اسلام آباد (ویب ڈیسک) ماہر نفسیات ’ہنٹ ایتھرج‘نے حال ہی میں ایک برطانوی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اکثر ان کے پاس مرد و خواتین اپنے ازدواجی مسائل لے کر آتے ہیں۔ ایک حیرت انگیز بات انہوں نے یہ بات بتائی کہ اگر پیشہ وارانہ زندگی میں بے حد کامیاب خواتین ان کے پاس آتی ہیں اور شکایت کرتی ہیں کہ زندگی میں بے تحاشہ کامیابیوں کے باوجود انہیں نجی زندگی میں کامیابی نہ ملی۔ ان میں سے اکثر غیر شادی شدہ اور تنہا ہوتی ہیں۔ ساتھ ہی ایسی بہت سی خواتین بھی آتی ہیں جو کہتی ہیں کہ اگر انہیں کوئی مرد اچھا بھی لگے تو وہ ایک دو ملاقاتوں میں ہی گھبرا جاتا ہے۔ ماہر نفسیات نے اس حوالے سے واضح کیا کہ بیشتر مرد پیشہ وارانہ زندگی میں کامیاب خواتین سے دور بھاگتے ہیں۔ نفسیاتی تھراپسٹ ’ایلن بوئکن‘ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان کے خیال میں مرد خواتین کی کامیابی سے خوفزدہ نہیں ہوتے بلکہ ایسی صورت میں ازدواجی معاملات میں اپنی حیثیت کے حوالے سے تحفظات کا شکار ہوجاتے ہیں۔ عام طور پر مردوں کی نفسیات میں یہ بات شامل ہوتی ہے کہ ان کی بیگم یا محبوبہ کی ذمہ داری ان پر ہے۔ کامیاب پیشہ وارانہ زندگی گزارنے والی خواتین کا انحصار ان پر نہیں ہوتا جس کے باعث مرد کی اہم نفسیاتی ضرورت پوری نہیں ہوپاتی۔