ دیا جا رہا ہے جو ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے- سیاسی، عدالتی، عسکری قیادت کو مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں عزت سے رہنا ہے یا ذلت کی زندگی گزارنی ہے- ہمیں ملکر پاکستان کو فلاحی مملکت بنانا ہے اور قائدؒ و اقبالؒ کے تصورات کے مطابق ڈھالنا ہے- اگر ہم نے آج بھی مل بیٹھ کر ملک کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ نہ کیا تو ہم پر یونہی قیامت تک طعنہ زنی ہوتی رہے گی- انہوں نے کہا کہ شہداءہمارے ہیرو ہیں اور ان کے خاندانوں کے حوصلے بلند ہےں- میں گزشتہ روز شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کے گھر گیا اور ان کے والدین او ربہن بھائیوں سے ملا ہوں- انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ نے ختم نبوت کے حوالے سے بڑی صراحت کے ساتھ اپنا موقف بیان کیا ہے – انہوں نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ختم نبوت ان کے ایمان کا حصہ ہے- رانا ثناءاللہ نے قادیانیوں کے حوالے سے بھی واضح موقف اپنایا ہے، اب اس پر مزید بحث کی گنجائش نہیں رہتی- انہوں نے کہاکہ آج کی محفل میں بھی ناموس رسالت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے اور آپ نے خود کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اقدامات سے قانون مزید مضبوط ہوگیا ہے -اب ہمیں اسے سیاسی رنگ دینے کی بجائے ملک کی تعمیر و ترقی کےلئے ملکر آگے بڑھنا ہے-قوم میں تفریق پیدا کرنے کی بجائے اسے اس طرح متحد کرنا کہ یہ اغیار کے سا منے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں-انہوںنے کہاکہ امریکی صدر جن 33ارب ڈالر دینے کی بات کرتے ہیں اس کا تو حساب ہوجائے گاتاہم یہ بھی واضح ہوجانا چاہےے کہ اغیار جس کا طعنہ دیتے ہیں وہ کولیشن سپورٹ فنڈ ہے جو دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے مشترکہ پلان پر عملدرآمد کے لئے ہے-صوبائی وزیر قانون رانا ثناءا للہ نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ختم نبوت میرے ایمان کا بنیادی جزو ہے- ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے- انہوں نے کہاکہ قادیانی کافر اور غیر مسلم ہےں اور دین کے اندر فتنے کا سبب ہیں-علماءکرا م نے پنجاب کی ترقی کے حوالے سے وزیراعلی شہبازشریف کے اقدامات کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ علماءکے کنونشن کا انعقاد خوش آئند امر ہے -حکومت نے عقیدہ ختم نبوت کے پیدا ہونے والے مسئلے کو بروقت حل کیا ہے جو قابل تحسین ہے- وزیراعلیٰ پنجاب نے اندرون شہر میں گھر کی چھت گرنے کے باعث بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں۔

 

بلاول کو بھی خدشہ

لاہور (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر حکومت مدت پوری نہ کر سکی تو یہ ناکامی مسلم لیگ (ن) کی ہو گی ،بلوچستان میں (ن) لیگ کے خلاف جو سیاسی بغاوت شروع ہوئی ہے وہ قومی سطح پر جاتی دکھائی دے رہی ہے، عمران خان کی شادی ان کا ذاتی ایشو ہے ۔ یہاں ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی بہت اچھی ہے اور ہم عوام کے مسائل کے حل کی طرف توجہ مرکوزکئے ہوئے ہیں۔ میاں صاحب صرف میٹرو میٹرو نہ دکھائیں اور بھی کچھ کرےں۔ انہوں نے کہا کہ نیب مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔انتقامی سیاست مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ ہے ، ہم نے پہلے بھی ان کے سیاسی انتقام کا سامنا کیا، مشرف اور ضیاءکے انتقام کا سامناکیا ،ہم (ن) لیگ کے جھوٹے مقدمات سے ڈرنے والے نہیں ۔ انہوںنے بلوچستان کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ بلوچستان میں سیاسی صورتحال خراب ہے،موجودہ حالات پر نظر ہے او رایک دو روز میں دیکھیں گے ۔ بلوچستان میں جو سیاسی بغاوت مسلم لیگ (ن) کے خلاف شروع ہوئی ہے وہ قومی سطح پر جاتی دکھائی دے رہی ہے۔ انہوںنے اس صورتحال میں پیپلزپارٹی کے کردار کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارا بلوچستان میں ایک بھی ایم پی اے نہیں ہمارا وہاں کیا منفی سیاسی کردار ہو سکتا ہے۔ اگر حکومت مدت پوری نہ کر سکی تو یہ ناکامی مسلم لیگ (ن) کی ہو گی۔انہوںنے عمران خان کی شادی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے ،اگر یہ خبر درست ہے تو مبارکباد ہو اوراگر عمران خان کی شادی نہیں ہوئی تو ایسی خبریں چلانا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔

 

خورشید شاہ کا ٹرمپ کا شکریہ۔۔۔ وجہ جان کر آپ بھی حیران ہونگے

لاہور(خبرنگار)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر وہاںبات ہونی چاہیے ،جہاں ملکی اور ریاست کے معاملات ہوں وہاں سیاست نہیں کی جاتی بلکہ ملکی مفادات کو اولین ترجیح دی جاتی ہے،سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر سٹیئرنگ کمیٹی کے سات جنوری کو ہونے والے اجلاس میں صورتحال دیکھ کر فیصلہ کریں گے اوروہ فیصلہ کریں گے جو ملک و قوم کے حق میں بہتر ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہور میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹ قابل مذمت ہے ،جو حالات پیدا ہوئے ہیں ہمیں اس میں اتحاد کامظاہرہ کرناہے ۔ انہوںنے کہا کہ ٹرمپ کی مہربانی سمجھ لیں کہ اب ہمیں یہ سوچنا ہے کہ ہمیں اپنے فیصلے خود کرنے ہیں ، معیشت کے لئے کسی کا محتاج نہیں ہونا اور امداد کی پیچھے بھاگنے کی بجائے کشکول کو توڑنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں صرف وزیر خارجہ کا بیان کافی نہیں ، یہ صرف وزیر خارجہ کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے ، پہلے بھی کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا چاہیے او روہاںبات ہونی چاہیے او رمسئلے کاحل تلاش کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ یہ ہماری نہیں بلکہ امریکہ کی جنگ تھی ،ضیا الحق اور مشرف دو آمروں نے ہمارے گلے میں یہ جنگ ڈالی ہے، اس کا مقصد اپنی حکومتوں اور غلطیوں کو بچانا اور چھپانا تھا ۔ یہ امریکہ کی مسلط کردہ جنگ تھی جو آج ہمارے گلے میں پڑ چکی ہے ۔انہوںنے موجودہ حالات میں عوامی تحریک کے ساتھ مل کردھرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے شہدا ءکے ورثا ءکو انصاف ملنا چاہیے۔لیکن ہمارے لیڈر نے کہہ دیا ہے کہ ہمیں مل جل کر فیصلے کرنے چاہئیں ۔ سات جنوری کوسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میںصورتحال دیکھ کر فیصلہ کریں گے اوروہ فیصلہ کریں گے جو ملک و قوم کے حق میں بہتر ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ کچھ فیصلے ایسے ہوتے ہیں جو اندرونی ہوتے ہیں ان میں اختلاف ہوتے ہیں لیکن جہاں ملکی اورریاست کے معاملات ہوتے ہیں ان پر سیاست نہیں کی جاتی اور ملکی مفاد کے خلاف بات نہیں کی جاتی بلکہ ملکی مفاد ات کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔

 

