کیلیفورنیا (ویب ڈیسک ) یوٹیوب نے اپنے پلیٹ فارم پر صارفین کی جانب سے ویڈیوز پوسٹ کرنے سے متعلق نئے اصول وضع کردیے۔
کمپنی نے بلاگ پوسٹ میں نئی پالیسی وضع کرتے ہوئے کہا ہے کہ جان لیوا چیلنجز، خوفناک مذاق اور جسمانی نقصان پہنچانے والا مواد اپ لوڈ کرنا ناقابل قبول ہوگا۔
یوٹیوب پہلے ہی لوگوں کو خطرناک سرگرمیوں پر ابھارنے والے مواد کو ممنوع قرار دے چکا ہے یا ایسا مواد جس کے نتائج نقصان دہ ہوں تاہم نئی وضع کردہ پالیسی میں خوفناک مذاق اور چیلنجز کی نشاندہی کی گئی ہے۔
یوٹیوب نے ’ٹائڈ پوڈ چیلنج‘ اور ’فائر چیلنج‘ کی مثال دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان جیسی سرگرمیوں پر مبنی ویڈیوز کی پلیٹ فارم پر کوئی جگہ نہیں، ایسے مواد جس میں لوگوں کی جان کو خطرات لاحق ہوں یا پھر وہ اسٹنٹ جو جان لیوا ثابت ہوں ، انہیں کسی صورت یوٹیوب پر شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اپ ڈیٹ پالیسی میں ایسے مواد پر پابندی عائد کی گئی ہے جس میں لوگوں کو پھنسانے کی کوشش کی جائے کہ وہ خطرے میں ہیں جیسا کہ گھرمیں حملہ ا?ور بن کر گھسنا، خوف زدہ کرنا، ڈرائیورنگ کرتے ہوئے کسی پر فائرنگ کرکے اسے ڈرانا، جیسے مذاق یا چیلنجز شامل ہیں۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ یوٹیوب اپنے پلیٹ فارم پر ہمیشہ ایسے مذاق اور فنی ویڈیوز کو ضرور جگہ دیتا ہے جس میں حد پار نہ کی گئی ہو۔