نئی دہلی(ویب ڈیسک) ہم نے معمولی حساب کتاب کرنا ہو تو کیلکولیٹر نکال لیتے ہیں لیکن بھارت کی ایک خاتون تھی جو بڑے سے بڑا حساب صرف اپنا دماغ استعمال کرتے ہوئے یوں سیکنڈز میں کر لیتی تھی کہ سن کر آدمی سراپا حیرت بن جائے۔ اس خاتون کا نام شکنتلا دیوی تھا جو ایک مصنفہ تھی۔ اس کی اس کمال صلاحیت کی وجہ سے لوگ اسے ‘انسانی کمپیوٹر‘ کے نام سے پکارتے تھے۔شکنتلا دیوی 4نومبر 1929ءکو بنگلور میں پیدا ہوئی اور 21اپریل 2013ءمیں اس کا انتقال ہو گیا۔وہ ریاضی کے انتہائی پیچیدہ پزلز بہت آسانی کے ساتھ حل کر لیتی تھی۔ اس کے علاوہ اسے علم نجوم پر بھی دسترس تھی۔1982ءمیں اس کی اس صلاحیت کی وجہ سے اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کیا گیا۔ اس نے اپنی زندگی میں متعدد کتابیں لکھیں جن میں ناول بھی شامل ہیں۔ ان کی کتاب ’دی ورلڈ آف ہوموسیکسوئلز‘ (The Worlds of Homosexuals) کو بہت شہرت ملی۔ اس کتاب کو بھارت میں ہم جنس پرستی پر پہلی تصنیف قرار دیا جاتا ہے۔