پاکستان کی عالمی سطح پرتنہائی کے خاتمے میں آرمی چیف کا کرداراہم ہے، پرویزالہٰی

لاہور(ویب ڈیسک)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عالمی سطح پر تنہائی کے خاتمہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کردار اہم ہے اور ان کے دوروں اور ملاقاتوں سے باہمی اعتماد کی فضا پیدا ہوچکی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے آرمی چیف کے دوروں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے جب کہ کرتارپور افتتاح سے پہلی مرتبہ بھارتی قیادت سفارتی محاذ پر بیک فٹ پر نظر آ رہی ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ خطے کے ممالک سے بہتر تعلقات میں آرمی چیف کی خاموش ڈپلومیسی کا عمل دخل ہے، قومی سلامتی اور یکجہتی کے لیے جنرل باجوہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

نوازشریف کیخلاف نیب ریفرنسز کا فیصلہ: اسلام آباد میں سخت سیکیورٹی انتظامات

اسلام آباد(ویب ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا جس کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کل دونوں ریفرنسز پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنائیں گے اور نواز شریف بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔کمرہ عدالت میں مسم لیگ (ن) کے وکلا، رہنماو¿ں سمیت 15 افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی جب کہ میڈیا پرسنز کو اپنی شناخت پاس رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق احتساب عدالت کے اطراف پولیس کی ایک ہزار نفری تعینات کی جائے گی اور کمرہ عدالت میں نواز شریف کو کلوز پروٹیکشن یونٹ سیکیورٹی فراہم کرے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ا?ج شام سے پولیس تعینات کردی جائے گی، ضرورت پڑنے پر مزید پولیس فورس تعینات کی جائے گی اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو احتساب عدالت نہیں جانے دیا جائے گا۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز بھی موجود رہے گی۔

شریف برادران کا احتساب عدالت کے فیصلے پر قانونی راستہ اختیار کرنے پراتفاق

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات کے دوران احتساب عدالت کے کل کے ممکنہ فیصلے اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی اور دونوں نے اتفاق کیا کہ سویلین بالادستی پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شریف برادران کی منسٹر انکلیو میں دونوں رہنماو¿ں کے درمیان دو گھنٹے تک ملاقات جاری رہی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں پر غور کیا گیا اور احتساب عدالت کے کسی بھی ممکنہ فیصلے کی روشنی میں پارٹی کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف برداران نے اتفاق کیا کہ احتساب عدالت کا جو بھی فیصلہ آیا اس پر قانونی راستہ اختیار کریں گے اور فیصلہ خلاف آنے پر ابتدائی مرحلے میں پارلیمنٹ کے اندر احتجاج کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آئندہ قومی اسمبلی اجلاس کےدوران دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو اپویشن لیڈر کے چیمبر میں چائے پر مدعو کیا جائے گا اور اپویشن جماعتوں کی مشاورت سے متفقہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 دسمبر سے ورکرز کنونشن لاہور سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا اور عوام و پارٹی کارکنوں کو کسی بھی صورتحال کے لیے فعال کیا جائے گا جب کہ پارٹی کا ایڈوائزری بورڈ مشاورت سے آئندہ فیصلے کرے گا۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل اور فلیگ شپ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کل سنائیں گے۔ احتساب عدالت کے فیصلے کے پیش نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کے مطابق احتساب عدالت کے اطراف پولیس کی ایک ہزار نفری تعینات کی جائے گی اور کمرہ عدالت میں نواز شریف کو کلوز پروٹیکشن یونٹ سیکیورٹی فراہم کرے گا۔

