بغداد(آئی این پی )ایک سے زائد جڑواں بچوں کی پیدائش کی خبریں ذرائع ابلاغ میں آتی رہتی ہیں مگر عراق میں ایک خاتون کے ہاں ایک ساتھ 7 جڑواں بچوں کی پیدائش نے سب کو حیران کردیا۔ عراق کے صوبہ دیالی کے البتول اسپتال میں لائی گئی ایک خاتون نے سات جڑواں بچوں کو جنم دیا۔ عراق کی سرزمین پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سات جڑواں بچوں کی ماں ضلع دیالی کی ہیں۔ ماں اور بچے سب تندرست اور صحت مند ہیں۔دیالی گورنری کے شعبہ صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ البتول اسپتال میں ایک خاتون کے ہاں پیدا ہونے والے سات جڑواں بچوں میں چھے بچے اور ایک بچی ہے۔’السامریہ نیوز’ کے مطابق محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی پیدائش فطری طریقے پرعمل میں آئی۔ دیالی کے محکمہ صحت کے ترجمان فارس الغزاوی کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقع ہے۔