نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک، آئی این پی) حکمران جماعت تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے بھارت میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر خارجہ سشما سوراج اور سابق آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ سے ملاقاتیں کی ہیں۔بھارتی صحافیوں کے مطابق تحریک انصاف کے ہندو رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے ہفتہ کوبھارت میں انڈین وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر خارجہ سشما سوراج اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) وی کے سنگھ سے ملاقاتیں کی ہیں۔ڈاکٹر رمیش کمار کی یہ ملاقاتیں ہندوں کے مذہبی تہوار کمبھ میلے کے موقع پر ہوئی ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے اپنے ٹوئٹر پر ان ملاقاتوں کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار نے لکھا کہ امن ہی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔گزشتہ روز بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو میں ڈاکٹر رمیش کمار نے ان ملاقاتوں کا عندیہ دیا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ مودی اور سشما سوراج سے ملاقاتوں میں ان سے درخواست کریں گے کہ دونوں ملکوں کو امن کی طرف قدم بڑھانا چاہیے، میں نے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اور حکومت سے بھی بات کی ہے، وہ بھی نہیں چاہتے کہ ایسی صورتحال پیدا ہو۔