سارہ علی خان نے اپنی بڑھتی مقبولیت کی وجہ بتا دی

ممبئی(ویب ڈیسک)ان دنوں بالی وڈ میں چھوٹے نواب سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان کے خوب چرچے ہیں، ایسے میں اداکارہ نے خود اپنی مقبولیت کی وجہ بھی بتادی۔اداکارہ نے فلم نگری میں قدم فلم ’کڈرناتھ‘ سے رکھا جس میں جاندار اداکاری اور دلکش اداو¿ں سے سب کا دل جیت لیا اور اب سارہ علی خان کی دوسری فلم ’سمبا‘ 28 دسمبر کو ریلیز ہونے جارہی ہے جس میں وہ اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ پہلی مرتبہ جلوہ گر ہوں گی۔فلم کی ریلیز سے قبل ہی فلم کا ٹریلر اور گانے مداحوں میں مقبول ہوچکے ہیں تاہم فلم کی تشہیر زور و شور سے جاری ہے۔تشہیر کے دوران سارہ علی خان کا میڈیا سے پ±راعتماد انداز میں گفتگو کرنا اداکارہ کے مداحوں میں اضافے کا باعث بن گیا ہے جس پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ سارہ علی خان ایک ہوشیار اداکارہ ہیں۔بھارتی نیوز سائٹ دکن کرونیکل کی رپورٹ کے مطابق سارہ علی خان کا کہنا ہے کہ وہ بہت ذہین نہیں لیکن ایک تعلیم یافتہ اداکارہ ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ کنفیوڑ ہیں‘۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری گھیرے میں لے لیتی ہے ایسے میں چیزوں کو متوازن کر کے کیسے چلنا ہے یہ سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے، ہر چیز پر لاپرواہ نہیں ہو سکتے اور بہت زیادہ ذہنی دباو¿ بھی خطرناک ہے اس لیے جب اکیلے ہوں تو چیزوں کو سوچنا سمجھنا چاہیے‘۔

لوگوں نے عمران خان کو اس لیے ووٹ دیے کہ کرپٹ لوگ جیلوں میں ہوں: شیخ رشید

پشاور(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اس لیے ووٹ دیے کہ کرپٹ لوگ جیلوں میں ہوں، کرپشن کا ایسا خاتمہ کریں گے کہ لوگ یاد رکھیں گے۔پشاور میں رحمان باباایکسپریس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں سے قبضہ ختم کرایا جائے گا، ریلوے نے کمیشن دے دے کر بہت خسارہ بھگت لیا، ٹرین چلے گی تو پاکستان کی معیشت کا پہیہ بھی گھومے گا۔شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ عوام نے اس لیے ووٹ نہیں دیا کہ وہ پبلک اکاو¿نٹس کمیٹی کے چیئرمین بن کر فیڈرل منسٹر والی جھنڈوں والی گاڑیوں میں پھریں، چوروں اور لٹیروں کو سزائیں نہ ملیں تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی، لوگ عمران خان کے ساتھ اس لیے ہیں کہ ملک میں انقلاب اور تبدیلی آئے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دو نان اسٹاپ ٹرینیں چلائیں گے، ہمارے پاس 15 تاریخ تک کراچی کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں، پہلی تاریخ کو ایک ماہ کے لیے ونٹر ٹرین چلائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ رحمان بابا ایکسپریس کا کرایہ راولپنڈی لاہور موٹر وے جتنا 1350 روپے رکھا گیا ہے اور یہ ٹرین 34 کے بجائے 24 گھنٹوں میں پشاور سے کراچی پہنچے گی۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم نے سو دنوں میں 20 ٹرینیں چلائی ہیں جو دنیا کی تاریخ میں ریکارڈ ہے اور اس سال مزید 20 ٹرینیں اور چلائیں گے، ایم ایل ون کا فیصلہ چند ہفتوں میں ہوجائے گا جس کے تحت پشاور سے کراچی تمام ریلوے ٹریک تبدیل کیا جائے گا، ٹریک کی تبدیلی کے بعد پشاور سے کراچی ٹرین کی کم سے کم رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ ٹریک کی تبدیلی کے بعد پشاور تا کراچی ٹرین کی زیادہ سے زیادہ 260 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی اور کراچی سے پشاور تک 8 گھنٹوں میں پہنچا جا سکے گا۔

