لاہور ( صدف نعیم ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے 3 اراکین پنجاب اسمبلی کی معطلی کو قابل مذمت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ نا اہل حکومت کو آئینہ دکھایا گیا تو برا مان گئے ہیں لیکن اپوزیشن اپنے فرائض ادا کرتی رہے گی اور ایسی کسی کاروائی کے دباو¿ میں نہیں آئے گی، حمزہ شہباز نے کہا کہ بلدیاتی نظام پر شب خون مارنا کسی طور بھی آئینی اقدام نہیں اور مسلم لیگ ن کے اراکین پنجاب اسمبلی نے اسی کے خلاف آواز بلند کی تھی جس پر ڈپٹی سپیکر نے یکطرفہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ناجائز اقدام اٹھایا ہے، حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کے تمام ذرائع استعمال کرنے کے باوجود عمران نیازی اور ان کے حواری سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں کر سکے اور اب انہوں نے بلدیاتی اداروں کا رخ کر لیا ہے لیکن یہاں بھی انہیں منہ کی کھانہ پڑے گی، حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ اگر ایسی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا تو پنجاب اسمبلی کا بزنس چلانا حکومت کے بس میں نہیں رہے گا اور مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر اپنے احتجاج کا حق ضرور استعمال کریں گے ۔
