پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ۔صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری کا ملکی سیاسی صورتحال پر تبصرہ۔

لاہور(ویب ڈیسک)مولانا فضل الرحمن ملک لوٹنے والوں کے لئے سہولت کار بن چکے۔ریاست مدینہ کا تصور احتساب کے بغیر ممکن نہیں۔رانا ثناءاور فضل الرحمن جیسے لوگ قوموں کے زوال کا سبب بنتے ہیں۔ملکی ترقی کرپٹ عناصر کے کڑے احتساب سے مشروط ہے۔ملک لوٹنے والے مظلومیت کا ڈرامہ رچا کر بچ نہیں سکتے۔کرپشن کے خلاف جنگ میں پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔بدعنوانوں کی جگہ صرف اور صرف جیلیں ہیں۔صدر،وزیراعظم رہنے والے بھی حساب دینے کو تیار نہیں۔پاکستان کا 70سالہ سفر کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے رائیگاں گیا۔عمران خان کی قیادت میں ملک کا ماحول بدل چکا۔بدعنوانوں کی صفوں میں تھرتھلی مچی ہوئی ہے۔

طیارے سے آسمانی بجلی ٹکرا جانے کی صورت میں کیا ہوتا ہے؟

واشنگٹن (ویب ڈیسک)فضائی سفر کرنے والے افراد اکثر اوقات دوران سفر جھٹکوں کا سامنا تو کرتے رہتے ہیں، تاہم بہت کم افراد جانتے ہیں کہ ان میں کچھ طیارے کے آسمانی بجلی سے ٹکرانے کے باعث بھی ہوتے ہیں۔کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر آسمانی بجلی طیارے سے ٹکرا جائے تو در حقیقت ہوتا کیا ہے؟آسمانی بجلی کے طیارے سے ٹکرانے کے دوران آپ ایک زور دار آواز سنتے ہیں، کھڑکی کے باہر سے ایک بجلی کا جھماکہ بھی دکھائی دیتا ہے اور بعض اوقات طیارے کی لائٹس بھی جلتی بجھتی دکھائی دیں گی، تاہم یہ ایک معمول کی بات ہے۔امریکا کے کمرشل فلیٹ میں موجود ہر طیارہ سال میں کم از کم ایک بار ضرور اس صورتحال کا شکار ہوتا ہے، یعنی صرف امریکا میں ہر سال آسمانی بجلی کے طیارے سے ٹکرانے کے 7 ہزار واقعات ہوتے ہیں۔جب آسمانی بجلی طیارے سے ٹکراتی ہے تو بجلی جہاز کی نوک سے ٹکرا کر اندر جاتی ہے اور طیارے کی دم سے باہر نکلتی ہے، یعنی یہ پورے جہاز سے گزرتی ہے۔ بجلی کی ایک برق سورج کی سطح سے 5 گنا زیادہ گرم ہوتی ہے اور اس کی گرماہٹ طیارے کو خاصا نقصان پہنچا سکتی ہے۔تاہم اس وجہ سے طیاروں کو کم ہی حادثات پیش آتے ہیں اور آسمانی بجلی ٹکرانے سے طیارہ گرنے کا آخری واقعہ سنہ 1963 میں پیش آیا تھا۔آج کل بنائے جانے والے طیاروں میں آسمانی بجلی سے ٹکراﺅ کے خدشے کو خاص طور پر مدنظر رکھا جاتا ہے اور ہر طیارے کو ہر ٹیک آف سے قبل اچھی طرح ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔آج کل بنائے گئے طیاروں کی تعمیر کے وقت طیارے کی بیرونی سطح کو ایلومینیئم کی تہہ سے ڈھانپا جاتا ہے۔ یہ تہہ آسمانی بجلی کو گزرنے کا راستہ دے دیتی ہے اور طیارے کے اندر موجود حساس آلات محفوظ رہتے ہیں۔ البتہ طیارے کی نوک کو اس تہہ سے نہیں ڈھانپا جاتا۔اس حصے میں دراصل طیارے کی ریڈار ٹیکنالوجی موجود ہوتی ہے جو کسی تہہ سے ڈھانپنے کی صورت میں کام نہیں کرتی۔ چنانچہ نوک کے گرد دھاتی پٹیاں لگا دی جاتی ہیں جو آسمانی بجلی کا رخ موڑ کر اسے ریڈار سے دور رکھتی ہیں۔آسمانی بجلی سے ایک اور خطرہ فیول ٹینک کو ہوسکتا ہے جو بجلی کی ایک ہی میں لہر سے بھڑک کر پھٹ سکتے ہیں چنانہ ان کے گرد ایلومینیئم کی اضافی موٹی تہہ بنائی جاتی ہے تاکہ یہ جلنے سے محفوظ رہیں۔ماہرین کے مطابق طیارے کو آسمانی بجلی سے خطرہ نہیں ہوتا، ایسے وقت میں طیارے کو خطرہ آسمانی بجلی سے پیدا ہونے والے جھٹکوں، تیز ہوا اور طوفان سے ہوتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی نوبل انعام کے لیے نامزدگی قوائد کے مطابق قرار

