ویلنگٹن(اے پی پی) ٹم سیفرٹ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 80 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ بھارتی ٹیم کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں رنز کے اعتبار سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم کو 2010ءمیں آسٹریلیا کے ہاتھوں 49 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جو کہ اس کی کسی بھی ٹیم کے ہاتھوں رنز کے اعتبار سے بڑی شکست تھی۔ میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے، سیفرٹ نے 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جواب میں بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کیویز باﺅلرز کی نپی تلی باﺅلنگ کے سامنے بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، دھونی 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، ساﺅتھی نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، سیفرٹ کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ بدھ کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں بھارتی قائد روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 219 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ٹم سیفرٹ اور کولن منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب دھنائی کی اور انہوں نے ٹیم کو 86 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، یہاں پر کرونل پانڈیا نے منرو کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 34 رنز بنائے، 134 کے سکور پر نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ گری جب سیفرٹ جو کہ جارحانہ بیٹنگ کر رہے تھے 84 رنز بنانے کے بعد خلیل احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے، ڈیرل مچل 8 رنز بنا کر چلتے بنے، کپتان کین ولیمسن 34 رنز بنا کر چھاہل کی گیند کا نشانہ بنے، کولن ڈی گرینڈ ہوم 3 رنز بنا سکے، روز ٹیلر نے 23 رنز بنائے، کوگلجین 20 اور مچل سینٹنر 7 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔، ہرڈک پانڈیا نے 2 جبکہ کرونل پانڈیا، بھنشور کمار، خلیل احمد اور یزوندرا چھاہل نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں بھارتی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور آخری اوور کی دوسری گیند پر 139 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 18 کے سکور پر ساﺅتھی نے روہت شرما کو آﺅٹ کر کے حریف ٹیم پر دباﺅ بڑھا دیا جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی کھل کر نہ کھیل سکا، شرما 1، شیکھر دھون 29، وجے شنکر 27، ریشبھ پانٹ 4، دھونی 39، دنیش کارتھک 5، ہرڈک پانڈیا 4، کرونل پانڈیا 20، بھنشور کمار اور چھاہل ایک، ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئے، ساﺅتھی نے 3، فرگوسن، سینٹنر اور آئش سودھی نے 2، 2 اور ڈیرل مچل نے ایک وکٹ لی۔
