کراچی(ویب ڈیسک) سونے کی قیمت 800 روپے فی تولہ کم ہوکر 77 ہزار 800 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔ذرائع کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہورہی ہے، گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت 164 روپے اور سونے کی فی تولہ قیمت 81 ہزار روپے کی سطح تک پہنچ گئی تھی تاہم چند دنوں میں ہی سونے کی قیمت میں 4000 روپے فی تولہ اور ڈالر کی قیمت میں تقریباً 7 روپے کی واضح کمی واقع ہوئی۔گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 18 ڈالر کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت مستحکم رہی، آج انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے 8 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 50 پیسے کی کمی ہوگئی جس کے بعد سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 800 اور 686 روپے کی کمی ہوئی۔قیمتوں میں کمی کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 77 ہزار 800 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 66 ہزار 701 روپے ہوگئی۔