رانا ثنا ءکااستعفیٰ ۔۔۔ سیالوی نے حتمی اعلان کردیا

پاکپتن(نمائندہ خبرےں)جمعےت مشائخ پاکستان کے زےر اہتمام ختم نبوت مشاورت مےں حمےد الدےن سےالوی نے لاہور داتا دربار سے اسمبلی ہال تک مارچ 9جنوری کی بجائے 13 جنوری کو کرنے کا اعلان کر دےا جبکہ تحرےک لبےک ےا رسول اللہ مولانا اشرف جلالی نے15جنوری سے لاہور سے جےل بھرو تحرےک شروع کرنے کے اعلان کر دےا ، سجاد گان اور مشائخ و عظام نے ٹرمپ کے پاکستان کے خلاف بےانات اور امرےکی اقدامات کو مسترد کر دےا امرےکہ کسی بھول مےں نہ رہے قوم متحد ہے ، تفصےلات کےمطابق جمعےت مشائخ پاکستان کے چےئرمےن دےوان احمد مسعود چشتی کی طرف سے ختم نبوت کے حوالے سے مشاورت منعقدہ کانفرنس مےں بہت بڑی تعداد مےں درگاہوں کے سجادہ نشےنوں اور مشائخ و عظام نے شرکت کی اس مشاورت سے خطاب کرتے ہوئے حمےد الدےن سےالوی نے کہا کہ وزےر اعلی پنجاب مےاں محمد شہباز شرےف نے ذاتی طور پر ان سے بات کرتے ہوئے وعدہ کےا تھا کہ وہ رانا ثنا ءاللہ کو لے کر اُن کے پاس آئےں گے ، اور استعفیٰ بھی ساتھ ہو گا، مگر شہباز شرےف نے وعدہ خلافی کی نہ تو رانا ثناءاللہ خان کو لائے اور نہ ہی استعفیٰ دےا ، انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے اےمان کا حصہ ہے ، اور اس پر لاکھوں جانےں قربان ،اس موقع پر اعلان کےا کہ تمام سجادگان اور مشائخ کی مشاورت سے اعلان کرتا ہوں کہ داتا دربار سے اسمبلی ہال تک مارچ 13جنوری کو ہو گا ، انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی قربانی سے درےغ نہےں کرےں گے ، مشاورتی کانفرنس سے تحرےک لبےک ےا رسول اللہ کے مولانہ اشرف جلالی نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ فےض آباد دھرنا اور لاہور دھرنے کے شرکا سے وعدہ کےا گےا تھا کہ ختم نبوت قانون ختم کرنے والوں کے نام سامنے لائےں جائےں لےکن حکومت نے اےسا نہےں کےا اور اپنے قول کی نفی کی ہے ، انہوں نے کہا کہ 15جنوری کو لاہور سے جےل بھرو تحرےک کا اغاز کر دےا جائے گا ، انہوں نے مزےد کہا کہ عمران خان ، آصف زرداری ، اور نواز شرےف کھوٹے سکے کے اےک ہی رخ ہےں انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کا تحفظ سےاست کرنا نہےں ، مشاورتی کانفرس سے جمعےت علماءپاکستان نورانی گروپ کے صدر ڈاکٹر عبدالغےر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناءاللہ نے13جنوری تک استعفیٰ نہ دےا تو کراچی سے خےبر تک ملک بند کر دےں گے، سجادہ نشےن گولڑہ شرےف نظام الدےن جامی گےلانی نے کہا کہ اب اتحاد و اتفاق کا وقت آ گےا ، آئندہ جو بھی فےصلے ہوں وہ سجادگان اور مشائخ و عظام کی مشاورت سے فےصلے کےے جائےں ، مشاورتی کانفرنس سے تحرےک فےضان اولےاءپاکستان کے چئےرمےن دےوان عظمت سےد محمد چشتی ، کراچی سے ڈاکٹر عبدالغےر آزادصدر جمعےت علما ءپاکستان نورانی گروپ، صاحبزادہ حامد رضا فےصل آباد، خواجہ معےن الدےن گورےجہ کوٹ مٹھن شرےف، سےد افضال حسےن زنجانی سجادہ نشےن دربار مےراں حسےن زنجانی لاہوراور دےگر نے خطاب کےا ، ختم نبوت مشاورتی کانفرنس مےں سجاد گان اور مشائخ و عظام نے شرکت کی ، اس موقع پر انتظامےہ کی طرف سے سےکورٹی کے فول پروف انتظامات تھے۔ سرگودھا کے سجادہ نشین پیر خواجہ حمیدالدین سیالوی نے کہا ہے کہ تمام لوگ عہد کریں کہ تحفظ ختم نبوت تحریک میں ساتھ دیں گے۔انہوں نے ہدایت کی احباب قافلوں کی شکل میں داتادربارپہنچیں گے اورحاضری دیتے ہوئے دا ب کو محلوظ خاطررکھیں۔خواجہ حمیدالدین سیالوی کا کہنا ہے کہ رانا ثناءاللہ کے استعفے تک داتادربارقیام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوت فارم میں تبدیلی کرنے والوں کوبھی کیفرکردارتک پہنچناہوگا۔ہم پاکستان میں آقاکی ناموس کی جنگ لڑرہے ہیں۔سیال شریف میں خواجہ حمیدالدین سیالوی کا مریدین سے خطاب کیا اور کہا کہ ہمارا موقف دوٹوک ہے جس میں کسی لچک کی گنجائش نہیں حکمران جان لیں کہ ہم تحفظ ختم نبوت کے لئے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پیرآف سواگ شریف خواجہ احمد حسن نے (ن) لیگ سے علیحد گی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے صاحبزادے محبوب الحسن کوآئندہ الیکشن کے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔ سنی اتحاد کونسل کے میڈیا سیل کے مطابق خواجہ احمد حسن نے ن لیگ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے۔ ہمیشہ ن لیگ کی حمایت کرتے آئے ہیں لیکن اب ایسا نہیں کریں گے۔ خواجہ حمید الدین سیالوی کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے لاکھوں عاشقان رسول اور امت مسلمہ کے مجرموں کو اپنی گود میں بٹھا رکھا ہے۔ راناثناءسے استعفیٰ نہ لیا گیا تو حالات خراب ہو ں گے۔ حکومت وقت ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے۔ختم نبوت کے معاملے پر شدید تکلیف سے دوچار ہیں۔ مسلم لیگ ن جب تک ملزمان کو کیفر کردار تک نہیں پہنچائے گی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گی۔ راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔ن لیگ میں موجود علماءو مشائخ ن لیگ کو چھوڑ کر عوام اہلسنّت کے پاس آجائیں بصورت دیگر ایسے علماءو مشائخ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرنے میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔ اہلسنّت پر امن ہیں اور پر امن رہتے ہوئے ملکی سلامتی اور بقاءکے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

