تازہ تر ین

کراچی ملیر میں سکھن ندی پر تعمیر ڈھانڈو ڈیم کا پشتہ ٹوٹ گیا

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی ملیر میں سکھن ندی پر تعمیر ڈھانڈو ڈیم کا پشتہ ٹوٹ گیا، پانی قریبی آبادیوں ھالو سالار، حاجی آدم سالار، ہاشم خاصخیلی میں داخل ہونا شروع، تینوں دیہات کے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی۔ میڈیا رپورٹس میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق کراچی میں طوفانی مون سون بارش کے باعث شہر کے علاقے ملر میں سکھن ندی پر تعمیر ڈھانڈو ڈیم کا پشتہ ٹوٹ گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ڈھانڈو ڈیم کا پشتہ ٹوٹنے کے بعد ڈیم کا پانی قریبی آبادیوں ھالو سالار، حاجی آدم سالار، ہاشم خاصخیلی میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔ علاقے میں پانی داخل ہونے کے باعث متاثرہ دیہاتوں کے لوگوں نے ہنگامی طور پر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فوری اقدامات نہ ہوئے تو گوٹھ زیر آب آجائیں گے۔اس تمام صورتحال میں سندھ حکومت کی جانب سے تاحال نہ ہی کوئی ردعمل دیا گیا ہے، نہ ہی کسی قسم کے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ بھارت کے شہر راجستھان سے سندھ میں داخل ہونے والا مون سون کا سسٹم میرپور خاص حیدرآباد میں تباہی مچانے کے بعد آج صبح کراچی پہنچ گیا صبح سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک ہفتے قبل طوفانی بارش کا الرٹ جاری کیا گیا تھا تاہم شہر میں برساتی نالوں کی صفائی کا کام نہ ہوسکا تیز بارش کی وجہ سے شہر میں سیلابی صورت حال کا خطرہ ہے۔آج صبح سے جاری بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے۔ شہر میں پرائیویٹ اسکولوں میں بچوں کی چھٹی کردی گئی تھی جبکہ سرکاری اسکولوں میں طلباکی حاضری نہ ہونے کے برابر تھی جبکہ اساتذہ بھی غیر حاضر تھے۔ اسی باعث کل شہر کراچی میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا ہلکی اور تیز بارش جاری رہے گی۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ نا صرف سندھ بلکہ اسلام آباد، خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں بھی جاری رہے گا۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain