لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں سردی کا زور عروج پر ہے اور مختلف ممالک نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مختلف ممالک میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آچکا ہے اور کئی ممالک میں تو خون جمادینے والی سردی ہے۔
ایسا ہی کچھ حال امریکا کا بھی ہے جہاں شدید سردی نے چشموں تک کا پانی جما دیا ہے اور اسی سردی کا نشانہ مگرمچھ بن گئے۔
نارتھ کیرولائنا کے سوامپ پارک میں انتہائی شدید موسم کے نتیجے میں وہاں چشمے برف سے جم گئے اور مگرمچھوں کو خود بچانے کے لیے منفرد حکمت عملی اپنانا پڑی۔
جی ہاں مگرمچھوں نے خود کو زندہ رکھنے کا انتہائی انوکھا طریقہ اپنا کر سب کو دنگ کردیا۔
انہوں نے اپنی ناک برف کی سطح کے اوپر رکھی جبکہ باقی جسم پانی کے اندر رہا۔
گزشتہ ہفتے جب اس ریاست میں درجہ حرارت تیزی سے گرا تو تالاب سے بھاگنے کی بجائے ان مگرمچھوں نے فوری طور پر اپنی ناک پانی کی سطح سے باہر نکال دی تاکہ پانی منجمد ہوجانے پر بھی وہ سانس لینا جاری رکھ سکیں۔