لاہور (ویب ڈیسک ) جو کیمرون کو اپنی جلد جلنے کا احساس اس وقت ہوا جب انہیں گوشت جلنے کی بو محسوس ہوئی، ان کا بازو اکثر اوون میں جل جاتا ہے مگر انہیں کوئی درد ہی نہیں ہوتا جو انہیں خبردار کرے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ دنیا کے ان محض 2 افراد میں سے ایک ہیں جن کے جینز میں ایک مخصوص تبدیلی واقع ہوئی ہے۔اس تبدیلی کے نتیجے میں انہیں کوئی درد محسوس نہیں ہوتا اور نہ ہی وہ ذہنی طور پر بے چین یا خوفزدہ ہوتی ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والی معمر خاتون کو اس بات کا احساس 65 سال کی عمر میں ہوا کہ وہ دوسروں سے مختلف ہیں اور وہ بھی اس وقت جب ایک بڑے آپریشن کے بعد ڈاکٹر یہ یقین کرنے میں ناکام ہوگئے کہ جو کیمرون کو دردکش ادویات کی ضرورت نہیں۔جب ان کے ہاتھ کی سرجری ہوئی تو ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا تھا کہ انہیں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔جب خاتون کو کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں ہوئی تو ڈاکٹروں نے انہیں لندن کالج یونیورسٹی اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں کے پاس بھیجا۔وہاں ٹیسٹوں سے ماہرین نے جینز میں آنے والی تبدیلی کو دریافت کیا جس کے نتیجے میں انہیں دیگر افراد کی طرح درد محسوس نہیں ہوتا۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ڈاکٹروں کو یقین نہیں آیا تھا کہ سرجری کے بعد انہیں درد میں کمی کے لیے کسی دوا کی ضرورت نہیں، جس کے بعد مجھے سائنسدانوں کے پاس بھیجا گیا۔وہاں تشخیص کے بعد جو کیمرون کو احساس ہوا کہ وہ بہت زیادہ صحت مند نہیں جیسا وہ خود کو سمجھتی تھیں۔انہوں نے بتایا ‘ماضی میں جھانکنے پر مجھے احساس ہوا کہ مجھے کبھی دردکش ادویات کی ضرورت نہیں پڑی اور کبھی اس بارے میں سوچا بھی نہیں’۔