جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کے جرم میں ایک خاتون سمیت 4 افراد کے سر قلم کر دیئے گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ میں وزارت داخلہ کے حوالے سے کہا گیا کہ مکہ میں جن کے سر قلم کئے ان میں 2 پاکستانی، ایک یمنی شخص اور ایک نائیجیرین خاتون شامل ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال سعودی عرب میں محتلف جرائم میں 53 افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔ خیال رہے سعودی عرب میں سشزائے موت دیئے جانے کی شرح دنیا میں بلند ترین شمار کی جاتی ہے جہاں دہشت گردی، ریپ، مسلح ڈکیتی اور منشیات کی اسمگلنگ پر سزائے موت دی جاتی ہے۔ انسانی حقوق کے ماہرین سعودی عرب میں ملزمان کے ٹرائل کے حوالے سے کئی بار سوال اٹھا چکے ہیں، تاہم سعودی حکومت کا موقف ہے کہ سزائے موت مزید جرائم کو روکنے کے لئے موثر ہے۔
