لاہور (ویب ڈیسک)اگر آپ سے سوال پوچھا جائے کہ اطالوی زبان کا وہ کون سا لفظ ہے جو سب سے زیادہ بولا ، سمجھا اور پسند کیا جاتا ہے تو یقیناً آپ کو جواب معلوم ہوگا۔ آپ صحیح سمجھے یہ لفظ ہے ‘پیزا’۔ جو دنیا بھر سمیت ہمارے ملک میں بھی دیسی اور بدیسی شکلوں میں بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ اب اس پیزا سے جڑی ایک پہیلی بوجھیں، کیا 18 انچ کے ایک پیزا میں دو 12 انچ کے پیزا سے زیادہ پیزا ہوتا ہے؟ آپ کہیں گے کہ رہنے دیں پیزا کے سلائس کھائیں پیزا مت گنیں۔ لیکن جناب پیزا سے جڑا ہے ایک حساب۔اس حساب کو سمجھ لینے کے بعد آپ دوستوں کے ساتھ دو 12 انچ کے پیزا منگانے کے بجائے ایک 18 انچ کا پیزا کھانا پسند کریں گے۔ پیزا اتنا ہی ہوگا لیکن قیمت ہوگی ایک پیزا کی۔سننے میں یہ کچھ عجیب لگ رہا ہوگا لیکن فرمیٹ لائبریری نے پیزا کے حجم کا حساب کتاب لگایا ہے اور جواب یہ آیا ہے کہ اب 12 انچ کے دو پیزا کی بجائے 18 انچ کا ایک پیزا کھایا جائے۔ایک 18 انچ کا پیزا اپنے حجم کا 254 اسکوائر انچ ہوتا ہے جبکہ دو 12 انچ کے پیزا میں صرف 226 اسکوائر انچ ہوتے ہیں تو ہوا نا 18 انچ کا پیزا 2 12 انچ کے پیزوں سے بڑا؟سوشل میڈیا پر یہ حساب منظر عام پر آنے کے بعد لوگوں نے اس حساب پر اپنی رائے دی اور یوں ایک تانتا سا بندھ گیا۔اس حساب کتاب پر ٹوئٹر کے ایک صارف نے سوال اٹھا یا کہ اگر پیزا کا کرسٹ نہ کھایا جائے تو پھر تو یہ حساب ہی غلط ثابت ہو جاتا ہے۔اتنا حساب کتاب جب کریں جب خود سے پیزا کھلانا ہو تاکہ دوسرا اس چکر میں یا تو پیزا کھانے سے انکار کر دے یا پھر ایک سلائس کھا کر ریاضی کے تحت پیٹ بھرا ہوا محسوس کرے اور اگر کسی کی پیزا دعوت ہو تو پھر ‘بے حساب’ کھائیں۔