 

چوہدری نثار پھر میدان میں آگئے

واہ کینٹ، ٹیکسلا (نمائندہ گان خبریں) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ میں پارٹی میں گونگا بہرہ بن کر نہیں بیٹھتا۔پارٹی میں بھی اور نواز شریف کے سامنے بھی حق سچ کی بات کرتا ہوں۔ ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی۔ پارٹی کے اندر رہتے ہوئے غلط فیصلوں کی نشاندہی کی ،اب بھی اپنے اصولی موقف پر قائم ہوں، 32سال سے سیاست میں ہوں میرے دامن پر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کوئی داغ نہیں نہ ہی کرپشن کی اور نہ ہی قبضہ مافیا سے تعلق ہے، نہ کسی کے خلاف انتقامی سیاست کی اور نہ ہی ظالموں کا ساتھی ہوں، میراساتھ ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ ہوتا ہے،اگر ظالم کے پاس ہزاروں ووٹ ہوں مگر مظلوم کے پاس ایک بھی ووٹ ہوا تو میں اس مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوں گا، نہ کوئی جعلی سازی کی اور نہ ہی پارٹی بدلی،بلکہ آج سے بتیس سال پہلے والی جگہ پر ہی کھڑا ہوں میرے مخالفین کل کیا تھے اور آج کہاں پہنچ چکے ہیں۔ان خیا لات کا اظہار انھوں نے ٹیکسلا میں فراہمی گیس کے منصوبے کے افتتاح کے بعد احاطہ ٹیکسلا میں حاجی دلدار مرحوم کے ڈیرہ پر ایک بہت بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ سے سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی سفیر خان،حاجی ابرار دلدار خان اور چیئر مین یونین کونسل گڑھی سکندر حاجی عرفان خان ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا۔کہ بلکہ آج کا عظیم الشان عوامی اجتماع نے الیکشن کا ماحول بنا دیا ہے۔یہ یہان کے عوام کی حاجی دلدار سے محبت کا اظہار ہے۔حاجی دلدار خان کا نام ذندہ رہے گا۔انھوں نے کہا۔کہ میں نے اپنی ساری سیاسی ذندگی میں صرف عوام کی خدمت کی ہے۔اور دوست بنائے ہیں۔میں دھڑے باز شخص ہوں۔میں نے ساری ذندگی عوامی خدمت کی ہے۔مجھے پاکستان کے کسی بھی گاﺅں میں سب سے پہلے گیس پہنچانے کا اعزاز بھی حاسل ہے۔اور میں نے سب سے پہلے واہ گاﺅں میں گیس پہنچائی۔اور دیگر ترقیاتی کام بھی کرائے۔اس خطے کا سب سے بڑا ہسپتال بھی اسی حلقہ میں بنایا۔جس کا عنقریب افتتاح ہو گا۔جبکہ میرے مخالفین نے اقتدار میں رہنے کے باوجود اس علاقہ کی کوئی خدمت نہین کی۔اور اس علاقہ کو کوئی میگا پراجیکٹ نہیں دیا۔انھون نے صرف اپنے سی ا ین جی سٹیشن اور پٹرول پمپ لگائے۔اور انھوں نے صرف پارٹیان بدلنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں جب بھی کوئی بات اصولوں کے برعکس دیکھی تو اسکا برملا اظہار کیا پارٹی کے اندر بھی ہمیشہ اپنے اصولی موقف پر قائم رہا اور قائم ہوں، انھوں نے کہا نہ کبھی کرپشن کی اور نہ ہی قبضہ گروپ کا ساتھ دیا ،جبکہ میرے مخالفین نے نہ صرف اپنے اثاثے بڑھائے بلکہ کل کیا تھے اور آج کیا ہیں ۔انھوں نے مشرف کا بھائی کہا۔اور اس کا ساتھ چھوڑ دیا۔بے نظیر کے ساتھ رہے۔لیکن اس کی وفات پر انھوں نے فاتحہ خوانی تک نہیں کی۔اور اب یہ عمران خان کو سہانے خواب دیکھا رہے ہیں۔انھوں نے کہا۔کہ آج کے گیس اسٹیشن کے افتتاح کے بعد یہاں کے گیارہ دیہات میں گیس کے پریشر کی کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