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان کی نوبل انعام کے لیے نامزدگی قوائد کے مطابق قرار دے دی گئی۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوانے کے فیصلے نے لوگوں کو اتنا زیادہ متاثر کیا کہ دنیا بھر سے انہیں نوبل انعام دینے کیلئے آوازیں اٹھ نے لگیں اور رواں سال مارچ میں قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کو نوبل انعام دینے کہ قرارداد جمع کروائی تھی۔قرارداد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی تھی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے دانشمندانہ کردار ادا کیا،بھارت کے جنگی جنون سے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ تھا۔عمران خان نے مہارت کے ساتھ اس صورتحال کو امن کی جانب موڑا اس لیے انہیں امن کا نوبل انعام دیا جانا چاہیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی نوبل انعام کے لیے نامزدگی قوائد کے مطابق قرار دے دی گئی ہے۔ نوبیل فاو¿نڈیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق نوبیل کمیٹی کے ارکان امن کا نوبیل انعام دینے کا فیصلہ اس وقت کیا جاتا ہے جب ان کو کسی ملک کی پارلیمان، بین الاقوامی عدالت برائے انصاف، یونیورسٹی کے پروفیسر، خارجہ پالیسی کے ادارے، سابق نوبیل انعام یافتگان کی جانب سے کسی کی نامزدگی ملے اور اس لحاظ سے پاکستانی پارلیمانی سیکریٹیریٹ کی جانب سے عمران خان کی نامزدگی قواعد کے مطابق ہے۔لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ تکنیکی طور پر 2019 کے امن کے انعام کے اہل بھی ہیں۔ خیال رہے کہ نوبیل امن انعام کا آغاز 1901 میں ہوا اور پہلا انعام ریڈ کراس کے بانی ڑاں ہنری دوناں کو ملا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک یہ انعام مدر ٹریسا، نیلسن منڈیلا، یاسر عرفات، آن سانگ سوچی، براک اوباما، وغیرہ کو مل چکا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والی پاکستان خاتون ملالہ یوسفزئی بھی یہ انعام حاصل کر چکی ہیں۔

گووندہ نے ہالی ووڈ فلم ’اویٹار‘ ٹھکرانے کی وجہ بتا دی

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندہ نے مشہور ہالی ووڈ ایکشن فلم ’ اویٹار‘ کو ٹھکرانے کی وجہ بتا دی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گووندہ نے حال ہی میں ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے ہالی ووڈ کی 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اویٹار‘ سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ معروف ہدایتکار جیمز کیمرون کی جانب سے مجھے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی یہ وہ فلم تھی جوکہ دنیا بھر میں غیرمعمولی طور پر

مقبول ہوئی اور بزنس کے کئی ریکارڈ قائم کئے تھے۔گووندہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میں ہی وہ شخص ہوں جس نے اس فلم کا نام ’اویٹار‘ تجویز کیا تھا اور اس دوران میں نے جیمز کیمرون سے کہا تھا کہ آپ کی یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ترین فلم رہے گی اور ساتھ ہی میں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس فلم کو مکمل ہونے میں کم از کم سات سے آٹھ سال درکار ہوں گے جس پر کیمرون نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔اداکار نے فلم میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ فلم کا

اسکرپٹ اچھا تھا لیکن میں نے جیمز کیمرون کو کہا کہ آپ مجھے اس فلم میں معذور اداکار کا مرکزی کردار ادا کرنے کو کہہ رہے ہیں۔ اور آپ چاہتے ہیں کہ میں 410 دن کی شوٹنگ کے دوران میں جسم کو رنگین رکھوں تو میں نے معذرت کرلی اور فلم سے انکار کردیا۔اداکار نے یہ بھی کہا کہ میرے انکار کے بعد فلم میں دوسرے اداکار کو کاسٹ کیا گیا لیکن فلم کے حوالے سے کی گئی میری پیشگوئی بلکل صحیح ثابت ہوئی۔ فلم آٹھ سے نو سال بعد ریلیز کی گئی جوکہ سپر ہٹ رہی۔

ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، ایک شہری جاں بحق

لیپہ (ویب ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے ایک شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 9 افراد شدید زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے ایل او سی کے لیپہ، جورا، ڈنہ، شاردا اور شاہ کوٹ سیکٹرز میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ بھارتی فوج کی شیلنگ سے 26 سالہ نعمان احمد جاں بحق ہو گیا۔علاوہ ازیں بھارتی شیلنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد شدید زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فورسز کی شیلنگ کا بھرپور جواب دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایل او سی پر بھارتی فورسز کی جارحیت سے ایک خاتون جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔واقعہ کشمیر کے ضلع حویلی میں خورشید آباد اور نیزا پیر سیکٹر میں رات گئے پیش آیا تاہم سرکاری سطح پر اطلاعات آج صبح بتائی گئیں۔بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے 3 بجکر 45 منٹ پر نیزا پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جبکہ خورشید آباد سیکٹر میں بھی بلااشتعال فائرنگ کا آغاز 6 بجے شروع ہوا تھا۔

