ہار کی آخر وجہ کیا تھی شعیب اخترکی سر گوشی

لاہور: (ویب ڈیسک)کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو کھٹکنے لگی ہے۔سابق قومی فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ بلو شرٹس معیار کے مطابق نہیں کھیلے، میچ کے دوران جارحانہ پن کی کمی بھارتی ٹیم کی ہار کا باعث بنی۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کو میچ کے دوران روایتی جارحانہ انداز اختیار کرنا چاہیے تھا، ابتدائی 10 اوور میں تیز رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا اور ایسے وقت میں ٹارگٹ کو حاصل کیا جا سکتا تھا جب آپ کے پاس پانچ وکٹیں بھی باقی ہوں، میچ کے دوران مجموعی طور پر انگلینڈ ٹیم کی کارکردگی بھی بہت شاندار رہی، اب ہماری امیدیں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ پر مرکوز ہوگئی ہے۔انڈیا کے ساتھ فتح کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ کی ٹیم اب چوتھی پوزیشن پر آگئی ہے، پاکستان اگلا میچ بنگلا دیش کے خلاف جمعہ کو کھیلے گا، سیمی فائنل تک رسائی کے لیے گرین شرٹس کو اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔

سائن بورڈ سے ٹکرا کر زخمی ہونے والی خاتون کو 3 ملین ڈالر ہرجانہ مل گیا

اوہائیو: (ویب ڈیسک)امریکی عدالت نے کیسینو انتظامیہ کو ’فرش گیلا ہے‘ کے سائن بورڈ سے ٹکرا کر گرنے والی خاتون کے زخمی ہونے پر 3 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں کیسینو انتظامیہ نے اپنی غفلت کے باعث خاتون کو گھٹنے کا فریکچر ہونے پر عدالتی حکم کے تحت زر جرمانہ کی مد میں 3 ملین ڈالر کی ادائیگی کردی۔لِنڈا ساڈوسکی ستمبر 2016 میں ایک کیسینو کے فرش پر الٹے پڑے سائن بورڈ سے ٹکرا کر گر گئی تھیں جس کے باعث ان کے گھٹنے کا گولہ ٹوٹ گیا تھا جس کے باعث انہیں گولے کی تبدیلی کا آپریشن کرانا پڑا تھا جبکہ ابھی ایک سرجری باقی ہے۔اوہائیو کی عدالت نے کیسینو انتظامیہ کی احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے اور گاہکوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی پر سخت سرزنش کی اور خاتون کو علاج معالجے کی رقم کی ادائیگی کے علاوہ کیسینو انتظامیہ پر جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

سرینگرمیں مسافربس کھائی میں جاگری، 33 افراد ہلاک

سری نگر: (ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 33 افراد ہلاک ہوگئے۔خبرایجنسی کے مطابق مقبوضہ کشمیرکے علاقے سرینگرمیں بس ضلع کیشوان سے 45 مسافروں کو لے کرکشٹوارجارہی تھی کہ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک ہوگئے۔گزشتہ ہفتے بھی سری نگرکے ضلع شوپیاں میں پکنک پرجانے والے طالب علموں کی گاڑی کھائی میں جاگری تھی اورحادثے میں 11 طالب علم ہلاک ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں سڑکوں کی خراب صورتحال اورٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث ہرسال ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد کی اہلیہ 31 ملین پاونڈ لے کر فرار

دبئی:(ویب ڈیساک) دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد کی اہلیہ علیحدگی کے بعد 31 ملین پاونڈ اور اپنے دو بچے لے کر جرمنی فرار ہو گئی ہیں۔بین الاقوامی میڈیا سے خبری موصول ہورہی ہیں کہ حیٰی الحسین نے جرمنی میں پناہ کی درخواست دی ہے۔ 45 سالہ پرنسز حیٰی الحسین اپنی 11 سالہ بیٹی جلیلہ اور سات سالہ بیٹے زید کو بھی ساتھ لے گئی ہیں۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ایک جرمن سفیر نے انہیں دبئی سے فرار ہونے میں مدد کی لیکن جرمنی نے اس الزام پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔حیٰی الحسین اردن کے موجودہ حکمران عبداللہ کی بہن ہیں اور 2004 میں ان کی شادی دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد سے ہوئی تھی اور یہ ان کی چھٹی بیوی ہیں۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی سے فرار ہونے کے بعد محمد بن راشد کی اہلیہ خلا لینا چاہتی ہیں۔ایمریٹس لیکس کے مطابق اردن اور دبئی نے جرمن حکومت سے کہا ہے کہ شہزادی اور بچوں کو واپس کیا جائے لیکن برلن نے اس مطالبے کو رد کردیا ہے۔خیال رہے کہ اپریل 2018 میں شیخ محمد بن راشد کی دوسری بیوی سے بیٹی لطیفہ بھی بھاگ کر بھارت جانے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بنیادی حقوق کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا جو یہ اقدام اٹھانے کا سبب بنا۔لطیفہ نے بیان دیا تھا کہ ہمیں تین بہنوں کو اپنے پاسپورٹ رکھنے کی اجازت نہیں اور دبئی سے باہر جانے کے لیے بھی اجازت طلب کرنی پڑتی ہے۔

تعلقات کا شبہ ، سعودی پلٹ شوہر نے قیامت ڈھا دی

ملتان(کرائم پورٹر) تعلقات کے شبہ میں داماد نے والد اور بھائی کے ساتھ مل کر بیوی اور ساس سمیت 5 افراد کو فائرنگ کر کے قتل اور 3 کو زندہ جلا دیا جبکہ فائرنگ سے سسرسمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں سے ہادی بھی چل بسا ہے۔تفصیل کے مطابق حسن آباد گیٹ نمبر ایک کی رہائشی کرن کی شادی اجمل کے ساتھ ہوئی جو سعودیہ میں مقیم تھا۔ اجمل چند روز قبل پاکستان آیا تو اسے شبہ ہوا کہ اس کی بیوی کرن کے کسی کے ساتھ تعلقات ہیں۔گزشتہ رات اجمل،ا س کا والد ظفر اور بھائی کے ساتھ اپنے سسرال آیا جہاں تلخ کلامی کے بعد ان کا آپس میں جھگڑا ہو گیا جس پر مشتعل ہو کے اجمل،اس کے والد ظفر اور بھائی نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے اجمل کی بیوی ،کرن ،ا سکی ساس تسنیم بی بی ،سالیاں ،صائمہ اور آصفہ ، زخموں کی تاب نہ لا کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ بعد ازاں ملزمان نے گھر میں پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے گھر میں موجود تین بچے زندہ جل گئے۔ فائرنگ سے ملزم اجمل کا سسر لال محمد ، 8 سالہ سالا صائم اور علی رضا زخمی ہو گئے۔اطلاع ملنے پرسی پی او ملتان پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو نشتر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ جبکہ لاشوں کو سرد خانے منتقل کر دیا۔ سی پی او ملتان عمران محمود نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم اجمل اور اس کے والد ظفر کو موقع پر گرفتار کر لیا ہے جبکہ فرار ہونے والے اس کے بھائی کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ آٹھ افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او ملتان اور آئی جی پنجاب نے سی پی او ملتان سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

بجلی کی قیمتوں میں آج سے 1روپے 80پیسے یونٹ اضافہ

لاہور(خبر نگار)مہنگائی کی ماری عوام کیلئے بری خبر ، حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 80 پیسے فی یونٹ اضافہ جبکہ گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ کردیا ، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمرشل صارفین کیلئے گیس 31 فیصد مہنگی ہوگئی، جبکہ ماہانہ 50یونٹ والے گھریلو صارفین کو اضافے سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا، 100 یونٹ والے گھریلو صارفین کیلئے گیس50 فیصد، 200 یونٹ والے گھریلو صارفین کیلئے گیس 75فیصد اور ماہانہ300 یونٹ والے گھریلو صارفین کیلئے گیس 100 فیصد مہنگی ہوگی۔اسی طرح ماہانہ400 یونٹ والے گھریلو صارفین کے لئے گیس150 فیصد اور ماہانہ400 یونٹ سے زائد والے گھریلو صارفین کے لئے گیس 200 فیصد تک اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

شاہد آفریدی کا جلد سیا ست میں آ نے نہ آ نے کا اعلان متوقع

لاہور(آئی ا ین پی) شاہد آفریدی نے جلد سیاست میں قدم رکھنے کا عندیہ دے دیا، نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے مایہ ناز کرکٹر نے کہا کہ عمران خان نے کرکٹ کے بعد سیاست میں بھی بہت محنت کی ہے، کس سیاسی جماعت میں شامل ہوں گا، اس حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا۔ تفصیلات کے مطاق پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راونڈر شاہد خان آفریدی نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ وہ جلد سیاسی میدان میں قدم رکھ لیں گے، تاہم اس حوالے سے انہوں نے کوئی واضح اعلان کرنے سے گریز کیا۔شاہد خان آفریدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے کرکٹ کے بعد سیاست کے میدان میں بھی کئی برس خوب محنت کی اور تب ہی انہیں ان کی محنت کا پھل ملا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ جلد ہی سیاست میں قدم رکھ سکتے ہیں، یا اس سے دور بھی رہ سکتے ہیں، اس حوالے سے وہ فی الحال کوئی حتمی بات نہیں کر سکتے۔

نیلفری، وادی کنول جہاں پریوں کی بستی

لا ہور:(ویب ڈیسک) قدرتی جھرنے، میٹھے پانی کے چشمے، دیودار اور سرو کے درختوں کے بیچ صنوبر کے دیو قامت درخت جن کے آنگن میں انواع و اقسام کے پھول کھلے ہوں۔ جب یہ مناظر بیان کیے جائیں تو آزاد کشمیر کے قدرتی حسن کی تعریف ہورہی ہوتی ہے۔ آزاد کشمیر کا ہر گاﺅں اور علاقہ قدرتی حسن کا بہترین شاہکار ہے۔ رنگ، پھول، حنا، خوشبو الغرض کئی استعارے شعرا اور ادبا نے حسن کو بیان کرنے کےلیے استعمال کیے ہیں، لیکن آزاد کشمیر کی وادی نیلفری، ایک ایسی وادی ہے جس کے حسن کو بیان کرنے کےلیے الفاظ، نشانات اور اجسام ختم ہوجاتے ہیں۔مظفرآباد سے کم و بیش دو سو چالیس کلومیٹر دور یہ وادی آج تک سیاحوں کی نظروں سے اوجھل ہے۔ اس وادی کو پرانے وقتوں میں نیلوفر یا وادی کنول کا نام دیا گیا۔ کیوں کہ کیرن اور بھیڈوری کے پہاڑوں کے درمیان یہ وادی بالکل کنول کے پھول جیسی ہے۔ جس کی ہر پنکھڑی پر پریاں رقص کرتی ہیں۔ وادی پر چاروں جانب بچھی گھاس گویا ہزاروں ایکڑ پر بچھا قالین ہے۔ جس میں جابجا بنفشہ، پتریس،مسلونڑ، رباب اور چت پترہ کے خوبصورت پھول اور ان کی خوشبوئیں پھیلی ہیں۔ وادی میں خودرو پھولوں کی ڈالیاں پریوں کے پروں میں سجے خوبصورت پنکھوں جیسی محسوس ہوتی ہیں۔اس وادی کا بے پایاں حسن دیکھ کر انسان تو کیا، فرشتے بھی اپنا ہوش کھو بیٹھیں۔ اگر اس وادی میں ادیب بستے تو انہیں یہاں پرستان کا سا گمان گزرتا۔ موسم سرما میں وادی کسی ناراض حسینہ کی طرح برف کی سفید چادر کا گھونگھٹ اوڑھ لیتی ہے، جبکہ بہار میں پھول اور سبزہ، موسم گرما کے آغاز ہی میں وادی کنول پر بادل اپنا حصار قائم کرلیتے ہیں۔ زمین پر اترے ہوئے بادلوں کی اٹکھیلیاں، معطر ہواو¿ں کے جھونکے، شریر تتلیوں کا رقص، کیرن پہاڑ سے اترتے یخ پانی کا مدھر ترنم، نیلوفر جھیل کا پراسرار سکوت اور وادی کی رنگین فضاو¿ں میں جابجا اڑتے پرندوں کی چہکار سے جنت کا گماں ہوتا ہے۔وادی کنول یعنی نیلوفری چراگاہیں آزاد کشمیر کے ضلع حویلی کہوٹہ میں ہیں۔ راولپنڈی سے حویلی کہوٹہ کا زمینی فاصلہ 120 کلومیٹر ہے۔ جس کےلیے کم وبیش 8 گھنٹے درکار ہیں۔ راولپنڈی سے براستہ راولاکوٹ، ہجیرہ، عباس پور ضلعی ہیڈکواٹر پہنچا جاسکتا ہے۔ یہ سارا راستہ خوبصورت قدرتی نظاروں سے مالا مال ہے۔ لیکن قدرت کے اصل نظارے فاروڈ کہوٹہ کی وادیوں ہی میں نظر آتے ہیں۔ نیلوفری چراگاہ تک پہنچنے کا سب سے آسان راستہ فاروڈ کہوٹہ سے براستہ جلال آباد، جبی سیداں ہے۔ اگر آپ ضلع کے باہر سے ہیں تو آپ فاروڈ کہوٹہ شہر کو اپنا بیس کیمپ بنائیں۔ علی الصبح فاروڈ کہوٹہ سے براستہ جلال آباد، جبی سیداں آپ نیلوفری کی جانب روانہ ہوں۔ فاروڈ کہوٹہ سے جبی سیداں پختہ سڑک ہے، جس پر کم و بیش پینتالیس منٹ کا سفر ہے، اس کے بعد 9 کلومیٹر کچی سڑک ہے، جس پر جیپ کا سفر ہی بہتر رہتا ہے اور یہ سفر بھی 30 منٹ میں مکمل ہوجاتا ہے۔ سڑک کے اختتام کے بعد آپ کو 6 کلومیٹر پیدل ٹریک پر چلنا ہوگا، جس کےلیے آپ کو کم وبیش دو گھنٹے درکار ہوں گے۔ چاروں جانب سبزہ وادی کے آغاز کی خبر دے گا۔وادی میں پہلا خوبصورت چھایاں کا کرکٹ اسٹیڈیم ہے۔ یہ اسٹیڈیم بھی قدرتی ہے۔ یہ اسٹیڈیم پہاڑ کے اوپر خوبصورت میدان ہے۔ جس کے دامن میں مین سر کی سرسبز وادی ہے۔ چھایاں کا پہاڑ عبور کرنے کے بعد آپ کا سامنا قدرتی جھیل سے ہوگا۔ یہ جھیل سطح سمندر سے 7 ہزار 442 فٹ بلند ہے۔ یہاں چند لمحے سستانے کے بعد کیرن پہاڑ کا سفر شروع ہوتا ہے۔ یہ سفر بھی دو گھنٹے کی دوری پر محیط ہے۔ کیرن پہاڑ سطح سمندر سے 9 ہزار فٹ بلند ہے۔ اس وادی کا سب سے بڑا پہاڑ بھیڈوری کا پہاڑ ہے، جو سطح سمندر سے 12 ہزار 228 فٹ بلند ہے۔ اس سفر کے دوران انسان تھکان سے ہلکان ہوجاتا ہے۔ لیکن کیرن پہاڑ پر پہنچتے ہی تمام پریشانیاں ہوا ہوجاتی ہیں۔کیرن پہاڑ کے دامن میں پانی کا ایک خوبصورت چشمہ بھی موجود ہے، جس پر نہانے سے جلدی امراض کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ پانی کے اس چشمے کا راستہ انتہائی پرخطر ہے، جس تک پہنچنا جان جوکھوں کا کام ہے۔ کیرن پہاڑ کی دوسری جانب بھیڈی اور مقبوضہ کشمیر ہے۔ جبکہ اس پہاڑ کے دامن ہی میں پتھرا چراگاہ ہے۔ جس کا جنگل قیمتی جڑی بوٹیوں اور مہنگے درختوں پر مشتمل ہے۔ اسی طرح ڈنہ، حاجی پیر کے پہاڑ اور درہ کی چراہ گاہ بھی اس پہاڑ کے شمال مغربی دامن میں واقع ہے۔وادی کنول کی تفریح کے دوران احتیاطی تدابیر بھی لازمی ہیں۔راولاکوٹ سے فاروڈ کہوٹہ، یا باغ سے فاروڈ کہوٹہ جاتے ہوئے آپ اپنا بیس کیمپ شہر ہی میں بنائیں، کیوں کہ وادی میں رہائش کےلیے کوئی ہوٹل دستیاب نہیں ہے۔ فاروڈ کہوٹہ سے جیپ کے ذریعے سفر کریں، کیوں کہ دیگر گاڑیاں صرف جبی سیداں تک ہی معاون ہوسکتی ہیں۔ سولی شہر سے کھانے پینے کی اشیا ہمراہ لے لیں، راستے میں آپ کو معیاری اشیا دستیاب نہیں ہوں گی۔ وادی کے سفر کے دوران جوتوں کے انتخاب میں احتیاط کریں، کیوں کہ پیدل ٹریک چھوٹے چھوٹے پتھروں پر مشتمل ہے، جن پر پھسلنے کے خطرات رہتے ہیں۔ گرم کپڑے، چھتری یا چادر ساتھ رکھیں، کیوں کہ وادی میں موسم کسی بھی وقت بدل سکتا ہے۔ اپنا سامان مختصر رکھیں، تاکہ آپ کو سفر کے دوران دشواری نہ ہو۔اگر آپ نے وادی کے حسن سے پوری طرح لطف اٹھانا ہے تو جھیل پر کیمپ لگائیں اور دو روز تک اس وادی میں قیام کریں۔ اپنے سامان کےلیے مقامی افراد کی مدد سے گھوڑوں اور خچروں کو استعمال کریں۔ سڑک سے وادی تک ایک خچر 3 سے 5 سو تک باآسانی مل جاتا ہے۔نیلے نیلے پھولوں اور چاروں جانب پھیلے سبزے، ٹھنڈے میٹھے پانیوں پر مشتمل اس وادی میں طلوع آفتاب اور غروب کا منظر انتہائی محسورکن ہوتا ہے۔ وادی نیلفری ایک چراگاہ ہے، جہاں مختلف علاقوں سے لوگ اپنے مویشیوں کو کھلا چھوڑ دیتے ہیں۔ رات گئے جب مویشی اپنے ٹھکانوں پر لوٹتے ہیں یا علی الصبح وادی میں جاتے ہیں، یہ منظر دنیا میں کہیں نہیں ملتا۔ بھانت بھانت کی آوازیں اور جانوروں کی آنکھوں میں امید ویاس کا پیغام مایوسی کے شکار حضرت انسان کو جینے کا ہنر دیتا ہے۔سیاح اگر قدرتی ماحول سے لطف اٹھانے چاہتے ہیں تو کم از کم دو روز تک وادی میں ضرور قیام کریں۔ موسم گرما میں اگر آپ تفریح کےلیے جانا چاہتے ہیں تو نیلفری یا وادی کنول میں ضرور جائیں۔ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ وادی میں سہولیات نہ ہونے کے باوجود روزانہ ہزاروں افراد یہاں تفریح کےلیے جاتے ہیں جو کہ اس وادی کے حسن کےلیے مہر تصدیق ثبت کرتی ہے۔

