لندن (ویب ڈیسک ) امریکی سائنس دانوں نے بغیر مدافعتی نظام لیے پیدا ہونے والے نوزائیدہ بچوں کی کمیاب بیماری ’ببل بوائے‘ کا علاج ایچ آئی وی کی مدد سے دریافت کرلیا۔سائنسی جریدے ’نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن‘ میں شائع ہونے والے مقالے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نوزائیدہ بچوں میں مدافعتی نظام بالکل نہ ہونے یا انتہائی ناقص ہونے کی بیماری ’ببل بوائے‘ کا علاج دریافت کرلیا گیا ہے۔ برطانوی اسپتال میں 8 بچوں پر کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔اس بیماری کے شکار بچوں میں قوت مدافعت نہ ہونے کے باعث ہر لمحہ جراثیم سے پاک ’اسٹرائیڈ ماحول‘ میں رہنا ہوتا ہے جیسا کہ آپریشن تھیٹر میں ہوتا ہے یا منہ کو ایسے جراثیم کش تھیلے سے ڈھکنا ہوتا ہے جو سانس یا منہ کے ذریعے جراثیم کو جسم میں داخل ہونے سے روک سکے۔ ایسے بچے زیادہ عرصے جی نہیں سکتے تھے۔امریکی سائنس دانوں نے اس کمیاب لیکن معصوم کلیوں کو کچل دینے والی بیماری کا علاج ڈی این اے تھراپی کے ذریعے نکالا جس کے لیے نوزائیدہ بچوں کے بون میرو کو جمع کیا گیا اور ڈی این اے میں موجود عیب کو درست کیا اور عیب سے پاک جین کو ایچ آئی وی وائرس کے متبادل ورڑن میں داخل کیا گیا۔گو ایچ آئی وی کا ایک کردار ایڈز کے پھیلاوکا سبب بننا بھی ہے اور دنیا بھر میں اس کی ہلاکت خیزی معروف ہے تاہم سائنس دان اس وائرس کے مثبت کردار کو ’ببل بوائے‘ میں مبتلا 8 بچوں کا مکمل علاج کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور اب یہ بچے آزاد فضائ میں سانس لے رہے ہیں۔