ایک ہفتے میں 4 بینک لوٹنے والی ‘ڈاکو رانی’ گرفتار

ایسٹ کوسٹ(ویب ڈیسک)امریکا کے ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی )نے 8 دن میں چار بینک لوٹنے والی ڈاکو رانی ‘پنک لیڈی’ کو گرفتار کر لیا۔35 سالہ سرس بائز نامی خاتون پر الزام ہے کہ وہ 20 جولائی کے بعد سے ایسٹ کوسٹ کے علاقے میں اب تک 4 بینک لوٹ چکی ہے۔مذکورہ خاتون اپنی دو وارداتوں میں ‘گلابی (پنک)’ رنگ کا بیگ تھامے نظر آئی جس کی وجہ سےنارتھ کیرولائنا میں ایف بی آئی حکام نے اسےڈاکو رانی پنک لیڈی ‘کا نام دیا۔ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنی تمام ہی وارداتوں میں بینک اہلکار کو رقم کے مطالبہ کا ایک پرچہ دکھایا۔ایف بی آئی حکام کے مطابق خاتون کا ایک ساتھی بھی گرفتار کیا گیا ہے جس کی شناخت 38 سالہ ایلکس مورالز کے نام سے ہوئی۔

حسن علی کا دل بھی بھارتی حسینہ پر آگیا،کھلاڑی نے کیا وضاحت کی؟

لاہور(ویب ڈیسک)قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باﺅلر حسن علی نے اپنی شادی کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی ان کی شادی کے بارے میں کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ذرائع ابلاغ میں حسن علی شادی کے حوالے سے خبریں زیر گردش ہیں کہ وہ بھارتی ریاست ہریانہ کی رہائشی شامیہ آرزو سے شادی کرنے والے ہیں اور 20 جولائی کو دونوں کی شادی ہو گی۔تاہم حسن علی نے اپنی شادی کے حوالے سے خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے اپنی شادی کی تردید تو نہیں کی تاہم ان کا کہنا ہے کہ ابھی شادی کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ابھی میری شادی طے نہیں ہوئی، ہمارے خاندانوں کو ابھی ملنا ہے اور وہ اس بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے جس کے بعد ہم اعلان کردیں گے۔شامیہ آرزو نے مانو رچنا یونیورسٹی سے ایرو ناٹکس کی ڈگری حاصل کی اور اس وقت ایمرٹس ایئرلائن میں بطور فلائٹ انجینئر کام کر رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق ان دونوں کی ملاقات فلائٹ میں ہی ہوئی اور ان دونوں میں ایک سال سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

کوئٹہ بم دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، 25 زخمی

کوئٹہ (ویب ڈیسک)شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، دھماکہ باچا خان چوک میں سٹی تھانے کے قریب ہوا۔ بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ دھماکے سے لرز اٹھا، دھماکہ میزان چوک میں سٹی تھانے کے قریب ہوا، متعدد افراد زخمی، جانی نقصان ہونے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے مشہور میزان چوک میں سٹی تھانے کے قریب ہوا ہے۔دھماکے کے نتیجے میں کئی گاڑیوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ دھماکے کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئی ہیں۔ دھماکے کے باعث جانی نقصان ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچنا شروع کر دیا ہے۔ جبکہ سیکورٹی فورسز نے فوری حرکت میں آتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ایک بم دھماکہ تھا۔ جبکہ واقعے کے بعد کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات کیلئے 500 سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد

لاہور(ویب ڈیسک)بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے 500 بھارتی سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق آج صبح 500 بھارتی سکھ یاتریوں پر مشتمل خصوصی وفد واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچا۔سکھ یاتری بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں حصہ لیں گے جن کا آغاز یکم اگست سے ہورہا ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نئی دہلی میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن نے 26 جولائی کو سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے تھے۔بیان کے مطابق ’ پاکستان کے لیے اعزاز ہے کہ بھارتی سکھ یاتریوں کی جانب سے بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات کا آغاز ننکانہ صاحب سے ہورہا ہے‘۔دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کرتارپور راہداری کھولنے کے ساتھ ساتھ بابا گرونانک کے جنم دن کو یادگار اور تاریخی بنانے کےلیے اقدامات کررہی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ’ حکومت پاکستان مذہبی مقامات پر دوروں اور پاکستان اور بھارت کے عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی پالیسی پر بھی یقین رکھتی ہے‘۔گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے ننکانہ صاحب اور کرتارپور کی اہمیت کے بارے میں اندازہ نہیں تھا تاہم ہم نے انہیں سہولیات فراہم کرنے کا آغاز کردیا ہے اور گرونانک کی 550 ویں سالگرہ پر پوری سکھ برادری کو سہولیات فراہم کریں گے۔