 

بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ۔۔۔ کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف

خان بیلہ (نامہ نگار )ضلع رحیم یا ر خان کی چاروں تحصیلوں میںبینظیر انکم سپورٹ بائیومیٹرک پروگرام کی رقم میں بڑے پیمانے پر کروڑوں روپے کرپشن کا انکشاف ہو ا ہے۔بیواﺅں ،یتیموں،حقداروں ،مسکینوں کی رقم سے مبینہ ٹیکنیکل طریقے سے خورد برد کر کے ٹاﺅٹ ،عملہ،آفیسر،موبائل ایزی پیسہ شاپس مالکان سمیت ان کے یار غاربھی حادثاتی طور پر کروڑوں کما کر ضلع کے امیر خاندانوں کی لسٹ میں شامل ہوگئے۔پاکستان میں مبینہ52 لاکھ خواتین اسی امداد سے مستفید ہو رہی ہیں۔جس پر تین ماہ بعد 4500 روپے کی رقم مل رہی تھی۔ خان بیلہ سمیت ضلع رحیم یا ر خان کی چاروں تحصیلوں میں تقریباً ایک لاکھ ساٹھ ہزار خواتین کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈز موجود ہیں ۔ان میں تقریباً بیس ہزار خواتین ایسی ہیں جو مختلف فنی خرابیوں ،پن کوڈ بلاک ،استعمال کا طریقہ غلط ،استعمال کرنے کا کوڈ بلاک کرنا ،کارڈ کی گم شدگی،بغیر شادی شدہ خواتین کے نام آ جانا،سمیت مسلسل پانچ برسوں سے دفتروں کے چکر کاٹ کاٹ کر ٹاﺅٹ ایجنٹوں سے جمع پونجی لٹوانے کے باوجود امداد سے محروم ہیں۔تحصیل صادق آباد ،تحصیل رحیم یار خان ،تحصیل خان پور ،تحصیل لیاقت پور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں نے مبینہ جان بوجھ کر خواتین کے کارڈ بلاک پن کوڈ لگا کر اپنے خاص ٹاﺅٹوں کے ہاتھوں مال کمانے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔سروے سے لیکر امداد کی رقم وصولی تک خواتین کو ذلیل کر کے آٹھ مراحل پر سرِ عام رشوت وصول کی جا رہی ہے۔سروے کے دوران رشوت ،زیادہ سے زیادہ اپنی فیملی کے نام درج کروانے میں رشوت،کارڈ جلدی بننے کے لئے رشوت،کارڈ وصول کرنے میںرشوت،پن کوڈ کھلوانے میں رشوت ،گم شدہ کارڈ ڈپلیکیٹ بنوانے میں رشوت ، بلاک کارڈ اور تبدیل شدہ کارڈ کی تلا ش کے لئے رشوت،ایزی پیسہ شاپ مالکان سے سب مراحل پورے کر کے رقم وصولی کے وقت بھی رشوت وصول کی جارہی ہے۔چاروں تحصیلوں کی خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ ملا کرایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد خواتین کے کارڈ ز موجود ہیں اور چاروں تحصیلوں کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تقریباً بیس ہزار کارڈ مختلف فنی خرابیوں کی وجہ سے بلاک ہیں ان بیس ہزار خواتین کو چاروں تحصیلوں میں پھیلے ٹاﺅٹ مافیا ،جلدی فنی خرابی دور کرانے کا جھانسہ دیکر لوٹ مار میں لگے ہوئے ہیں ایک لاکھ ساٹھ ہزار کارڈ کی رقم فی قسط بہتر کروڑ روپے بنتی ہے جب کہ اس وقت پورے ضلع میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار کارڈ ایکٹو ہے جو تین ماہ بعد ضلع رحیم یار خان کی ایک لاکھ چالیس ہزار خواتین میں63 کروڑ تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔ جب کہ بیس ہزار بلاک فنی خرابی والے کارڈ کی ہر قسط نو کروڑ روپے دفتروں میں بیٹھے انسانی شکل میں ”معصوم فرشتے“ صاف کر دیتے ہیں اس وقت خان بیلہ سمیت ضلع بھر کی ایک لاکھ چالیس ہزار خواتین سے فی کس تین سو روپے موبائل ایزی پیسہ شاپس والے چار سے پانچ کروڑ روپے ہر تین ماہ بعد مفت کے کما رہے ہیں۔اس وقت ضلع بھرمیںان گنت موبائل ایزی پیسہ شاپس موجود ہیں جن کے پاس بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پیسے نکالے جا رہے ہیں۔جب کہ ایزی پیسہ شاپس والے فی کس تیس سے چالیس لاکھ فی قسط پر کما لیتے ہیں۔ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتا۔کیونکہ ذمہ داران اپنا حصہ لیکر خاموش ہیں یا کارروائی کی اتھارٹی نہیں رکھتے۔اس وقت خان بیلہ شہر میں سینکڑوں خاندان حقیقی مستحق ہونے کے باوجود بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید نہیں ہو رہے اور سروے میں بھی ان کو نظر انداز کئے جانے کے بعد اکثر خاندانوں میں ایک وقت فاقہ تک ہوتا ہے۔ATM حالیہ چلت جو بائیومیٹرک تصدیق کے ساتھ کی گئی ہے اس میں صرف خان بیلہ شہر کے دو شاپس مالکان ،سیال پی سی او اورماشا اللہ پی سی او مالکان نے بے ایمانی ،کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ کر خوب مال بنایا ہے ۔ زرینہ مائی ،بختو مائی ،فاطمہ بی بی،آمنہ بی بی ،مشیراں بی بی،اور دیگر عورتوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا غریب ،بیوہ ،مسکین ،سیدھی سادھی خواتین سے انگوٹھا لگو ا کر ان کو اگلے دن آنے کا کہا گیا اور دو تین چکر لگوانے کے بعد کہ دیا گیا کہ آپ کے پیسے نہیں آئے جب کہ پیسے اان شاپ مالکان نے خود نکلوا لئے۔اسی طرح جن عورتوں کی تین تین اقساط کے پیسے موجود تھے ان سے انگوٹھا لگوا کر ان کو صرف ایک قسط کے پیسے دئے گئے اور دو اقساط کے پیسے شاپ مالکان نے اپنے پاس رکھ لئے۔ فی کس تین سے چار سو روپے بائیومیٹرک تصدیق کے الگ لئے جاتے ہیں ۔ان غریب ،مسکین ،بیوہ عورتوں نے مزید کہا کہ بائیومیڑک تصدیق والا موجودہ نظام فوری طور پر ختم کیا جائے اور پہلے والا ATM کارڈ والا نظام بحال کیا جائے۔
گھپلے