لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان نے گورونانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن سے قبل سکھوں کا 185 سال قدیم گوردوارہ چوا صاحب کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل نے ذرائع کوبتایا کہ ہم نے گورونانک دیو جی کے جنم دن سے پہلے دو گوردوارہ صاحب کھولنے کا فیصلہ کیا تھا ان میں ایک گوردوارہ چوا صاحب ہے جبکہ دوسرا گورداورہ کھارا صاحب ہے جو نوشہرہ ورکاں میں واقع ہے۔گوردوارہ چوا صاحب کافی قدیم ہے اورسکھوں کی طرف سے متعددباریہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ اس مقام کو بھی درشن دیدار کے لیے کھولا جائے۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے چند روز قبل اپنے پہلے اجلاس میں ہی ان دونوں گوردوارہ صاحبان کو کھولنے کا فیصلہ کیا تھا جس کی روشنی میں اب 26 جولائی کو گوردوارہ چوا صاحب کو کھولا جائے گا، یہاں مذہبی تقریب ہوگی جس میں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے رہنماو¿ں سمیت متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام شریک ہوں گے۔سکھ رہنما اور پی ایس جی سی کے سیکرٹری جنرل سردار امیر سنگھ نے بتایا کہ یہ گوردوارہ 1834 میں تعمیر ہوا تھا، یہ وہ مقام ہے جہاں ایک سفر کے دوران گورونانک دیوجی نے قیام کیا اوریہاں پانی کاچشمہ پھوٹ پڑا تھا۔واضح رہے کہ چند ماہ پہلے پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے بھی اہلیہ کے ہمراہ اس گوردوارہ کا دورہ کیا تھا۔