آج سے سی این جی مہنگی ،نوٹیفکیشن جاری

لاہور (خبر نگار) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم جولائی سے سی این جی مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، اتوار کواوگراکی جانب سے سی این جی مہنگی ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق سی این جی سیکٹر کے لیے گیس کی قیمت 980 روپے سے بڑھ کر 1283 روپے فی ایم ایم بی ٹی مقرر کردی گئی۔نوٹی فکیشن کے مطابق گیس کی قیمتیں بڑھنے سے 19 روپے فی کلو گرام اضافہ ہوگا اور سیلز ٹیکس فارمولے شامل کرکے سی این جی کی قیمتوں پر مجموعی اضافہ 22 روپے فی کلو گرام کیا گیا۔ اوگرا نے یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔گیس قیمتوں میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی گئی۔ نوٹیفکیشن کےمطابق گھریلو صارفین کےلئے گیس بلوں پر ون سلیب بینیفٹ کی منظوری دیدی گئی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ماہانہ 50مکعب میٹر گیس استعمال پر گھریلو صارفین کےلئے گیس کی قیمت 121روپے دی فی مکعب میٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ماہانہ سو مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کےلئے گیس کی قیمت میں 66فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ماہانہ 200مکعب میٹر گیس استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کےلئے فی مکعب میٹر گیس کی قیمت میں 61.7فیصد اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ماہانہ 300مکعب میٹر گیس استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کےلئے گیس کی فی مکعب میٹر قیمت میں 123.63فیصد اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کہاگیاکہ ماہانہ 400مکعب میٹر گیس کے استعمال پر گھریلو صارفین کےلئے فی مکعب میٹرگیس 6.4فیصد مہنگی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ چار سو مکعب میٹر سے زائد گیس استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کےلئے گیس کی قیمت 1460روپے فی یونٹ پر برقرار رکھی گئی ہے۔ اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، ماہانہ 50یونٹ والے صارفین کواضافے سے مستثنی قرار دے دیا گیا ،قیمتوں میں اضافے کااطلاق(آج) یکم جولائی سے ہوگا۔جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ والوں کے گیس کی قیمت 127 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو،200 یونٹ والے صارفین کے لئے گیس کی قیمت 264 روپے سے بڑھا کر 530 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ 400یونٹ سے زائد والے صارفین گیس کی قیمت 1460روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ادا کریں گے بڑھائی گئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ واضح رہے کہ گیس کا کم سےکم بل 172روپے 58پیسہ ماہانہ بھجوایا جائے گا۔

