بنگلادیش سے مقابلہ: شاہین آج مکمل آرام کریں گے

لندن(ویب ڈیسک) ورلڈ کپ میں افغانستان کو زبردست شکست دینے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو آج مکمل ڈے آف یعنی آرام کا دن دیا گیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم گزشتہ روز لیڈز سے لندن پہنچی اور آج مکمل آرام کر رہی ہے، ٹیم مینجمنٹ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو آج مکمل آرام کا موقع دیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ریلیکس رہیں۔پاکستان اپنا اگلا میچ بنگلادیش کے خلاف 5 جولائی کو لارڈز میں کھیلے گا جس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کل سے ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔ٹیم مینجمنٹ ذرائع نے بتایا کہ فاسٹ بولر وہاب ریاض کی بیٹنگ کرنے کی وجہ سے ہاتھ میں تکلیف زیادہ بڑھی تھی ان کی انجری کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ٹیم مینجمنٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض پہلے کی نسبت کم تکلیف محسوس کر رہے ہیں۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی محمد یوسف کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو محنت تو لازمی کرنا ہے، بنگلا دیش سے میچ میں کتنا ہی مشکل ٹارگٹ ہو پورا تو کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم دعاﺅں سے ہی یہاں تک پہنچی ہے ورنہ کب کی فارغ ہو جاتی۔

بچوں میں دماغی رسولیوں کی تشخیص کا نیا اور کم خرچ شناختی نظام

ساﺅ پالو(ویب ڈیسک) کینسر کی ایک ہی بیماری کے کئی رخ ہوتے ہیں اور اسی طرح بچوں کے دماغ میں بننے والی سرطانی رسولیوں کو کئی اقسام میں بانٹا جاسکتا ہے۔ اب برازیل کے ماہرین نے سستا اور قابلِ اعتبار طریقہ وضع کیا ہے جس کے تحت معالجین کو مختلف سرطانی رسولیوں کی شناخت و علاج میں بہت آسانی ہوسکتی ہے۔یونیورسٹی آف ساﺅ پاو¿لو کے میڈیکل اسکول سے وابستہ ماہرِ جینیات گسٹافو ایلن کاسٹرو کروزیرو کہتے ہیں کہ ان کا بنایا ہوا طریقہ کم خرچ اور تیزرفتار ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں رسولی کی شناخت کے ٹیسٹ پر 60 ڈالر خرچ ہوتے ہیں اور ان کا ٹیسٹ صرف 26 ڈالر میں یہی کام کرتا ہے۔میڈیولوبلاسٹوما کی سرطانی رسولی پورے مرکزی نروس سسٹم کو متاثر کرتی ہے اور دو لاکھ میں سے ایک بچہ اس کا شکار ہوسکتا ہے۔ بچوں میں رسولیوں کی 20 فیصد تعداد کا تعلق اسی قسم کے کینسر سے ہوتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق کیمیائی اور سالماتی (مالیکیولر) بنیاد پر اس کی چار ذیلی اقسام ہیں جو مریضوں میں عین انہی کیفیات کے تحت علاج میں مدد دیتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر رسولی پر ایک ہی طریقہ علاج کارگرنہیں ہوتا۔تاہم غریب اور متوسط آمدنی والے ممالک میں نہ ہی جدید سہولیات ہیں اور نہ ہی مریضوں میں اتنی سکت کہ وہ سالماتی اور جینیاتی ٹیسٹ کراسکیں۔پہلے ماہرین نے بچوں سے لے کر 24 سال تک کے نوجوانوں سے حاصل شدہ رسولیوں کے 92 منجمند نمونے لیے اور ہر نمونے کے رائبو نیوکلیئک ایسڈ (آراین اے ) الگ کیا اور اسے ایک مستحکم (اسٹیبل) کمپلیمنٹری ڈی این اے (سی ڈی این اے ) میں تبدیل کیا۔ یہ عمل پی سی آر کی مدد سے کیا گیا۔اس سے معلوم ہوا کہ 20 جین ایسے ہیں جو میڈیولوبلاسٹوما کی چاروں اقسام میں پائے جاتے ہیں۔ اگلے مرحلے میں ماہرین نے بایو انفارمیٹکس اور کمپیوٹر الگورتھم استعمال کیا جس نے اندازہ لگایا کہ سرطان کی ایک قسم سے دوسری قسم کو الگ کرنے کے لیے کم سے کم جین کی تعداد کتنی ہونی چاہیے۔اس طرح بہت درستگی کے ساتھ بہت آسانی سے چاروں قسم کے سرطان کی شناخت کی جاسکتی ہے جس میں غلطی کا تناسب بھی بہت کم ہوتا ہے۔بچوں میں رسولی کے بین الاقوامی ماہرین نے اس کاوش کو سراہا ہے۔ اگلے مرحلے میں اس پورے نظام کو ایک چھوٹے آلے میں سمونے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے لیے سرمایہ کار تلاش کئے جارہے ہیں۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے ”اسمارٹ اریگیشن سسٹم“ کی کھیتوں میں کامیاب آزمائش

کراچی(ویب ڈیسک) جامعہ این ای ڈی کے ریسرچ سینٹر فار آرٹی فیشل انٹیلی جنس (آر سی اے آئی) کے ماہرین اور طالبعلموں نے زرعی آب پاشی کےلیے ایک کم خرچ اور جدید نظام بنایا ہے جس سے پانی کی ضرورت 50 فیصد تک کم ہوجاتی ہے اور فصلوں میں پیداوار بھی بہترین ہوتی ہے۔ اب کئی کھیتوں اور باغات میں اس نظام کی کامیاب آزمائش کی گئی ہے جس کے بعد اس کے بہترین اور متوقع نتائج سامنے آئے ہیں۔پانی کی قلت کے شکار سندھ کے کاشتکاروں نے مقامی سطح پر تیارکردہ اس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔ اس سسٹم کی بدولت پانی کے استعمال میں 50 فیصد کمی ہوئی ہے اور بقیہ پانی سے دیگر اراضی کاشت ہورہی ہے۔ اس کے نتیجے میں کسانوں کی آمدنی میں 30 سے 35 فیصد اضافہ بھی ہوا ہے۔ڈاکٹر خرم کی نگرانی میں تیار کیا گیا یہ نظام، زمین اور مٹی کی کیفیت، نمکیات کی مقدار، کھیت کے درجہ حرارت اور آب و ہوا اور ماحول کی درست پیمائش کرتے ہوئے سائنسی بنیادوں پر پانی کی ضرورت سے آگاہ کرتا ہے۔اسمارٹ اریگیشن سسٹم کے نام سے تیار اس نظام پر کام کرنے والے انجینئر احسن رحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے کسان زمین کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رہتا ہے۔ اس سے کسان واقف ہوجاتا ہے کہ پانی کی کب اور کتنی ضرورت ہے کیونکہ زائد پانی بھی فصلوں کو خراب کرسکتا ہے۔اسمارٹ اریگیشن سسٹم اپنی قیمت سے لے تنصیب تک بہت سادہ ہے۔ اول تو یہ شمسی توانائی سے کام کرتا ہے اور کم خرچ نظام کو ایک کسان بھی پانچ منٹ میں نصب کرسکتا ہے۔ اس کا روزانہ خرچ

صرف چار سے پانچ روپے ہے جس سے ایک ایکڑ زرعی زمین کا احاطہ کیا جاسکتا ہے۔احسن رحمان نے بتایا کہ سندھ میں اب تک 15 فارمز نے اسے استعمال کیا ہے اور پانی کی 50 فیصد بچت یقینی بناتے ہوئے بہترین پیداوار حاصل کی ہے۔ یہ غیرملکی نظاموں کے مقابلے میں بہت ہی ارزاں ہے۔ مہنگے غیرملکی سسٹم صرف ریڈنگ فراہم کرتے ہیں جبکہ اس میں موجود جدید سینسرز، جی پی آر ایس اور جی ایس ایم کمیونی کیشن نظام کھیت کی کیفیت کا ڈیٹا، موبائل ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے کسان تک بھیجتے ہیں۔کراچی کے مضافات میں گڈاپ ٹاو¿ن کے ایک کاشتکار محمد رفیق نے بتایا کہ وہ 17 ایکڑ پر لیموں کاشت کررہے ہیں اور اس نظام سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گڈاپ میں زیرِ زمین پانی کی سطح مزید نیچے جارہی ہے اور اب پانی 800 فٹ پر دستیاب ہے۔”ہمیں آٹھ کلومیٹر دور سے پانی لانا پڑتا ہے تاہم اب اسمارٹ نظام کی بدولت پانی کی کھپت آدھی ہوئی ہے اور پیداوار بھی 35 فیصد بڑھی ہے۔ کیونکہ یہ نظام ہوا میں نمی کا تناسب، زیرِ زمین نائٹریٹس اور کھارے پن کو بھی نوٹ کرتا ہے،“ محمد رفیق نے مزید کہا۔اسمارٹ اریگیشن سسٹم روایتی آب پاشی سے کئی گنا بہتر ہے اور انقلابی فوائد کا حامل ہے۔ ضرورت ہے کہ مزید کسانوں کو بھی اس سے آگہی ہو اور وہ اسے آزمائیں۔اس طرح پاکستان کے کھیتوں اور کھلیانوں میں اسمارٹ سسٹم کی تنصیب سے غذائی پیداوار میں اضافہ کرکے غذائی قلت پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔اچھی بات یہ ہے کہ آل پاکستان فروٹس اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز ایسوسی ایشن نے اس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے سربراہ وحید احمد نے اسے انقلابی قدم قرار دیا ہے اور اس ٹیکنالوجی کو پاکستان بھر میں فروغ دینے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

