اسلام آباد (این این آئی) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ (ن ) لیگ والے کہتے ہیں ہمارے پاس اور بہت ساری ویڈیوز ہیں، (ن) لیگ والے بلیک میل کر رہے ہیں۔ کیا (ن )لیگ نے بلیک میلنگ کےلئے ایسی ویڈیوز بنا رکھی ہیں؟ اگر مریم نواز نے ویڈیو عدالت میں پیش کی تو خود ان پر فرد جرم عائد ہو جائےگا۔ (ن) لیگ کی ذمہ داری ہے اصلی ویڈیو عدالت میں پیش کرے، بطور قیدی نواز شریف سے ہمدردی ہے لیکن قانون پر عمل ہونا چاہیے، ایک ویڈیو سے جج کے تمام فیصلے ختم نہیں ہوسکتے۔ ایک انٹرویو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت نے کہا اصلی ویڈیو پیش کی جائے تو اس کا فورنزک ہوسکتا ہے، (ن) لیگ نے تو ویڈیو عدالت میں پیش ہی نہیں کی، اگر مریم نواز نے ویڈیو پیش کی تو خود ان پر فرد جرم عائد ہو جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی ذمہ داری ہے اصلی ویڈیو عدالت میں پیش کرے، ویڈیو بنانے والے کو بھی پیش کرنا (ن )لیگ کی ذمہ داری ہے، ان کے پاس بغیر ایڈٹ شدہ ویڈیو ہے تو بھاگ کر عدالت جانا چاہیے تھا، ویڈیو کاٹ کر پیش کی گئی، یہ تو خود اندر ہو جائیں گے۔پی پی رہنما نے کہا کہ ویڈیو کو 2 ماہ ہوگئے اب تک (ن) لیگ والے کچھ ثابت نہیں کرسکے، (ن) لیگ کی قیادت نے نواز شریف کے ساتھ اچھا نہیں کیا، خواجہ حارث ان کے ساتھ بیٹھے ہوتے تو وہ انہیں ایسا نہ کرنے دیتے، بطور قیدی نوازشریف سے ہمدردی ہے لیکن قانون پر عمل ہونا چاہیے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ (ن )لیگ نے جسٹس قیوم کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا تھا، سیف الرحمان، جسٹس راشد عزیز مرحوم کی آڈیو ٹیپس بھی چلی تھیں، جج کی پرانی ویڈیو عدالت میں ثابت ہو جائے تو حدود کا کیس بن سکتا ہے، ایک ویڈیو سے جج کے تمام فیصلے ختم نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کو ثابت کرنا ہوگا شکار کو پھندے میں لانے کی کوشش نہیں کی۔ (ن) لیگ نے ویڈیو مہیا نہیں کی تو معاملہ ہائی کورٹ میں نہیں آئے گا، عدالت میں معاملہ جب جائے گا جب یہ ویڈیو اور حلفیہ بیان دیں گے۔پی پی رہنما نے کشمیر کی موجودہ صورت حال پر بھی تبصرہ کیا، انہوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں 90 لاکھ کشمیریوں کو قید کر دیا ہے، بھارتی فوج قبضہ گیر بن چکی ہے۔ عالمی عدالت میں ہم شاید یہ معاملہ نہ اٹھاسکیں لیکن جرائم کے خلاف عالمی عدالت موجود ہے، جرائم کےخلاف عالمی عدالت میں بوسنیا کے قاتل میلا سووچ کا مقدمہ بھی چلا۔