مڈ ٹرم الیکشن کا مطالبہ کرنا ذہنی بیماری کی علامت : فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کوئی ذہنی ہیجان اور بیماری والا شخص ہی مڈ ٹرم کی بات کرسکتا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف کی طرف سے مڈٹرم الیکشن کے مطالبے کے حوالے سے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ شہبازشریف کے حکومت اور اپوزیشن کے لیے الگ الگ معیار ہیں، شہباز شریف کو سمجھ نہیں آ رہی کہ مریم صفدر کے پارٹی پر قبضہ کرنے کے بعد وہ کیا بیانیہ لیں اور کیا منجن بیچیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی انتخابات ہوئے عمران خان ہی کلین سویپ کریں گے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف ایک پریشان اور بکھرے ہوئے شخص ہیں، ان کی اپنی جماعت کا شیرازہ بکھرنے کو ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اپوزیشن کی تمام تر سازشوں کے باوجود بجٹ منظور ہوا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کا پہلا عوامی اور فلاحی بجٹ پیش کیا ہے جو پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وڑن کا عکاس ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یہاں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل پارلیمان نے پہلے عوامی اور فلاحی بجٹ کی منظوری دی ہے جس میں اقتصادی اصلاحات کے اہداف کو بھی شامل کیا گیا ہے، بجٹ کی منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد کے لئے حکومت کی اقتصادی ٹیم اور تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈے کو اس بجٹ کا مرکزی نقطہ بنایا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے تحت ملکی پائیدار ترقی اور اداروں کا استحکام موجودہ حکومت کا بنیادی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وڑن کو آگے بڑھانے میں میڈیا اور تمام سٹیک ہولڈرز حکومت کا ساتھ دےں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں ملک کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو بجٹ حکمت عملی کا حصہ بنایا گیا ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی شکل دی جا رہی ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے اور یہ منی لانڈرنگ کے خاتمے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ قوم سے سچ بولا ہے۔ اپنے دور میں میں آئینی مدت پوری کرنے کی حمایت کرنے والے آج کس منہ سے مڈ ٹرم انتخابات کی بات کر رہے ہیں؟ یہ لوگ 10ماہ اقتدار کے بغیر نہیں گزار سکتے؟ اقتدار کے بغیر ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر۔ اب انہیں چار سال ایسے ہی تڑپنا ہوگا۔ اقتدار کی پچ پر لگاتار کھیلنے والوں کو سرکاری وسائل کے بغیر رہنے کی اب عادت ڈالنا ہوگی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اقتدار کی پچ پر لگاتار کھیلنے والوں کو اب سرکاری وسائل کے بغیر رہنے کی عادت ڈالنا ہوگی۔ یہ لوگ دس ماہ اقتدار کے بغیر نہیں گزار سکے، اقتدار کے بغیر ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر۔ اب انہیں مزید چار سال ایسے ہی تڑپنا ہوگا۔ اپنے دور میں میں آئینی مدت پوری کرنے کی حمایت کرنے والے آج کس منہ سے مڈ ٹرم انتخابات کی بات کر رہے ہیں؟ یہ لوگ 10ماہ اقتدار کے بغیر نہیں گزار سکتے؟ اقتدار کے بغیر ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر۔اب انہیں چار سال ایسے ہی تڑپنا ہوگا۔ ان کے حکومت اور اپوزیشن کے لیے الگ الگ معیار ہیں۔شہباز شریف کو سمجھ نہیں آ رہی کہ مریم صفدر کے پارٹی پر قبضہ کرنے کے بعد وہ کیا بیانیہ لیں اور کیا منجن بیچیں؟