یقین ہے ملکی دولت لوٹنے والوں کو سزا ضرور ملے گی: نعیم الحق

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے حقائق سب کے سامنے آ گئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کو سزا ضرور ملے گی۔لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ پچھلے حکمرانوں نے غریب عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، زرداری اور نواز شریف صاحب کے مقدمات زیر سماعت ہیں، اس پر زیادہ بات نہیں کروں گا تاہم کرپٹ حکمرانوں کو عبرتناک سزا دینے تک اس نظام سے چھٹکارہ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت ارب پتی ہے، آصف زرداری اور نواز شریف نے بے دردی سے ملک کو لوٹا، ان کی ملک میں موجود جائیدادیں ضبط ہونی چاہئیں۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ذہن میں ہے کہ ہر حال میں وہ یا ان کی اولاد کو اقدار میں رہنا چاہیے، ان کے ذہنوں میں اقتدار سے چمٹے رہنا ہی سیاست ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ تعاون کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، میاں شہباز شریف کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنانا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، اپوزیشن کے ساتھ مل کر قومی اسمبلی کی 38 قائمہ کمیٹیاں قائم کردیں، 20 کمیٹیوں کی سربراہی پی ٹی آئی اور 18 کی سربراہی اپوزیشن کے پاس ہوگی۔قبل از وقت انتخابات کے تاثر کو رد کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ مڈ ٹرم الیکشن کرانے کا فی الحال کوئی پروگرام نہیں، عوام سے رابطے کو بہتر بنانے کے لیے جلسے کرنے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے، عوامی رابطہ مہم کیلئے سب سے پہلا جلسہ 27 جنوری کو میانوالی میں ہوگا۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس وقت پنجاب کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے، نیا بلدیاتی نظام آگے بڑھنے کے لیے انقلابی قدم ثابت ہوگا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے دعویٰ کیا کہ قرضوں کی ادائیگی کے مسئلے پر قابو پالیا ہے، دوست ملکوں سے ملنے والے ڈالرز سے غیر ملکی واجبات ادائیگی میں مدد ملے گی جب کہ آئی ایم ایف سے سمجھوتہ پاکستان کی شرائط پر ہوگا۔نعیم الحق کا کہنا تھا ‘بدقسمتی سے ہر ادارہ زوال کا شکار ہو چکا ہے، اسے درست کرنا ہوگا، یوٹیلیٹی اسٹورز، پوسٹ آفس، پی آئی اے اور اسٹیل ملز میں بے دردی کے ساتھ لوٹ مار کی گئی، ماضی کے حکمرانوں نے اپنی دولت میں اضافہ کیا اور غریب کے لیے کچھ نہیں کیا’۔انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاو¿سنگ سوسائٹی کے قیام کے لیے دن رات کام کیا جارہا ہے، مستحق افراد کے لیے 5 سے 10 ہزار روپے ماہانہ اقساط پر گھر بنائے جائیں گے اور اس سلسلے میں اسکیم کے تحت 7 شہروں سے 5 لاکھ درخواستیں آچکی ہیں، ملک میں 10 ہزار ڈویلپر مکانات کی تعمیر میں حصہ لیں گے۔

نوازشریف کی کارکن بن کر انصاف کے لیے کردار ادا کروں گی: مریم نواز

لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز ان دنوں خاموش ہیں اور وہ موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے ٹوئٹر پر بھی سرگرم نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی لاہور سے اسلام آباد روانگی کے موقع پر مریم نواز نے انہیں رخصت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کارکن بن کر آپ کے انصاف کے لیے کردار ادا کروں گی۔ذرائع کے مطابق مریم نواز نے والد نواز شریف کو کہا کہ آپ کو عوام سے جدا رکھنے والے فیصلے بے بنیاد مفروضوں کی پیداوار ہوتے ہیں۔یاد رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے کل نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کا فیصلہ سنایا جائے گا اور اس سلسلے میں سابق وزیراعظم لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نیب ریفرنسز پر فیصلہ سنائیں گے اور نواز شریف بھی عدالت جائیں گے۔

ملالہ یوسف زئی کو بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ متاثر کرگئی

لندن(ویب ڈیسک)پاکستانی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ متاثر کر گئی۔ملالہ یوسف زئی نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ دیکھی جس کے بعد انہوں نے فلم کو قابل ستائش قرار دیا۔فلم دیکھنے کے بعد ملالہ نے شاہ رخ خان کے لیے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ ’شاہ رخ خان میں نے آپ کی فلم دیکھی جو مجھے اور میرے اہل خانہ کو بہت پسند آئی، فلم کافی دلچسپ تھی‘۔ملالہ نے کہا کہ ’شاہ رخ خان میں آپ کی بہت بڑی مداح ہوں اور آپ سے ٹوئٹر پر چٹ چیٹ کر کے بہت اچھا محسوس ہوا، میں امید کرتی ہوں جب بھی آپ آکسفورڈ آئیں یا برطانیہ میں کبھی بھی آئیں تو ملاقات ضرور کریں گے جو کہ میرے لیے بہت اہم دن ہوگا‘۔ملالہ کا مزید کہنا تھا کہ جیسا سب کہتے ہیں کہ آپ سوپر ہیں اور بہت زبردست ہیں میں بھی یہی کہوں گی واقعی آپ کا کام اور آپ بہت شاندار ہیں۔ملالہ اس وقت لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، ساتھ ہی وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کرتی ہیں جس کے لیے ملالہ فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا۔یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کا تعلق سوات سے ہے جنہیں 2009 میں 12 برس کی عمر میں اسکول سے واپسی پر دہشت گردوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد ان کو طبی علاج کے لیے لندن لے جایا گیا اور وہ اب وہیں مقیم ہیں۔

کراچی سے پشاور چلنے والی ‘رحمان بابا’ ٹرین کا افتتاح

کراچی(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ٹرین کا افتتاح کردیا۔نئی ٹرین کی افتتاحی تقریب کراچی کے کینٹ اسٹیشن پر منعقد ہوئی جہاں ضعیف العمر مسافر اور قلی نے ٹرین کا افتتاح کیا، اس موقع پر ڈی ایس ریلوے ارشد سلام خٹک اور ڈی سی او اسحاق بلوچ بھی موجود تھے۔ریلوے حکام کے مطابق رحمان بابا کی 11 کوچز میں 700 سے زائد مسافر سفر کر رہے ہیں اور پہلی ٹرین سے چار لاکھ کی آمدنی ہوئی ہے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ رحمان بابا ٹرین میں 31 دسمبر تک ٹکٹس بک ہیں۔ یاد رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے حکومت کے ابتدائی 100 روز کے دوران 10 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا اور انہوں نے ہدف حاصل کرنے کے بعد مزید نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

انڈونیشیا میں سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد 168 ہوگئی، سیکڑوں زخمی

جکارتہ(ویب ڈیسک)انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں خوفناک سونامی سے ہلاک افراد کی تعداد 168 تک پہنچ گئی جب کہ 500 سے زائد زخمی ہیں۔ انڈونیشین ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق سونامی آتش فشاں پھٹنے سے زیر آب لینڈ سلائیڈنگ کے سبب آیا جس سے پینڈگلنگ، سیرانگ اور جنوبی لمپنگ کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق سونامی کے باعث کئی گھر بہہ گئے، درخت زمین سے اکھڑ گئے اور سڑکیں زیر آب آگئیں۔حکام نے تصدیق کی کہ ہلاک افراد کی تعداد 168 تک پہنچ گئی جب کہ 745 زخمی ہیں اور اب بھی گئی افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔انڈونیشین ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان سٹوپو پرواو¿ کا کہنا ہے کہ سونامی سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور کئی افراد لاپتہ ہیں، متاثرہ علاقوں میں مٹی تلے اب بھی کئی افراد کے موجود ہونے کا خدشہ ہے جہاں سونامی سے کئی میٹر گہرے گھڑے پڑ چکے ہیں۔واضح رہے کہ رواں برس اکتوبر میں بھی انڈونیشیا زلزلے اور سونامی سے متاثر ہوا تھا جس کی وجہ سے اموات کی تعداد 1558 تک پہنچ گئی تھی۔