ممبئی (ویب ڈیسک ) بھارت میں انتخابات کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے جس میں آج (بروز جمعرات) 20 ریاستوں میں ایوان زیریں (لوک سبھا) کی نشستوں کے لیے ووٹنگ شروع ہوگئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 7 مراحل میں ہونے والے انتخابات کا آج پہلا روز ہے، یہ انتخابات 6 ہفتوں میں مکمل ہوں گے۔بھارت میں مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز میں سے انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔آج ہونے والے پہلے مرحلے میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے جبکہ منگل کو پرتشدد واقعات میں 7 افراد کے قتل کے بعد سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