سوئس فٹبالرسوئمنگ حادثے کے بعد لاپتہ

جنیوا(ویب ڈیسک) سوئٹزرلینڈ کی نیشنل ویمنز فٹبالر فلوریجانا اسماعیلی سوئمنگ حادثے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔وہ گذشتہ دنوں شمالی اٹلی میں واقع جھیل کومو میں حادثے کا شکار ہوئی تھیں۔ کلب اعلامیے کے مطابق ہماری پلیئر فلوریجانا سوئمنگ حادثے کے بعد ہفتے کی صبح سے لاپتہ ہیں، پولیس نے ان کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے، اطالوی میڈیا کے مطابق انھوں نے فرصت کا دن جھیل میں گزارنے کا فیصلہ کیا تھا، جہاں انھوں نے کرائے پر کشتی حاصل کی تھی ، حادثے کے وقت انھوں نے پانی میں چھلانگ لگائی تھی لیکن پھر وہ سطح آب پر نہیں آسکیں۔

میچز کے دوران سیاسی بینر کو لہرانے کی اجازت نہیں، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو

لیڈز(ویب ڈیسک) افغان تماشائیوں کی شرانگیزی کے بعد آئی سی سی نے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا، چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن کہتے ہیں کہ آئندہ اس قسم کے واقعات سے بچنے کی پوری کوشش کریں گے، کسی بھی قسم کے سیاسی بینر کو لہرانے کی بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن کہتے ہیں کہ گورننگ باڈی مختلف اتھارٹیز کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ اس قسم کے واقعات پھر رونما نہ ہوں، ہم مختلف سیکیورٹی ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں تاکہ انتظامات کو مزید بہتر بنایا جاسکے، انفرادی طور پر اسٹیڈیم میں موجود ہر شخص پر نظر رکھنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن ہماری سیکیورٹی ٹیم ایسے افراد پر نظر رکھے گی جوکہ سیاسی سلوگن یا بینرز استعمال کررہے ہوں گے۔

اسرائیلی پولیس نے فلسطینی وزیر فادی الخدمی کو گرفتار کر لیا

یروشلم(ویب ڈیسک) اسرائیل نے فلسطین کے وزیر برائے امور القدس فادی الخدمی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان کی گرفتاری ایک چھاپے کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے جو اسرائیل کی پولیس نے ان کی رہائش گاہ پہ مارا تھا۔عالمی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق اسرائیلی پولیس نے چھاپے کے دوران نہ صرف گھر کی تلاشی لی بلکہ فسلطینی وزیر کے موبائل فونز بھی تحویل میں لے لیے ہیں۔فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ (WAFA) کے مطابق اسرائیلی پولیس نے اتوار کی صبح فادی الخدمی کے گھر پہ چھاپہ مار کر انہیں حراست میں لیا ہے۔عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی پولیس کی جانب سے اس واقعہ کے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی وزیر کی گرفتاری نے علاقے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں اضافہ کردیا ہے اور تناﺅ بڑھ گیا ہے۔

وقار یونس نے بھی بھارتی ٹیم کو کھری کھری سنا دیں

لاہور (ویب ڈیسک)شعیب اختر کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے بھی بھارتی ٹیم کو کھری کھری سنا دیں۔ورلڈکپ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد اپنے پیغام میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ یہ آپ نہیں ہیں ، جو آپ زندگی میں کرتے ہیں، وہ آپ کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کیا ہیں ، پاکستان سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہتا ہے یا نہیں میں اس سے پریشان نہیں بلکہ اس سے ہوں کہ کچھ چیمپئنز کی سپورٹس مین شپ کا امتحان ہوا اور وہ اس میں بری طرح ناکام رہے۔اس سے قبل سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی انگلینڈ کے ہاتھوں بلیو شرٹس کی ہار پر شکوک وشبہات کا اظہار کیا تھا، پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے 14 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا تو پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے، بھارت اور نیوزی لینڈ 11، 11، پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ انگلینڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پاکستان 9 پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں نمبر پر ہے۔

