کنبرا(نیٹ نیوز) کسی غیرملک کا ویزہ حاصل کرنے کے لیے جعلی شادی کرنے کی خبریں تو آپ گاہے سنتے رہتے ہوں گے لیکن آپ یہ سن کر حیران رہ جائیں گے کہ آسٹریلیا کا ویزہ حاصل کرنے کے لیے بھارت کے ایک بھائی بہن نے آپس میں ہی شادی رچا لی۔ میل آن لائن کے مطابق یہ کارنامہ بھارتی پنجاب کے ایک بھائی بہن نے سرانجام دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بھائی نے اپنی اپنے ایک کزن کے نام سے اپنی جعلی شناختی دستاویزات بنوائیں جو کہ آسٹریلیا میں مقیم تھا۔ پھر اس نے ایک عدالت میں جا کر اپنی بہن سے شادی کر لی تاکہ وہ بھی آسٹریلیا جا سکے۔ان جعلی دستاویزات ، جعلی پاسپورٹس اور جعلی شادی کے ثبوتوں کے ساتھ وہ دونوں آسٹریلیا کا ویزہ حاصل کرنے اور وہاں پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تاہم گزشتہ دنوں بڑے پیمانے پر تحقیقات کی گئیں تو اس دوران ان دونوں کا بھی بھانڈا پھوٹ گیا۔ ڈیپارٹمنٹ آف ہوم افیئرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ”ویزے کے حصول کے لیے بھائی بہن کے باہم شادی کرنے کایہ پہلا واقعہ ہے جو ہمارے علم میں آیا۔ اس سے قبل ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ان کے علاوہ بھی متعدد ایسے لوگوں کے بارے میں علم ہوا ہے جو غیرقانونی طور پرجعلی دستاویزات اور فرضی شادیاں کرکے آسٹریلیا میں آئے۔