لاہور(ویب ڈیسک) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کے 20 رکنی وفد نے یہاں گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ اوورسیز پاکستانیوں کے وفد کی قیادت رجب علی بٹ کر رہے تھے جبکہ غوث ڈار، چودھری اعتزاز، میاں عمران مسعود اور میاں ہارون مسعود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سننے کے بعد حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے پاسپورٹ کے حوالے سے زیادہ شکایات موصول ہوتی ہیں ہم کوشش کریں گے کہ نئے پاسپورٹ کے اجرا کے سلسلے میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ان ممالک میں ہی حل کئے جا سکیں، اس وقت پاکستان میں نظام کی صلاح و تبدیلی کا عمل جاری ہے اب ہر کام میرٹ پر ہوتا ہے، عمران خان عوام کے مسائل کے حل اور ملک کے معاشی استحکام کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور ہم نیا پاکستان بنانے کے اس سارے عمل میں ان کے ساتھ ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ابھی ملک معاشی طور پر مشکلات کا شکار ہے، وہ وقت دور نہیں جب بیرون ممالک سے لوگ نوکری کیلئے پاکستان آنا پسند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی بھی ملک کو معاشی لحاظ سے کھڑا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں، انہیں درپیش مشکلات کے ازالہ کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔
