اسلام آباد(ویب ڈیسک) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک میں آئی ایم ایف کی حکومت ہے، پیٹرول مہنگا ، گیس اور بجلی مہنگی، کیونکہ وزیر آئی ایم ایف کا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خودکشی کا دعویٰ کرنے والوں نے ملک اور قوم کو آئی ایم ایف کے پاس ہی گروی رکھ دیا ہے، حکومت 9 ماہ میں اپنے وعدہ کے مطابق صرف عوام کی چیخیں نکلوانے میں کامیاب ہوئی، عمران بتائیں کہ ٹیکس ریوینیو میں ساڑھے 4 سو ارب کا خسارہ بھی کیا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی وجہ سے ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پہلے عوام کے منہ سے روٹی چھینی اور اب رمضان سے پہلے پیٹرول مہنگا کر کے چولہے بند کر دیئے ہیں، پیٹرول مہنگا ، گیس اور بجلی مہنگی، کیونکہ وزیر آئی ایم ایف کا ہے، وزیر کے بعد اب گورنر اسٹیٹ بینک اور ایف بی آرکا چئیرمین بھی آئی ایم ایف کا ہو گا، رمضان سے پہلے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ بہت بڑی زیادتی اور ظلم ہے اور اِس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں آئی ایم ایف کی حکومت ہے۔