ہتک عزت کا دعوی، علی ظفرنے عدالت میں بیان ریکارڈ کرادیا

لاہور(ویب ڈیسک) میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے کیس میں گلوکارعلی ظفرنے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔ذرائع کے مطابق لاہورکی سیشن عدالت میں میشا شفیع کے خلاف گلوکارواداکار علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران گلوکار علی ظفر نے اپنا بیان قلمبند کروایا۔علی ظفر نے کہا کہ میری والدہ اوروالد استاد ہیں، میرے والدین نے مالی مشکلات کے باوجود میری بہترین تربیت کی، میں نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاذ ایک ہوٹل کی لابی میں ایک آرٹسٹ سے کیا، میرے والدین نے مالی مشکلات کے باوجود میری بہترین تربیت کی، 2003 سے اپنے موسیقی کے کیریرکا آغازکیا اور یہاں تک اپنی محنت سے پہنچا ہوں۔علی ظفرکے مطابق مجھے ایک منظم سازش کے تحت میری فلم سے پہلے نشانہ بنایا گیا، میرے خلاف مہم چلانے کے لیے جعلی اکاﺅنٹس کوبھی استعمال کیا گیا، میشائ نے ایک ٹی وی شو سے پہلے پیغام بھجوایا کہ اگرمیں نے ریکارڈنگ نہ چھوڑی تومیرے خلاف مہم چلائیں گی جب کہ 11 گواہان میرے حق میں گواہی شہادت دے چکے ہیں کہ میشا شفیع اور میرے درمیان فاصلہ 3 فٹ کا تھا۔علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کررکھا ہے۔ علی ظفر کے مطابق میشا شفیع نے جھوٹی شہرت کے لئے ہراساں کرنے کے بے بنیاد الزامات عائد کئے۔ میشا شفیع کے ان جھوٹے الزامات سے پوری دنیا میں ان کی شہرت متاثرہوئی۔ علی ظفر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت میشا شفیع کو سو کروڑ(ایک ارب) روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔

اے این ایف نے رانا ثنااللہ کو گرفتار کرلیا

لاہور(ویب ڈیسک) اے این ایف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی حکام نے رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔ ذرائع کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے رانا ثنااللہ کو تحویل میں لے لیا اور ان سے پوچھ کچھ کی جاری ہے تاہم اس حوالے سے کوئی مصدقہ اطلاعات نہیں کہ انہیں کس کیس میں تحویل میں لیا گیا ہے۔اے این ایف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی حکام نے رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناءاللہ کو اے این ایف لاہور نے گرفتار کیا اور اس حوالے سے اے این ایف لاہور سے مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں، انہیں کس کیس میں گرفتار کیا گیا یہ کچھ دیر بعد بتائیں گے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے رانا ثنااللہ کی گرفتاری کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ذیادہ مضحکہ خیز بات کیا ہو سکتی ہے کہ اے این ایف رانا ثنااللہ کو گرفتار کرے، اے این ایف کا رانا ثنااللہ سے کیا لینا دینا ہے، انہیں دلیرانہ موقف کی وجہ سے گرفتارکیا گیا جب کہ رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے پیچھے عمران خان ہے، جعلی اعظم چھوٹے ذہن کا مالک ہے۔

چچا بھتیجی کا کھڑاک

لاہور:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ میں قیادت کے لئے چچا بھتیجی کی لڑائی ہورہی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف کبھی بحران کے لیڈر نہیں تھے، مریم نواز نے شہباز شریف کی قیادت پر شب خون مارا، (ن) لیگ میں اب قیادت کے لئے لڑائی ہورہی ہے، چچا بھتیجی آپس میں لڑ رہے ہیں، شہبازشریف کا پارٹی میں اب کوئی پوچھتا نہیں ہے، ان کی حیثیت رفیق تارڑ کی سی ہوگئی ہے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے (ن) لیگی اراکین کی فہرست جلد منظر عام پرلائی جائے گی، جس نے مریم نواز کی بات مان کر سیاست کی اس کا بیڑہ غرق ہوگیا، مریم نواز کی بات سن کر چلنے والے آج کہاں ہیں، مریم نواز نے اپنے والد کو پہلے اقتدار سے نکلوایا اور پھر جیل بھجوایا، طلال چوہدری اور دانیال عزیز کہاں ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن ٹوٹ رہی ہے، اچھی خبروں کا آغاز ہو گیا ہے، مشکل وقت گزر گیا، عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔اس سے قبل فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عوامی سطح پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کوئی حیثیت نہیں رہی، مقامی فیصلوں کی بنیاد سیاسی حقائق ہوتے ہیں اور لوگ اپنے فیصلے سیاسی حقائق پر کریں گے، مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے گروپ کی وزیراعظم سے ملاقات صرف ابتدا ہے، اگلا گروپ (ن) لیگ کے ممبران قومی اسمبلی اور سینیٹ کا ہوگا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے گزشتہ روز اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ (ن) لیگ کے ناراض ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعظم سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی شامل تھے۔ ملاقات کرنے والے (ن) لیگی ارکان میں گوجرانوالہ سے اشرف انصاری، نارووال سے غیاث الدین اور خانیوال سے فیصل نیازی بھی شریک تھے اور انہوں نے (ن) لیگ قیادت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