تازہ تر ین

اپوزیشن والے شرم کریں انکی وجہ سے تمام مسائل پیدا ہوئے، شاہد لطیف، حکومت عوام کو ٹیکس دینے پر قائل کرے شہریوں کی چینل ۵ کے پروگرام ” نیوز ایٹ 7 “ میں رائے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیوکے پروگرام ”نیوز ایٹ سیون“میں گفتگو کرتے ہوئے ائیر مارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم اچھی خبرہے۔ امریکی صدر کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش سے دنیا کو واضح پیغام گیا کہ بھارتی موقف بے بنیاد ہے، کشمیر متنازعہ تنازعہ ہے۔ مودی اپنی قوم سے بھی جھوٹ بولتا ہے۔ مودی کو کشمیر میں ظلم و بربریت کے نام پر ووٹ ملا ہے وہ مسئلہ کشمیر حل ہوتے نہیں دیکھ سکتا۔ امریکہ کی جانب سے شٹ اپ کال ملنے کے بعد مودی کشمیر پر پراپوگنڈا کرے گا اور اپنی قوم کو گمراہ کرے گا، یہی اسکے بس میں ہے۔ بھارتی حکومت اور میڈیا مل جل کر جھوٹ بولتے ہیں۔ مودی آج بھی دہشتگرد جماعت آر ایس ایس کے فعال رکن ہیں۔ افغان طالبان کے افغان حکومت سے مذاکرات کے لیے رضا مندی پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد آنے کی رضامندی کے بیانیے سے پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا ہے۔ طالبان کو میز پر صرف پاکستان ہی لا سکتا تھا۔ پاکستان کے خارجی معاملات بہت اچھے ہوگئے ہیں۔ ماضی کی حکومت نے پاکستان کو خارجہ محاذ پر تنہا کر دیا تھا۔ وزیراعظم کے دورہ امریکا کی پوری دنیا میں تعریف ہورہی ہے۔ یوم سیاہ منانے والوں کو کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔ یہ لوگ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو ترقی کرتے دیکھ نہیں پا رہے۔ عوام انہیں پرکھ چکے ہیں ، انکو عوام کے سامنے جاتے ہوئے شرم آنی چاہئیے۔ انہوں نے عوام کو تکالیف ، بے روزگاری اور مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا۔ داخلی معاملات میں لوگوں کو تکلیف کے باعث وہ تیسری قوت کا ساتھ دینے پر مجبور ہوئے ، جو اس سے قبل پاکستان میں کبھی نہیں ہوا۔ وزیراعظم کے دورہ امریکا اور حکومتی کار کردگی پر نیوز ایٹ سیون کی ٹیم نے عوام سے انکی رائے جانی۔ اس موقع پر عوام نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے سے ہونے والی مشکلات پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا تاہم بہتری کی امید کا اظہار بھی کیا۔ تاجروں کو کہنا تھاکہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سے کاروبار ختم ہو کر رہ گیا ہے۔ حکومت بلیک اور وائٹ منی کی جنگ سے نکل کر عوام کو ٹیکس دینے پر قائل کرے۔مہنگائی کیوجہ سے غریب متاثر ہو رہے ہیں ، بچوں کا دودھ خریدنا مشکل ہے اس پر روٹی ،نان کی قیمت 15روپے کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم کے دورہ امریکا پر انکا کہنا تھا کہ یہ دورہ خوش آئند ہے اور امید ہے کہ پاکستان مستقبل میں عزت و وقار کیساتھ دنیا میں ابھرے گا۔ ایک بزرگ تاجر کا کہنا تھاکہ ملک میں بہتری کے لیے تاجروں اور حکومت کو مل جل کر تعاون سے چلنا ہوگا ورنہ نہ کاروبار چل سکے گا نہ حکومت۔ حکومت کی جانب سے اتنے ٹیکسز لگا دئیے گئے ہیں کہ ملک کی تمام مارکیٹس خالی پڑی ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ امریکا میں مسئلہ کشمیر اٹھائے جانا خوش آئنداور پاکستان کے حق میں ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے عوام کے لیے آزادی مانگی ہے اپنے لیے امریکا سے کچھ نہیں مانگا۔ مہنگائی سے ستائی ایک بزرگ خاتون نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے موجودہ حکومت آتے ہی انکا زکوة فنڈ بند کر دیا گیا ، اسے فوری بحال کیا جائے تاکہ وہ اپنی دماغی طور پر معذور بیٹی اور دیگر اہل خانہ کی کفالت کر سکیں۔ بازار میں خریداری کے لیے آئی خواتین کا کہنا تھا کہ ملک میں عمران خان کے خلاف مہنگائی اور ٹیکس کم کرنے کی مہم چل رہی ہے۔ حکومت ایک سال مکمل کر چکی ہے اب عوام کو مہنگائی اور ٹیکسز میں ریلیف دے۔ خواتین کا کہنا تھا کہ لیڈیز ملبوسات پر بھاری ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے اسے فی الفور ختم کیا جائے۔ کچھ دوکاندار حضرات حکومت کی پالیسی سے مطمئن بھی نظر آئے۔ انکا موقف تھا کہ سالوں سے بگڑی ہوئی چیزوں کو ٹھیک کرنے میں وقت لگتا ہے، حکومت کی نیت ٹھیک ہوگی تو عوام انہیں مزید وقت دے گی۔ 50سال سے ملک کو کھانے والوں کو جیلوں کا سامنا کرنے والوں کی تو چیخیں نکلیں گی۔ عمران خان کے اقدامات کے ثمرات ملنے میں کچھ وقت لگے گا۔ پراپرٹی کا کام کرنے والے حضرات کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت کے آتے ہی انکا کام ختم ہو کر رہ گیا ہے۔ حکومت کاروباری طبقے کو شعور کیساتھ دو وقت کا کھانا کمانے کی مہلت جیسی سہولت دے پھر ٹیکس نیٹ میں شامل کرے۔ عوام کا مزید کہنا تھاکہ موجودہ حکومت کے دور میں ماضی کے مقابلے میں مہنگائی کم ہوئی ہے ، ماضی میں امریکہ کے دورے کرنے والے مال اپنی جیب میں ڈالتے تھے۔ عمران خان نے ٹرمپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی۔ ہوٹل مالکا ن کا کہنا تھاکہ حکومت کی کارکردگی عوام کے لیے صفر ہے۔ گھی ، آٹا، دال ، چینی عوام کو سستے داموں مہیا ہونی چاہئے۔ چوروں اور لٹیروں کا ملک سے لوٹا ہوا پیسہ واپس آتا نظر نہیں آرہا۔درزی حضرات بھی حکومتی پالیسیوں سے غیر مطمئن نظر آئے۔ انکا کہنا تھاکہ عوام مہنگائی کے باعث کھانے سے محروم ہیں ، کپڑے کہاں خریدیں گے۔ ٹھیلوں پر جوتے فروخت کرنے والوں نے بھی وزیراعظم سے اپیل کی کہ غریب عوام کے لیے سوچیں۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain